یوم جمہوریہ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کاخطاب ، ملک کے دستور کو حکومت کا بنیادی دستاویز قرار دیا،کہا کہ اس ملک کو جمہوریت بنانے اور برقرار رکھنے میں ہزاروں لوگوں نے قربانی دی ہے جو رائیگاں نہیں گئی
EPAPER
Updated: January 26, 2025, 10:46 AM IST | New Delhi
یوم جمہوریہ پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کاخطاب ، ملک کے دستور کو حکومت کا بنیادی دستاویز قرار دیا،کہا کہ اس ملک کو جمہوریت بنانے اور برقرار رکھنے میں ہزاروں لوگوں نے قربانی دی ہے جو رائیگاں نہیں گئی
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ملک کے ۷۶؍ ویںیوم جمہوریہ کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کئی اہم باتوں کی طرح توجہ دلائی اور پورے ملک کو آئین کے نفاذ کے ۷۵؍ سال مکمل ہونے پر گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ دستور ہند ملک کو عالمی قیادت کی بنیاد فراہم کر رہا ہے ۔ یہ ایسا بنیادی دستاویز ہے جس پر عمل کرکے ہماری حکومتیں عالمی قیادت کی اہل ہو گئی ہیں۔ ہمیں اس دستور کے نفاذ کا جشن پورے جوش و خروش اور پوری ایمانداری سے منانا چاہئے۔
صدر مرمو نے ۷۵؍برسوں کی مدت کو ہندوستان کی روح کی نشاۃ ثانیہ کا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ہمہ جہت ترقی اور عالمی سطح پر ہندوستان کی قائدانہ پوزیشن اسی آئین کی مرہون منت ہے۔ہم اگر قیادت کی پوزیشن میں آگئے ہیں تو یہ ہمارے آئینی فریم ورک کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی موقع پر آپ سب سے خطاب کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ آج سے ۷۵؍برس قبل ۲۶؍ جنوری کوہی جمہوریہ ٔ ہندوستان کی بنیادی کتاب یعنی ہندوستان کا آئین نافذ ہواتھا۔تقریباً تین سال کے غور و فکر کے بعدآئین ساز اسمبلی نے ۲۶؍ نومبر۱۹۴۹ء کو آئین کو اپنایا تھا اور ۲۶؍ جنوری ۱۹۵۰ء سے اسے نافذ کیا تھا ۔
صدر جمہوریہ مرمو کے مطابق ملک کے جمہوریت بننے کا جشن تمام ہم وطنوں کے لئے اجتماعی خوشی اور فخر کا باعث ہے ۔ یہ کہا جا سکتا ہے کہ کسی قوم کی تاریخ میں ۷۵؍سال کا عرصہ پلک جھپکنے کے مترادف ہے لیکن میرے خیال میں ہندوستان کے گزشتہ ۷۵؍برسوں کے تناظر میں ایسا ہر گز نہیں کہا جا سکتا۔ یہ وہ دور ہے جس میں ہندوستان کی روح جو ایک طویل عرصے سے سوئی ہوئی تھی دوبارہ بیدار ہوئی اور ہمارا ملک عالمی برادری میں اپنا صحیح مقام حاصل کرنے کیلئے آگے بڑھا۔ ہندوستان، جو دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے، علم و حکمت کا ماخذ سمجھا جاتا تھا، لیکن ہندوستان کو ایک تاریک دور سے گزرنا پڑا۔ نوآبادیاتی دور میں غیر انسانی استحصال کی وجہ سے ملک میںغربت پھیل گئی لیکن اب ہم نے ان مسائل کو حل کرتے ہوئے نیا ہندوستان بنانے کی شروع کردی ہے۔
صدر مرمو نے مزید کہا کہ آج کے دن، سب سے پہلے ہم ان بہادروں کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کو غیر ملکی حکمرانی کی بیڑیوں سے آزاد کرانے کیلئے عظیم ترین قربانیاں دیں۔ یہ ملک کی خوش قسمتی تھی کہ مہاتما گاندھی، رابندر ناتھ ٹیگور اور بابا صاحب امبیڈکر جیسی عظیم ہستیوں نے ملک کی جمہوری اقدار کو زندہ کیا۔ انصاف آزادی، مساوات اور بھائی چارہ،صرف آئینی تصورات نہیں ہیں جن سے ہم جدید دور میں متعارف ہوئے ہیں بلکہ ،زندگی کی یہ قدریں ہمیشہ ہماری تہذیب و ثقافت کا حصہ رہی ہیں۔ سب سے قابل ذکر بات یہ ہے کہ ملک کے آئین کی تیاری میں متعدد غیر معمولی خواتین بھی شامل تھیں۔
صدر مرموکے مطابق ہمارا آئین ایک زندہ دستاویز ہے۔یہ بطور ہندوستانی ہماری اجتماعی شناخت کی بنیاد ہے، جو ہمیں ایک خاندان کی طرح متحد کرتا ہے۔ آئین کے نفاذ کے بعد سے یہ ۷۵؍ سال ہماری نوجوان جمہوریت کی ہمہ گیر ترقی کے گواہ ہیں۔ ہم نے ایسا سازگار ماحول پیدا کرنے کا عزم کیا جس میں ہر کسی کو ترقی کا موقع ملے۔ آج ہندوستانی معیشت، عالمی اقتصادی منظرنامے پر اثر انداز ہو رہی ہے۔