Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام حملہ: کشمیرکی سیاحت کو زبردست جھٹکا

Updated: April 24, 2025, 12:19 PM IST | Agency | New Delhi

حفاظتی وجوہات کی بناپر جموں کشمیر کے لئے تقریباً ۹۰؍ فیصد بُکنگ رد۔ کچھ سیاح متبادل مقامات کی تلاش میں ہیں۔

Flights, hotels and other bookings are being cancelled after the Pahalgam attack. Photo: INN
پہلگام حملے کے بعد پروازوں، ہوٹلس اور دیگر بکنگز رد کی جارہی ہیں۔ تصویر: آئی این این

پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعدبدھ کو دہلی میں کئی ٹریول ایجنسیوں نے کہا کہ جموں کشمیر کیلئے تقریباً۹۰؍ فیصد بکنگ سیاحوں نے  حفاظتی وجوہات کی وجہ سے منسوخ کر دی  ہے۔ شنکر مارکیٹ، آؤٹر سرکل، کناٹ پلیس میں واقع `سوان ٹریولرس کے مالک گورو راٹھی نے کہا کہ تقریباً۲۵؍ افراد نے  کشمیر کیلئے کی گئی اپنی بکنگ منسوخ کرنے کیلئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر سیاحوں نے اگلے ماہ کشمیر کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اب وہ منسوخی کے خواہاں ہیں۔
 خیال رہے کہ منگل کی سہ پہر۳؍ بجے کے قریب جنگجوؤں نے پہلگام کی وادی بیسران میں پہاڑیوں سے اتر کر سیاحوں پر گولیاں چلا دیں۔ یہ علاقہ اپنی سرسبز و شاداب وادیوں کی وجہ سے ’منی  سوئزر لینڈ‘ کہلاتاہے اور یہ ایک اہم سیاحتی مقام ہے۔ دہلی میں ٹریول ایجنسیوں نے اطلاع دی ہے کہ کچھ سیاح اب  متبادل مقامات کی تلاش میں ہیں اور کشمیر نہیں جانا چاہتے ہیں۔کوشا ٹریولس کے مالک دیو نے کہا کہ ’’ہمارے پاس کچھ فیملی بکنگ تھی۔ بس اور فلائٹ ٹکٹوں سے لے کر ہوٹلوں تک، سب کچھ پہلے سے بک کر لیا گیا تھا۔ لیکن جیسے ہی دہشت گردانہ حملے کی خبر ملی، ہمیں فوری طور پر رد کرنے کے فون کالس آنے شروع ہوگئے۔ مشہور سیاحتی مقامات جیسے گلمرگ، حزان ویلی اور ٹیولپ گارڈن سب سے زیادہ بک ہوئے ہیں۔ گڈ گائیڈ ٹورس اینڈ ٹریولس کے ایک ٹریول ایجنٹ کارتک ورما نے کہا کہ ’’ہم نے اس مہینے اور اگلے مہینے کشمیر کیلئے۲۰؍ سے زیادہ بکنگ کی تھی، لیکن تقریباً سبھی کو غیر معینہ مدت کیلئے منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘‘
 ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’لوگ رقم کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ وہ اپنے پیاروں کو ایسی جگہ نہیں لے جا سکتے جہاں سے واپسی کی کوئی ضمانت  نہ ہو۔ کارتک ورما نے یہ بھی کہا کہ چونکہ کچھ بکنگ، خاص طور پر پروازیں اور ہوٹل، ناقابل واپسی ہیں، اس سے ٹریول ایجنسیوں کے لئے  ایک بڑا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سال کے اس وقت خاندانوں کیلئے  پسندیدہ ترین مقامات میں سے ایک ہے۔
 ایک اور ٹریول ایجنسی `سواستک ٹریولس نے کہا کہ کشمیر نہ صرف دہلی والوں کی پہلی پسند ہے بلکہ دہلی آنے والے اور بعد میں کشمیر جانے کا ارادہ کرنے والے سیاحوں میں بھی اس کی بہت مانگ ہے۔سواستک ٹریولس  کے مالک نے کہا کہ ’’صرف دہلی والے ہی نہیں، یہاں تک کہ  دیگر ریاستوں کے سیاح بھی اپنے کشمیر کے دورے منسوخ کر رہے ہیں حالانکہ اس موسم گرما میں ہوٹل کے نرخ اپنے عروج پر ہیں۔ لوگ قیمت سے قطع نظر اب بکنگ منسوخ کر رہے ہیں۔‘‘
 ایک اور ایجنسی اے جے ٹورس اینڈ ٹریولس نے کہا کہ اسے سری نگر ٹریول اسوسی ایشن کی طرف سے جموں کشمیر کے لئے تمام بکنگ اور نقل و حمل بند کرنے کی ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ ایجنسی نے کہاکہ ’’ہمیں ہدایت دی گئی ہے کہ اگلے نوٹس تک جموں کشمیر کیلئے کوئی نئی بکنگ قبول نہ کریں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’صرف کشمیر ہی نہیں، اب لوگ جموں جانے سے بھی ڈرنے لگے ہیں۔ ہمارے پاس ویشنو دیوی کی زیارت کیلئے کٹرہ جانے والے ۷؍ خاندانوں کی بکنگ تھی اور وہ بھی اس خوفناک حملے کے بعد منسوخ کر دی گئی ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK