Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلگام :بی جے پی یوتھ لیڈر اروند اگروال نے جان بچانے پر نزاکت شاہ کا شکریہ ادا کیا

Updated: April 25, 2025, 10:17 AM IST | Mumbai

مقامی کپڑا تاجر نزاکت شاہ نے اپنی جان کی پروا کئے بغیر اروند اگروال سمیت ۱۱؍ سیاحوں کو نہ صرف بچایا بلکہ انہیں محفوظ مقام تک بھی پہنچایا

BJP leader Arvind Agarwal with Nazakat Shah in Srinagar.
بی جے پی لیڈر اروند اگروال سری نگر میں نزاکت شاہ کے ساتھ

۲۲؍اپریل کو جموں کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران جہاں کم از کم۲۸؍ افراد  فوت ہو گئے وہیں ایک مقامی کپڑا  تاجر نزاکت علی شاہ نے اپنی جان کی پروا  کئے بغیر چھتیس گڑھ کے چرمیری شہر سے تعلق رکھنے والے ۱۱؍ سیاحوں کی جان بچا کر بہادری کی مثال قائم کی۔ چار دوست شیوانش جین، ہیپی بدھوان، اروند اگروال اور کلدیپ ستھاپک اپنے خاندان کے ہمراہ بیسرن  کےگھاس کے میدانوں کی سیر پر آئے تھے۔ 
  ۲۲؍ اپریل کی صبح اچانک ایک لینڈ سلائیڈنگ نے سڑکیں بند کر دی تھیں اور سیکڑوں سیاح پھنس گئے۔ اسی دوران مسلح افراد نے   گولیاں چلانا شروع کر دیں۔ اروند اگروال  جو بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے رکن اور بی جے پی کی کونسلر پوروا ستھاپک کے شوہر ہیں، نے بتایا کہ  ’’میرے دوست اور اہل خانہ خوف سے منجمد ہو گئے تھے لیکن نزاکت بھائی نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے ہمارے گروپ کے ایک بچے کو اپنی پیٹھ پر بٹھایا  دوسرے کو گود میں لیا اور ہمیں محفوظ مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ‘‘
 واضح رہے کہ نزاکت کے چچا، عادل حسین شاہ اس حملے میں شہید ہو گئےلیکن نزاکت نے اپنے درد کو نظر انداز کرتے ہوئے دوسروں کی مدد کو ترجیح دی۔ مقامی رہائشی راکیش پراشر جن کے بھتیجے کا خاندان اس حملے میں بچایا گیا، نے بتایا کہ’’ میرے بھتیجے کے خاندان میں تین بچے تھے۔ نزاکت نے سب کو اپنی ہوٹل میں پناہ دی اور جب تک وہ لوگ چھتیس گڑھ واپس نہیں پہنچ گئے، ان کی مکمل حفاظت کی۔‘‘ 
 نزاکت علی جو ہر سال سردیوں میں چھتیس گڑھ کے سرگوجا ڈویژن کے مختلف اضلاع جیسے بلرام پور، رامنج گنج اور چرمیری میں گرم کپڑے بیچتے ہیں، وہاں کے خاندانوں کو برسوں سے جانتے ہیں۔ حملے کے بعد انہوں نے بتایا’’میں انہیں پیچھے نہیں چھوڑ سکتا تھا۔ میری پہلی ترجیح یہ تھی کہ سب کو بحفاظت ایئرپورٹ تک پہنچاؤں۔ ‘‘ نزاکت کی بے خوفی اور فرض شناسی کی ستائش نہ صرف جموں کشمیر بلکہ چھتیس گڑھ میں بھی کی جا رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK