۱۷؍ افراد زخمی ،چین نے حملے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس حملے کے خاطیوں کو سخت سزادینے کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: October 08, 2024, 1:22 PM IST | Agency | Islamabad
۱۷؍ افراد زخمی ،چین نے حملے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس حملے کے خاطیوں کو سخت سزادینے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کے جنوبی بندرگاہی شہر کراچی میں جناح بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب اتوار کی رات ایک زور دار دھماکے میں ۳؍افراد ہلاک اور کم از کم۱۷؍ افراد زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع پولیس نےدی۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکہ ہوائی اڈے کی طرف جانے والے ایک چوراہے کے قریب ہوا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ کم از کم چھ افراد شدید جھلس گئے جنہیں اسپتال لے جایا گیا ہے۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ دھماکے کے بعد آگ نے کئی گاڑیوں اور آس پاس کے درختوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کی جگہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے احاطے میں نہیں تھی۔
چینی شہریوں کی ہلاکت پر چینی سفارت خانے نے پیر کی صبح جاری کیے جانے والے ایک بیان میں بتایا کہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے قافلے پر ہوائی اڈے کے قریب حملہ کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل اس دہشت گرد حملے‘ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے بے گناہ متاثرین اور ان کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ سفارت خانے نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کریں اور قاتلوں کو سخت سزا دیں۔