• Sun, 26 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

محمدرفیع کے۱۰۰؍ویں یومِ پیدائش پر متعدد تقاریب کا انعقاد

Updated: December 25, 2024, 2:13 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ان کےشیدائیوں نے باندرہ مغرب میں واقع پدم شری محمد رفیع چوک پر خراج عقیدت پیش کیا۔ جوہو قبرستان میں ان کی قبرپر بھی چاہنےوالوں نے حاضری دی، رہائش گاہ پر بھی مداحوںکی بھیڑ رہی۔

Crowds of admirers at the museum of Muhammad Rafi`s residence `Rafi Mansion` in Bandra. Photo: PTI
باندرہ میں محمد رفیع کی رہائش گاہ ’رفیع مینشن ‘ کے میوزیم میں ان کے مداحوں کی بھیڑ۔ تصویر: پی ٹی آئی

عالمی شہرت یافتہ عظیم گلوکار محمد رفیع کے ۱۰۰؍ویں یومِ ولادت پرشہرومضافات میں موسیقی کے علاوہ ان کی یاد میں متعدد مقامات پر پروگراموں کا انعقادکیاگیا۔ ان کےشیدائیوں نے باندرہ مغرب میں واقع پدم شری محمد رفیع چوک پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ جوہو قبرستان میں ان کی قبرپر بھی ان کے چاہنےوالوں نے حاضری دی۔ علاوہ ازیں ان کی رہائش گاہ پر بھی ان کےمداحوں کی بھیڑ رہی۔ 
سائن کولی واڑہ کی نوشاد سنگیت سمیتی کے روح رواں اور محمدرفیع کے شیدائی کا کاجے پی نے ’ انقلاب‘ کو بتایا کہ’’ رفیع صاحب کی ۱۰۰؍ویں سالگرہ پر ہم نےمنگل کو ان کے گائے ہوئے نغموں کے خاص پروگرام کا انعقاد کیا۔ علاوہ ازیں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ رفیع صاحب کے یوم ِ ولادت ۲۴؍ دسمبر کی مناسبت سے ہر مہینے کی ۲۴؍تاریخ کو ہم ’محمد رفیع دیوس‘ کا اہتمام کریں گے۔ اس دن رفیع صاحب کے گائے ہوئے گانوں سےسامعین کو محظوظ کیاجائے گا۔ ‘‘انہوں  نے مزید بتایا، ’’ اسی طرح ہر مہینے کی ۱۴؍اور ۲۸؍ تاریخ کو فلم اداکارہ مدھوبالا اور گلوکارہ لتامنگیشکر کی یاد میں موسیقی کا پروگرام منعقدکیا جائے گا۔ یہ مہم میری زندگی تک جاری رہے گی۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ ۲۵؍دسمبر کو رفیع صاحب کے تعلق سے شانمکھانند ہال میں ایک خاص پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں معروف فلم اداکار راج کپور کیلئے محمد رفیع کےگائے نغمے پیش کئے جائیں گے۔ ‘‘ اسی طرح محمد رفیع صاحب کے مداح راج پورکر نے اس موقع پر ایک خاص میوزیکل پروگرام کا انعقاد کیا۔ محمد رفیع صاحب کے یوم ِ پیدائش ۲۴؍ دسمبر کی مناسبت سے انہوں نے بدلاپور کے بھوج ریسورٹ میں ۲۴؍گھنٹے پر مشتمل لائیو میوزیکل پروگرام کا انعقاد کیا۔ پیر۲۳؍ دسمبرکی دوپہر ایک بجے شروع ہونے والا پروگرام منگل ۲۴؍دسمبر دوپہر ایک بجے تک جاری رہاجس میں محمد رفیع کے یادگار اور صدابہار نغمے پیش کئے گئے۔ 
 محمد رفیع کےفین جی ایم انصاری جو گزشتہ ۲۲؍ سال سے پدم شری محمد رفیع چوک، لکی ہوٹل کے قریب، باندرہ مغرب میں رفیع صاحب کی یاد میں تہنیتی پروگرام منعقد کرتے ہیں، ان کی جانب سے شاندار میوزیکل پروگرام کا انعقا دکیاگیا جس میں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنےوالی متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی اور پر وگرام کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر ۲۸؍ویں روڈ، نزد گرونانک گارڈن، باندرہ پر محمد رفیع کی رہائش گاہ ’رفیع مینشن‘ پر ان کے مداحوں کا تانتا بندھارہا۔ سانتاکروز کے جوہو قبرستان میں سیکڑوں شیدائیوں نے ان کی قبر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ 

 اپنے والد محمد رفیع کی  یادگاروں کے ساتھ  شاہد رفیع۔ ( تصویر : پی ٹی آئی) 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK