Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

پاکستان : نوشہرہ کے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکہ

Updated: March 01, 2025, 12:05 PM IST | Agency | Nowshera

دھماکہ جمعہ کی نماز کے بعد اس وقت کیا گیا جب مولانا حامد الحق رہائش گاہ کیلئے جا رہے تھے۔ صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کی۔

Rows of mourners outside Aziz Mosque for those who died in the suicide attack. Photo: INN
خودکش حملے میں جاں بحق افراد کے عزیز مسجد کے باہر زاروقطار روتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

پاکستان کے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد خارجی راستے میں ہونے والے خود کش دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ (جے یو آئی س) کے سربراہ اور مدرسے کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی سمیت۶؍ افراد شہید ہوگئے۔ رپورٹ  کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمد نے جامعہ حقانیہ کی مسجد میں خودکش دھماکے کی تصدیق کی اور بتایا کہ دھماکے میں ۶؍ افراد جاں بحق ہوئے اور متعدد افراد شدید زخمی ہیں۔ آئی جی کے پی نے مزید بتایا کہ حملے کا ہدف جامعہ حقانیہ کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی ہی تھے۔آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور چیف سیکرٹری کے پی شہاب علی شاہ نے دھماکے میں مولانا حامد الحق کے شہید ہونے کی تصدیق کی۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کا کہنا ہے مولانا حامد الحق حقانی کے جسد خاکی کو سی ایم ایچ نوشہرہ منتقل کردیا گیا۔ عرفان اللہ محسود کا کہنا تھاکہ دھماکہ مسجد کے اس خارجی راستے پر کیاگیا جس سے مولانا حامدالحق نماز کے بعد گھر جاتے تھے، دھماکہ اس وقت کیا گیا جب مولانا حامد الحق رہائش گاہ کیلئے جا رہے تھے۔ دھماکے کے بعد پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔مولانا حامد الحق مولانا سمیع الحق کے بیٹے اور دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم تھے۔ وہ مئی۱۹۶۸ء کو اکوڑہ خٹک نوشہرہ میں پیدا ہوئے، مولانا حامد الحق۲۰۰۲ء سے۲۰۰۷ء تک قومی اسمبلی کے رکن رہے، والد سمیع الحق کے قتل کے بعد مولانا حامد الحق جے یو آئی س کے سربراہ بنے تھے۔صدر آصف علی زرداری نے دارلعلوم حقانیہ کی مسجد میں خود کُش حملے میں نمازیوں کو نشانہ بنانے کے مکروہ فعل کی مذمت کی اور کہا کہ بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا مذموم اور گھناؤنا عمل ہے، دہشت گرد ملک و قوم اور اِنسانیت کے دشمن ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK