• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فلسطین: پولیو مہم کے پہلے دن ۷۲؍ہزار سے زائد فلسطینی بچوں کوپولیو خوراک دی گئی

Updated: September 02, 2024, 10:17 PM IST | Gaza

غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے پولیو کی خوراک کی مہم کا آغاز ہوا، اس مہم کے پہلے دن ۷۲؍ہزار سے زائد فلسطینی بچوں کو پولیو کی خوراک دی گئی،حالانکہ ان بچوں میں ناقص غذائیت اور کمزوری کی علامات بھی ظاہر ہو رہی تھیں۔

A health worker giving polio dose to a Palestinian child in a polio center in Deir al-Balah. Photo: PTI
دير البلح کے ایک پولیو مرکز میں فلسطینی بچے کوطبی کارکن پولیو خوراک دیتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

فلسطینی محکمہ صحت نے اتوار کو ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ غزہ میں جاری جنگ کے دوران ہی ہنگامی پولیومہم کا آغاز ہوا جس کے پہلے دن ۷۲؍ہزار ۶؍سو ۱۱؍ بچوں کو پولیو کی خوراک دی گئی۔ خبر رساں ادارے انادولو کے نمائندے جو علاقے میں موجود ہیں انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ہزاروں فلسطینی اپنے دس سال سے کم عمر کےبچوں کے ساتھ اعلان کردہ مراکز پر پہنچے ۔
دير البلح میں اس پولیو مہم کی نگرانی کر رہی طبی ٹیم نے مشاہدہ کیا کہ گزشتہ ۱۱؍ مہینوں سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران مشکل ترین حالات میں زندگی گزار رہے ان ہزاروں بچوں میں کمزوری اور ناقص غذائیت کی علامات نظر آرہی ہیں۔ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں تنظیم کے سربراہ نے بتایاکہ یہ پولیو مہم عالمی ادارہ صحت ،عالمی ادارہ بچوں کی امداد،اقوام متحدہ امداد فلسطین کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کا آغاز ناصر اسپتال میں کیا گیا۔ اس مہم کے تکنیکی ٹیم کے سربراہ مجدی دوہیر نے بتایا کہ یہ مہم ۱؍ ستمبر سے ۴؍ ستمبر تک غزہ میں ، ۵؍ ستمبر سے ۹؍ ستمبر تک خان یونس میں، اور ۹؍ ستمبر سے ۱۲؍ ستمبر تک غزہ شہر اور شمالی خطوں میں چلائی جا ئے گی۔
یہ مہم ایسے وقت میں چلائی جا رہی ہے جب اسرائیل کی جانب سے خطے کی بد ترین ناکہ بندی کی گئی ہے۔جس کے سبب علاقے میں غذا، صاف پانی اور طبی امداد کی شدید قلت ہے۔ان حالات نے مختلف امراض کے پھیلنے کے بہت زیادہ امکان پیدا کر دئے ہیں، ان میں پولیو بھی شامل ہے۔ گزشتہ ۲۵؍ سالوں میں پہلی بار ایک دس ماہ کا بچہ پولیو سے متاثر پایا گیا۔۱۶؍ اگست کو اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو غطریس نے فلسطینی امداد ادارہ کے ہمراہ ۷؍ دنوں کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔تاکہ علاقے میں موجود ۶؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار بچوں کو پولیو کی خوراک دی جا سکے۔
واضح رہے کہ پولیو کی یہ مہم اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں کے بیچ چلائی جا رہی ہے۔گزشتہ ۷؍ اکتوبر سے جاری ان حملوں میں اب تک ۴۰؍ ہزار ۷؍ سو فلسطینی شہید اور ۹۴؍ ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK