کھڑسے نے کہا ’’میں ان کے بیان سے پریشان ہوں کیونکہ بی جے پی اب پہلے والی بی جے پی نہیں رہ گئی ہے‘‘
EPAPER
Updated: June 04, 2023, 10:43 AM IST | beed
کھڑسے نے کہا ’’میں ان کے بیان سے پریشان ہوں کیونکہ بی جے پی اب پہلے والی بی جے پی نہیں رہ گئی ہے‘‘
حال ہی میں اپنے بیان سے بی جے پی میں کھلبلی مچانے والی سابق ریاستی وزیر پنکجا منڈے نے سنیچر کو سابق وزیر اور این سی پی لیڈر ایکناتھ کھڑسے سے ملاقات کی ہے جس کے بعد ایک بار پھر سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ کہا جانے لگا ہے کہ پنکجا جلد ہی این سی پی میں شامل ہو سکتی ہیں۔ حالانکہ پنکجا نے فی الحال اس تعلق سے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایکناتھ شندے فی الحال این سی پی میں ہیں لیکن وہ بی جے پی کے سب سے پرانے لیڈران میں سے ایک رہ چکے ہیں۔ پنکجا منڈے کے والد گوپی ناتھ منڈے کے ساتھ وہ شیوسنا۔ بی جے پی کی حکومت میں وزیر بھی ہوا کرتے تھے لیکن کچھ عرصہ پہلے انہوں نے بی جے پی میں نظر انداز کئے جانے کا الزام لگا کر پارٹی چھوڑ دی تھی اور این سی پی میں شامل ہو گئے تھے۔ ۲؍ روز قبل پنکجا منڈے نے ایک پروگرام کے دوران کہا تھا کہ ’’ میں بی جے پی کی ہوں لیکن بی جے پی میری تھوڑی ہے۔‘‘ اس بیان کا یہ مطلب نکالا گیا کہ وہ پارٹی سے ناراض ہیں۔ ایکناتھ کھڑسے کے ساتھ ان کی ملاقات سے اس خیال کو مزید تقویت پہنچی ہے۔ دونوں لیڈران کے درمیان تقریباً آدھے گھنٹے تک بند کمرے میں گفتگو ہو تی رہی۔ اس میٹنگ کے بعد ایکناتھ کھڑسے نے کہا کہ میں پنکجا منڈے کے حالیہ بیان سے پریشان ہوں کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ بی جے پی اب پہلے والی بی جے پی نہیں ہے۔ یاد رہے کہ یہ ملاقات بیڑ میں پنکجا کےگھر ہوئی ہے۔
جلد امیت شاہ سے ملاقات کریں گی
ملاقات کے بعد پنکجا منڈے نے اپنے کارکنان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جب بھی کوئی قدم اٹھانا ہوگا میں آپ لوگوںکو اسی طرح جمع کروں گی اور اس کی اطلاع دوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی وہ امیت شاہ سے ملاقات کریں گی اور ان سے تمام معاملات پر تفصیلی گفتگو کریں گی ۔ اس کےبعد کوئی قدم اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا ’’ میں اپنے سماج کیلئے لڑتی رہوں گی اور کسی کے آگے جھکوں گی نہیں۔
کانگریس کی جانب سے پیش کش
اس دوران کانگریس کے سینئر لیڈر بالا صاحب تھورات نے کہا ہے کہ پنکجا منڈے کیلئے پارٹی کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ وہ چاہیں تو کانگریس میں شمولیت اختیار کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنکجا کے ساتھ بی جے پی جو سلوک کر رہی ہے وہ غلط ہے۔ اگر وہ چاہیں تو کانگریس میں آ سکتی ہیں۔