Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام حملہ: پنجاب، اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں کشمیری طلبہ کو نشانہ بنایا گیا

Updated: April 24, 2025, 8:04 PM IST | Srinagar

کشمیر سے باہر تعلیم حاصل کرنے والے کشمیری طلبہ ان دنوں ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ہراسانی، دھمکیوں اور حتیٰ کہ جسمانی تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ملک کی دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ پہلگام دہشت گرد انہ حملے کے بعد یونین ٹیریٹری سے باہر مقیم کشمیری طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

Omar Abdullah. Photo: INN.
عمر عبداللہ۔ تصویر: آئی این این۔

وادی کشمیر سے باہر تعلیم حاصل کرنے والے کشمیری طلبہ ان دنوں ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ہراسانی، دھمکیوں اور حتیٰ کہ جسمانی تشدد کا سامنا کر رہے ہیں جس سے ان کی سلامتی اور فلاح و بہبود پر سنجیدہ خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ پنجاب میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا جہاں چنڈی گڑھ کے گیان ساگر میڈیکل کالج، بانور میں بی ایس سی نرسنگ کا کورس کر رہا ایک کشمیری طالب علم، جو شمالی کشمیر کے سوپور کا رہائشی ہے، کو غیر مقامی طلبہ کے ایک گروہ نے بے رحمی سے مارا پیٹا۔ متاثرہ کے روم میٹ بھٹ نے بتایا:’’رات تقریباً ۳؍ بجے وہ لوگ ہمارے فلیٹ پر آئے۔ وہ ہمیں گالیاں دے رہے تھے۔ ہم نے ان سے درخواست کی کہ ایسا نہ کریں، لیکن انہوں نے میرے ایک دوست کو باہر نکالا اور بری طرح مارا پیٹا، ہم بالکل بے بس تھے۔ ‘‘رپورٹس کے مطابق حملہ آور طلبہ کا تعلق ہریانہ سے تھا اور ان کی تعداد دس سے زیادہ تھی۔ 

دیگر ریاستوں میں بھی صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ اترپردیش کے پریاگ راج میں کشمیری طلبہ کو مکان مالکان کی جانب سے زبردستی گھر خالی کرنے کو کہا جا رہا ہے جس سے یہ اندیشہ پیدا ہوا ہے کہ یہ سب ایک منظم حکمتِ عملی کے تحت ہو رہا ہے۔ اسی طرح دہرادون میں، الپائن گروپ آف کالجز کے طلبہ نے بھی اطلاع دی کہ انہیں ان کے کرایے کے مکانوں سے نکالا جا رہا ہے۔ صورتحال اس وقت اور سنگین ہو گئی جب ہندو رکشک دَل سے وابستہ ایک شخص للت شرما نے کشمیری مسلمانوں کو کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ جمعرات تک اتراکھنڈ چھوڑ دیں۔ ایک وائرل ویڈیو میں اس نے اعلان کیا:’’ہماری ٹیمیں گشت پر نکلیں گی اور جو بھی کشمیری مسلمان ملے گا ہم اپنے طریقے سے اس سے نمٹیں گے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: بی جے پی یوتھ لیڈر اروند اگروال نے جان بچانے پر نزاکت شاہ کا شکریہ ادا کیا

عمر عبداللہ نے تمام وزرائے اعلیٰ سے طلبہ کے تحفظ کی اپیل کی
جمعرات کو جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ملک کی دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ پہلگام دہشت گرد انہ حملے کے بعد یونین ٹیریٹری سے باہر مقیم کشمیری طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ عمر عبداللہ یہ بیان نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار کی جانب سے کی گئی ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے جواب میں دے رہے تھے، جس میں انہوں نے وزیر اعلیٰ کی توجہ ملک کے دیگر حصوں میں کشمیریوں کو ہراساں کئےجانے سے متعلق سوشل میڈیا ویڈیوز کی جانب مبذول کرائی تھی۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا’’جموں کشمیر حکومت ان ریاستوں کی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے جہاں سے یہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ میں خود ان ریاستوں کے وزیر اعلیٰ سے رابطے میں ہوں اور ان سے خصوصی توجہ دینے کی درخواست کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK