عثمان آباد :کھیتوں کو پانی دینے کے معاملے دو گروہوں کے درمیان جان لیوا تصادم ، ۴؍ افراد کی موت، ۱۰؍ گرفتار۔
EPAPER
Updated: January 07, 2025, 4:33 PM IST | Agency | Osmanabad
عثمان آباد :کھیتوں کو پانی دینے کے معاملے دو گروہوں کے درمیان جان لیوا تصادم ، ۴؍ افراد کی موت، ۱۰؍ گرفتار۔
یہاں عثمان آباد ضلع کے واشی تعلقے میں ایک ہولناک تصادم سامنے آیا ہے جس میں ۴؍ لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ متعددافراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ حالانکہ یہ جھگڑا صرف کھیتوں کو پانی دینے کے معاملے میں شروع ہو ا تھا۔ پولیس نے ۱۰؍ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
کھیتوں میں پانی دینےپر تنازع
اطلاع کے مطابق عثمان آباد ضلع میں واقع واشی تعلقے کے باوی پیڑی گائوں میں پاردھی سماج کے کچھ خاندان آباد ہیں۔ ان میں ۲؍ خاندانوں کے درمیان کھیتوں کو پانی دینے کے تعلق سے اکثر تنازع رہتا ہے۔ دونوں خاندانوں میں کئی بار جھگڑا بھی ہوچکا ہے۔ مگر اتوار اور پیر کی درمیانی شب یہاں ہولناک منظر دیکھنے کو ملا جب دونوں ہی گھر کے لوگ بیک وقت اپنے اپنے کھیت میں پانی دینے پہنچے اور ان کے درمیان تکرار شروع ہو گئی۔ کون پہلے پانی دے گا اور کون انتظار کرے گا اس حجت نے توتو میں میں کی شکل اختیار کر لی اور بہت جلد بات ہاتھ پائی تک پہنچ گئی۔ حتیٰ کہ دونوں نے ایک دوسرے پر جان لیوا حملہ کر دیا جس میں ۵؍ لوگ بری طرح زخمی ہوگئے۔ ان لوگوں کو اسپتال پہنچایا گیا لیکن ان میں سے ۴؍ کی موت ہو گئی۔ مہلوکین میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ان کے علاوہ زخمیوں کی صحیح تعداد نہیں معلوم ہوسکی لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مارپیٹ کے درمیان متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کافی پرانا تنازع تھا
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور اس نے حالات کا جائزہ لیا۔ مارپیٹ میں شامل۱۰؍ لوگوں کو حراست میں لیا۔ پولیس کو بتایا گیا کہ دونوں خاندانوں کے درمیان کافی پرانا تنازع تھا حالانکہ ان میں آپس میں رشتہ داری تھی۔ کھیت میں موجود کنویں سے اپنی فصل کو پہلے کون پانی دے گا اس تعلق سے آئے دن ان میں تنازع ہوتا رہتا تھا۔ موقع پر بڑی تعداد میں خواتین بھی موجود تھیں جنہوں نے اس مارپیٹ میں حصہ لیا۔ بیچ بچائوکی کوئی بھی کوشش کارگرثابت نہیں ہوئی۔ دونوں گروہ ایک دوسرے سے آر یا پار کی لڑائی کے ارادے سے ہی غالباً موقع پر اکٹھا ہوئے تھے۔
پولیس کی کارروائی
یر مالا پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس گرفتار کئے گئے لوگوں سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ اطلاع کے مطابق مہلوکین کے نام اپا کالے، سنیل کالے اور ویجناتھ کالے ہیں۔ جبکہ ایک خاتون بھی ہلاک ہوئی ہے جس کا نام ابھی معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ ہلاک ہونے والے ۳؍ مردوں میں سے ۲؍ ایک گروہ کے تھے تو ایک سامنے والے گروپ کا ۔ خاتون کی تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے گائوں میں اہلکاروں کو تعینات کر دیا ہے۔
پولیس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ کیا واقعی کھیتوں کو پانی دینے پر اچانک تنازع ہوا تھا جس نے اتنا خطرناک رنگ اختیار کر لیا یا پھر دونوں میں سے کوئی گروہ پہلے سے لڑائی کی تیاری کرکے وہاں پہنچا تھا؟ مقامی افراد سے بھی اس تعلق سے معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔ چونکہ واقعہ آدھی رات کو پیش آیا اس لئے بہت کم لوگ اس معاملے میں کچھ جانتے ہیں۔ فی الحال جانچ جاری ہے۔