Inquilab Logo Happiest Places to Work

کمسن بچے کے ساتھ بدفعلی کا معاملہ،اسکول کے خلاف سرپرستوں کا خاموش مظاہرہ

Updated: April 28, 2025, 10:57 PM IST | Navi Mumbai

نوی ممبئی پولیس کی جانب سے ایک اسکول بس ڈرائیور کو اسکول کے ایک کمسن بچے کے ساتھ بد فعلی کے الزام میں گرفتار کئے جانے کے چند روز بعدپیر کی صبح کئی والدین نے اسکول کے باہر خاموش احتجاج کیا ،

A large number of parents and guardians protested against the school administration.
بڑی تعداد میں والدین اور سرپرستوں نے اسکول انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا

نوی ممبئی پولیس کی جانب سے ایک اسکول بس ڈرائیور کو اسکول کے ایک کمسن بچے کے ساتھ  بد فعلی کے الزام میں گرفتار کئے جانے کے چند روز بعدپیر کی صبح کئی والدین نے اسکول کے باہر خاموش احتجاج کیا ،اسکول  انتظامیہ سے جوابدہی کا مطالبہ کیا اور اپنے بچوں کی حفاظت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ سپرست متعد د پلے کارڈز بھی لئے ہوئے تھے جن پر  بچوں کے تحفظ کے تعلق سے نعرے لکھے ہوئے تھے۔ مظاہرین اسکول پرنسپل کو برخاست کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
 واضح رہے کہ پولیس نے ۲۲؍ اپریل کو اسکول وین کے ڈرائیور کو ۴؍سالہ کے بچے کے ساتھ  بد فعلی کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم کے خلاف  بچوں کے جنسی استحصال سے تحفظ کے قانون  پوکسو کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
 جب نابالغ بچے کو شدید درد ہونے پر اسپتال لے جایا گیا اور طبی جانچ کی گئی تو اس کے ساتھ جنسی استحصال ہونے کی تصدیق ہوئی۔اس کے بعد بچے کے والدین نے مقامی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا، جس کے نتیجے میں اسکول بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔
 پیر کو احتجاج کرنے والے والدین نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ اسکول انتظامیہ نے حساس معاملے میں لاپروائی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے یہ الزام لگایا کہ وہ کوئی باضابطہ  بیان جاری کرنے یا والدین کو طلبہ کی حفاظت کے بارے میں یقین دلانے کیلئے واضح اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے۔ایک سرپرست نے بتایاکہ والدین کے گروپ میں یہ بتایاگیاہے کہ معاملے کی محکمہ جاتی جانچ چل رہی ہے۔تاہم، یہ ہمارے بچوں کی حفاظت کی یقین دہانی کے لئےناکافی ہے۔
  انہوںنےمزید کہا کہ اسکول انتظامیہ نے پیر کو مظاہرین سے ملاقات نہیں کی۔انہوں نے ہمیں جمعرات کو واپس بلایا ہے۔ ہم اسکول سے احتساب کے لیے دباؤ ڈالتے رہیں گے۔
 والدین نے اسکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں والدین کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جائے۔
 احتجاج کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، اسکول انتظامیہ نے بتایاکہ ’’شکایت متعلقہ پولیس حکام کے زیر تفتیش ہے اور اسکول انتظامیہ مکمل تعاون کر رہا ہے اور حکام کو ہر طرح کی مدد اور معلومات فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK