• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلسطین برائے فروخت نہیں، چاہے غزہ ہو مغربی کنارہ ہو یا پھر یروشلم: محمودعباس

Updated: February 21, 2025, 3:23 PM IST | Agency | Ramallah/Dubai

الفتح کی کمیٹی نے اردن اور مصر کے موقف کی پزیرائی کی۔ متحدہ عرب امارات نےکہا فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔

Palestinian President Mahmoud Abbas. Photo: INN
فلسطین کے صدر محمودعباس۔ تصویر: آئی این این

ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ کے متعلق متنازع منصوبوں کے ضمن میں فلسطین کے  صدر محمود عباس نے بدھ کو دو ٹوک انداز میں کہا کہ ’’ فلسطین فروخت کے لئے نہیں ہے اور اس کی زمین کا کوئی حصہ چاہے وہ غزہ ہو، مغربی کنارے یا یروشلم، چھوڑا نہیں  جائے گا۔‘‘  رام اللہ میں فتح کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں عباس نے فلسطینی عوام کو بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون اور عرب امن اقدام کو کسی بھی سیاسی حل کی بنیاد کے طور پر ماننے پر زور دیا۔
  الفتح کی مرکزی کمیٹی نے بھی نقل مکانی کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور زور دیا کہ فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کی قیادت میں اپنے قومی مقصد کے لیے اپنے عزم کے ساتھ ایسی کوششوں کا مقابلہ کریں گے۔   
کمیٹی نے نقل مکانی کے مطالبات کو مسترد کرنے پر اردن اور مصر کی تعریف کی اور اس مسئلے کو حل کرنے اور غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی منظوری کے لیے آئندہ ہنگامی عرب سربراہی اجلاس کی اہمیت پر زور دیا۔ اس نے اسرائیلی پالیسیوں کا مقابلہ کرنے اور مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے پی ایل او کے ساتھ اتحاد کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔
امریکی وزیرخارجہ کی متحدہ عرب امارات کے سربراہ سے ملاقات
  متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو بتایا ہے کہ امارات ’’فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے۔‘‘ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو ابوظہبی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یو اے ای کے صدر سے ملاقات کی۔
 مارکو روبیو کی اماراتی صدر سے ملاقات ان کے اُس کثیر الملکی دورے کا حصہ تھی جس میں انہوں نے اسرائیل اور سعودی عرب کے لیڈران سے بھی ملاقات کی تھی۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب غزہ  پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے درمیان۱۹؍ جنوری سے شروع ہونے والی جنگ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے قریب ہے۔
 یو اے ای کے سرکاری میڈیا نے اماراتی صدر کے فلسطینیوں سے متعلق بیان کو رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ زاید نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ تنازع کو پھیلنے سے روکنے کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر نےغزہ کی تعمیرِ نو کے لیے ایسا راستہ اپنانے کی اہمیت پر زور دیا جو دو ریاستی حل پر مبنی جامع اور پائیدار امن کی طرف لے جائے۔ ان کے بقول خطے میں استحکام یقینی بنانے کا یہ واحد طریقہ ہے۔
 واضح رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں کو غزہ سے خطے میں کہیں اور منتقل کرنے اور امریکہ کی جانب سے غزہ کا کنٹرول سنبھالنے اور تعمیرِ نو کرنے کا منصوبہ پیش کیا تھا جسے عرب رہنماؤں نے مسترد کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK