• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پلوامہ حملے کی سازش رچنے والے پاکستانی جنگجو کو ہلاک کردیا گیا

Updated: August 01, 2021, 8:41 AM IST | srinagar

سیکوریٹی فورسیز نے پلوامہ کے ہانگل جنگل میں لشکر کے کمانڈر اسماعیل علوی عرف لمبو سمیت ۲؍ جنگجوئوں کو طویل انکائونٹر میں ہلاک کردیا ،پولیس کے مطابق اسماعیل نے ہی اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ فروری ۲۰۱۹ء میں پلوامہ میں خودکش کار بم دھماکے کی سازش رچی تھی ،حکومت نے کشمیر پولیس کو مبارکباد دی

ommander of the 15th Corps of the Army talking to the media about the death of the fighters. (PTI)
فوج کی ۱۵؍ ویں کور کے کمانڈر جنگجوئوں کی ہلاکت کے بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

جنوبی ضلع پلوامہ کے ہانگل مرگ داچھی گام جنگلی علاقے میں ایک مسلح تصادم کے دوران سیکوریٹی  فورسیز نے لشکر کےپاکستانی کمانڈر محمد اسماعیل علوی عرف لمبو سمیت دو جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کا  دعویٰ ہے کہ لمبو۲۰۱۹ء  میںفروری میں لیتھ پورہ پلوامہ میں ہونے والے خودکش کار بم دھماکے کی سازش اور منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔ اسے ہلاک کرکے ایجنسیوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ بتایا گیا کہ فوج کا آپریشن اس کے بعد بھی تلاشی کے لئے جاری رکھا گیا ہے۔
  واضح رہے کہ پلوامہ خودکش کار بم دھماکے میں  ۴۰؍سی آر پی ایف ہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگی ماحول پیدا ہوگیا تھا اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا تھا ۔ اسی حملے کا جواب دیتے ہوئے ہندوستان نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں واقع بالا کوٹ پر ایئر اسٹرائک کی تھی اور اسے منہ توڑ جواب دیا تھا۔
  کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے مہلوک کمانڈر لمبو کے بارے میں ایک ٹویٹ میں کہا کہ `محمد اسماعیل علوی عرف لمبو، عرف عدنان کا تعلق اظہر مسعود کی فیملی سے تھا اور وہ لیتھ پورہ پلوامہ دھماکے کی سازش اور پلاننگ میں ملوث تھا، اس کا نام این آئی اے کی طرف سے دائرہ کردہ چارج شیٹ میں بھی شامل تھا۔اسے مختلف ایجنسیوں کی جانب سے گزشتہ ۲؍ سال سے بہت سرگرمی کے ساتھ تلاش کیا جارہا تھا ۔ 
 قبل ازیں کشمیر زون پولیس نے اس تصادم  سے متعلق ایک ٹویٹ میں کہا کہ `پلوامہ کے داچھی گام جنگلی علاقے میں  تصادم میں کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے اعلیٰ پاکستانی کمانڈر لمبو کو  مار دیا گیا ہے جبکہ دوسرے مہلوک جنگجو کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔ فوج اور اونتی پورہ پولیس کو مبارک باد۔
 سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور (چنار کور)  کے اعلیٰ افسران نے اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کرکے اس تصادم کے بارے میں کہا کہ پولیس کو موصولہ اطلاع پر ہانگل مرگ داچھی گام پلوامہ میں سنیچرکی صبح ایک ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا تھا ۔ آپریشن کے دوران سیکوریٹی فورسیز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا ہوا جس کے نتیجے میں دو جنگجو مارے گئے جن کی تحویل سے ایک اے کے ۴۷؍ رائفل اور ایک  ایم ایم۴؍ رائفل برآمد کی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے داچھی گام جنگلی علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے ہفتہ کی علی الصباح مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سیکوریٹی  فورسیز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم شروع ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کردی جس کے بعد فورسیز اور جنگجوئوں میں گولیوں کا تبادلہ شروع ہوگیا جو دونوں کی موت پر جاکر ختم ہوا۔ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں دو جنگجوئوں کو مارا جا چکا تھا جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی فورسیز کی جانب سے تلاشی آپریشن چلایا جارہا ہے تاکہ مزید جنگجوئوں کے چھپے ہونے کے امکانات کو ختم کیا جاسکے۔

pulwama Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK