• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پلوی پٹیل کی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات، قیاس آرائیوں کا بازار گرم

Updated: July 26, 2024, 11:09 AM IST | Agency | Lucknow

اسمبلی انتخابات میں نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ کو شکست دینے والی پلوی پٹیل اوبی سی کی سیاست کانمائندہ چہرہ ہیں۔

Apna Dil (Kumira Valley) Chief and Assembly Member Pallavi Patel. Photo: INN
اپنا دل (کمیرا وادی )کی سربراہ اوررکن اسمبلی پلوی پٹیل۔ تصویر : آئی این این

اترپردیش میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اورنائب وزیر اعلیٰ کیشوپرساد موریہ کے درمیان شہ اورمات  کا کھیل جاری ہے۔اسی درمیان سماجوادی پارٹی کی ایم ایل اے پلوی پٹیل نے یوگی سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے سیاسی حلقوں میں کئی معنی نکالے جارہے ہیں۔ غور طلب ہے کہ اپنا دل (کمیراوادی) لیڈر پلوی پٹیل نے نائب وزیراعلیٰ کیشو موریہ کو اسمبلی انتخاب میں شکست دی ہے اور پسماندہ طبقات کی سیاست میں کافی سرگرم رہتی ہیں۔پلوی پٹیل این ڈی اے کی حلیف اپنا دل (سونے لال) کی لیڈر اور مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل کی بہن ہیں۔ 
پلوی پٹیل نے۲۰۲۲ءکے اسمبلی انتخابات میں سراتھو اسمبلی سیٹ سے کیشو پرساد موریہ ۱۲؍ ہزارسے زائد ووٹوں سے شکست دیکر یوپی کی سیاست میں سرخیاں بٹوری تھیں۔کیشوپرساد موریہ بی جے پی کےقدآور لیڈراور پسماندہ طبقے کی سیاست کا چہرہ مانے جاتے ہیں۔ انہیں پلوی پٹیل سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ،اس کے باوجودانہیں یوپی کانائب وزیراعلیٰ بنایا گیا۔ پلوی پٹیل ایک تو کیشوپرساد موریہ کی سخت حریف ہیں اور دوسرے انوپریہ پٹیل خط لکھ کر حکومت کے کام کاج پر سوال اٹھا رہی ہیں تو پلوی پٹیل وزیراعلیٰ سے ملاقات کر رہی ہیں۔ پلوی پٹیل نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کو ایک رسمی ملاقات بتایا ہے اور کہا ہے کہ انہوںنے اپنے اسمبلی حلقہ ’سراتھو‘ کی ترقی  اور دیگر عوامی مسائل کے سلسلے میں یہ ملاقات کی ہے، لیکن، سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کے تعلق سے سیاسی بحث تیز ہو گئی ہے اورخیال کیا جا رہا ہے کہ ایسا ہو سکتا ہے کہ پلوی پٹیل  بی جےپی  میں شامل ہو جائیں اور پارٹی میں انہیں کیشو پرساد موریہ کے متبادل کے طورپرپیش کیا جائے کیونکہ پلوی پٹیل پسماندہ طبقے سے آتی ہیں اور اتر پردیش کے کرمی ووٹ بینک پر بھی مضبوط گرفت ہے۔
پلوی پٹیل نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ایسے ماحول میں ملاقات کی ہے جب کیشو پرساد موریہ بی جے پی اور اتحادی جماعتوں کے مختلف لیڈروں سے مسلسل ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ کیشو پرساد موریہ اوم پرکاش راجبھر، سنجے نشاد، دارا سنگھ چوہان اور کئی دوسرے لیڈروں سے ملاقات کر چکے ہیں ۔ کیشو موریہ کی ان ملاقاتوں کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف متحرک ہونے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے پلوی پٹیل نے اسدالدین اویسی کی پارٹی کے ساتھ مل کر ایک نیا مورچہ’پی ڈی ایم‘ بنایا اور پسماندہ،دلت اور مسلمانوں کے حقوق کی لڑائی لڑنےکے عزم کا اظہارکیا۔حالانکہ لوک سبھا میں انہیں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی مگرانہوں نے سیاست کی اپنی ایک الگ راہ بنائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK