• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پنویل :ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر تیز رفتار بس ٹریکٹر سے ٹکرا گئی، ۵؍افراد ہلاک

Updated: July 17, 2024, 8:43 AM IST | Mumbai

۴۳؍ زخمی، ۷؍کی حالت تشویشناک۔ بس ڈومبیولی سے یاتریوں کو لے کر پنڈھرپور جارہی تھی ۔ ٹریکٹر سے ٹکرانے کے بعد بس بیریکیڈ سے بھی ٹکرائی اورگہری کھائی میں گرگئی۔ وزیراعلیٰ نےاسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی

A bus that crashed into a deep ditch after hitting a tractor is being pulled out with the help of a cochrane. (Photo: PTI)
ٹریکٹر سے ٹکرانے کے بعد گہری کھائی میں گرجانے والی بس کوکرین کی مدد سے نکالا جارہا ہے۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

یہاں سے قریب ممبئی-پونے ایکسپریس وے پر یاتریوں کو لے جانے والی ایک بس  ٹریکٹر سے ٹکراگئی جس کی وجہ سے کم از کم ۵؍ افراد ہلاک اور ۴۳؍ زخمی ہو گئے۔ پولیس نے منگل کو بتایاکہ بس ۵۴؍ `’وارکری ‘ (بھگوان وٹھل کے عقیدتمندوں) کو لے کر جا رہی تھی جو ڈومبیولی سے ’اشادھی ایکادشی‘ کی تقریبات کیلئے پنڈھر پور جا رہے تھے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ اندوہناک حادثہ  پنویل کے قریب اڈنے گاؤں میں تقریباً نصف شب کو ہوا۔ 
 ڈپٹی پولیس کمشنر وویک پنسارے نے بتایا کہ حادثہ میں بس کے ۳؍مسافر اور ٹریکٹر پر سوار۲؍افراد ہلاک ہوگئے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ ٹریکٹر سے ٹکرانے کے بعد بس ایکسپریس وے کے  بیریکیڈ سے ٹکرائی اورپھر۲۰؍ فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔زخمی یاتریوں کو  اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان میں سے۷؍زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ۴۰؍ زخمیوں کو کاموٹھے کے ایم جی ایم اسپتال اور ۳؍زخمیوں کو سرکاری اسپتال بھیجا گیا۔ 
 ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق پولیس  نے بتایا ہے کہ  اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ۲۸؍ سالہ تبریز صلاح الدین احمد   ایکسپریس وے کی پہلی لین میں تیز رفتاری سے ٹریکٹرچلارہا تھاجبکہ  ایکسپریس وے پر ٹریکٹر چلانے پر پابندی ہے۔ اسی دوران جے شری ٹراویلس کی بس  جسے ۵۴؍ سالہ سنجے پاٹل چلارہاتھا، پیچھے سے آکر ٹکرائی۔بس ڈرائیو نے ٹریکٹر کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بےقابو   ہوکرٹریکٹر سے ٹکراگئی جس کی وجہ سے ٹریکٹر پھسلتا ہوا۱۰۰؍ فٹ دور تک چلاگیا اوراس کے  دو حصےہوگئے جبکہ بس بائیں جانب کی ریلنگ سے ٹکرا کر گہری کھائی میں جاگری۔
 اس حادثہ میں تبریزاحمد اور   ٹریکٹر پرسوارایک شخص کی موقع  ہی پرموت ہوگئی جبکہ بس کے ۳؍ مسافروں گروناتھ بابو پاٹل (۷۰) رامداس نارائن مکدم (۷۰) اور ہنسابائی ہری پاٹل بھی جائے وقوع ہی  پرہلاک ہوگئے۔  ۵؍ مسافروں کو شدید جبکہ ۳۸؍ مسافروں کو معمولی چوٹیں  آئیں اور دیگر۵؍ مسافروںکو طبی امداد دی گئی۔
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کاموٹھے کے ایم جی ایم اسپتال میں زخمیوںکی عیادت کی۔ اس حادثہ کے بعدحکام نے ۳؍ گھنٹے کی تاخیر کے بعدممبئی پونے ایکسپریس وے پر ٹریفک بحال کیا اور کرین کا استعمال کرتے ہوئے حادثہ سے دوچارگاڑیوں کو ہٹا دیا۔ اس موقع پر ہائی وے ٹریفک پولیس، آئی آر بی پٹرولنگ، سی آئی ڈی سی او فائر بریگیڈ اور مقامی پولیس دستوں سمیت مختلف ایجنسیوں کے اہلکار موجود تھے۔
 ۶۵؍سالہ متوفی ہنسابائی   کے بیٹے راجا رام پاٹل نے بتایا کہ ڈومبیولی   کے قریب نیلجے گاؤں کے لوگوں نے واری کے دوران پنڈھر پور یاترا میں شرکت کی ۲۰؍ سالہ روایت کو برقرار رکھا ہے۔ اس کی تیاریاں ایک ہفتہ قبل سے شروع ہو جاتی ہیں جس میں یاتریوں سے ۱۲۰۰؍روپےلیاجاتا ہے جس میں کھانا اور ٹرانسپورٹ شامل ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK