Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام حملہ: گھوڑے وقت پر نہ ملنے کے سبب کولہاپور کے ۲۸؍ سیاح بال با ل بچے

Updated: April 24, 2025, 6:19 PM IST | Kolhapur

پہلگام حملے کے وقت یہ لوگ صرف ڈیڑھ کلومیٹر دور تھے، گھوڑے نہ ملے تو کٹرا میں رکے رہے اور دہشت گردوں کے حملے سے بچ گئے۔

Tourists from Kolhapur who will soon return home. Photo: INN.
کولہاپور سے گئے سیاح جو جلد اپنے گھر لوٹ آئیں گے۔ تصویر: آئی این این۔

بعض اوقات بد نظمی انسان کے حق میں ہوتی ہے۔ کم از کم کولہاپور سے تعلق رکھنے والے ۲۸؍ سیاحوں کے ساتھ تو ایسا ہی ہوا جو سیر کیلئے کشمیر گئے تھے اور دہشت گردوں کی گولیوں کے نشانے پر آ سکتے تھے لیکن گھوڑے نہ ملنے کی وجہ سے ان کی جانیں بچ گئیں۔ 
 اطلاع کے مطابق کولہاپور سے انل کورنے اور ان کے ساتھی سنیل ٹورس اینڈ ٹراویلس کے ذریعے کشمیر کی سیر کیلئے گئے تھے۔ ان کا قیام پہلگام ہی میں تھا۔ لیکن ۲۸؍ لوگوں کا یہ گروہ اس وقت پہلگام سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر کٹرا کے مقام پر تھا جب دہشت گردوں نے فوجیوں کے لباس میں آکر سیاحوں پر فائرنگ شروع کی۔ دراصل یہ لوگ کٹرا کی سیر کیلئے گئے تھے۔ یہ ۲۸؍ لوگ بھی اس وقت اس جگہ ہوتے جہاں موت کا یہ کھیل کھیلا جا رہا تھا لیکن خیر سے ان لوگوں کو وہاں پہنچنے کیلئے گھوڑے نہیں مل سکے۔ دراصل انل کورنے اور ان کے ساتھی کٹرا کی سیر کے بعد گھوڑوں کے انتظار میں تھے کہ وہ آجائیں تو ان پر سوار ہو کر یہ لوگ پہلگام روانہ ہوں۔ اگر گھوڑے ان کے بتائے ہوئے وقت پر آ جاتے تو یہ تمام ۲۸؍ افراد گولی باری کے وقت پہلگام میں موجود ہوتے لیکن کسی وجہ سے گھوڑے تاخیر سے پہنچے جو ان لوگوں کو گراں گزرا لیکن جب گھوڑے آ گئے تو یہ سبھی ان پر سوار ہو کر پہلگام کی طرف روانہ ہوئے۔ راستے میں ایک ٹراویل بس آتی دکھائی دی۔ بس والے نے انہیں آتے دیکھا تو بس روک دی اور انہیں خبر دار کیا کہ وہ پہلگام نہ جائیں وہاں فائرنگ ہو رہی ہے۔ اس پر انہوں نے اپنا ارادہ ترک کر دیا۔ انل کورنے اور ان کے ساتھی اب ان گھوڑوں کا شکر ادا کر رہے ہیں جنہوں نے آنے میں تاخیر کی اور ان کی جان بچ گئی۔ یہ سبھی محفوظ ہیں  اور کولہاپور لوٹ رہے ہیں۔ 
این سی پی لیڈر صرف ۳؍ کلو میٹر دور تھے 
این سی پی ( اجیت) لیڈر سریش براجدار بھی ان خوش قسمت لوگوں میں سے ہیں جو پہلگام حملے میں بال بال بچے۔ حالانکہ وہ اس مقام سے کافی قریب تھے جہاں موت کو خونیں کھیل کھیلا گیا۔ سریش براجدار کا تعلق مہاراشٹر کے عثمان آباد ضلع سے ہے۔ وہ این سی پی کے ریاستی نائب صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ براجدار اپنے اہل خانہ کے ساتھ کشمیر پر گئے ہوئے تھے اور اس وادی سے ۳؍ کلومیٹر کی دوری پر تھے جہاں دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ براجدار اور ان کے اہل خانہ اپنے ہوٹل کے کمرے میں تھے اور پہلگام جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ اسی وقت انہیں اطلاع ملی کہ پہلگام میں دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ہے۔ انہوں نے فوراً اپنا ارادہ بدل دیا۔ اس طرح صرف ۳؍ کلومیٹر کی دوری پر موجود براجدار اور ان کے اہل خانہ بچ گئے۔ 
بلڈانہ کا ایک خوش قسمت خاندان 
بلڈانہ سے پارس جین، نلیش جین، رشبھ جین، شویتا جین اور انوشکا جین، ایک ہی خاندان کے یہ ۵؍ افراد پہلگام کے ایک ہوٹل میں مقیم تھے، وہ تیار ہو کر باہر نکل ہی رہے تھے کہ انہیں ہوٹل کے منیجر نے یہ کہہ کر روک دیا کہ باہر نہ جائیں باہر فائرنگ ہو رہی ہے۔ اس بے خبر مگر خوش قسمت خاندان کی جان بچ گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK