• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پیرس: نوٹرے ڈیم کی گھنٹیاں ۵؍ سال بعد ایک ساتھ بجائی گئیں

Updated: November 08, 2024, 8:04 PM IST | Paris

۲۰۱۹ء میں نوٹرے ڈیم چرچ میں آگ لگ جانے کے بعد گرجاگھر کی تزئین کاری جاری تھی۔ آج تقریباً ۵؍ سال بعد چرچ کی تمام ۸؍ گھنٹیاں ایک ساتھ بجائی گئیں۔

Notre Dame, Paris. Image: X
نوٹرے ڈیم، پیرس۔ تصویر: ایکس

آج پیرس میں ’’نوٹرے ڈیم‘‘ کی گھنٹیاں ۲۰۱۹ء کے تاریخی گرجا گھر کو تباہ کرنے والی آگ کے بعد پہلی بار ایک ساتھ بجائی گئیں۔ واضح رہے کہ ۲۰۱۹ء میں مذکورہ گرجا گھر میں آگ لگ جانے کے سبب بڑے پیمانے پر نقصان ہوا تھا جس کے بعد سے یہاں کی تزئین کاری کا کام جاری تھا۔ آج نوٹرے ڈیم کی شمالی بیلفری میں آٹھ گھنٹیاں ایک ساتھ بجائی گئیں۔ حکومت نے کہا کہ یہ ایک خوبصورت اور اہم قدم ہے۔ یاد رہے کہ ۱۹؍ اپریل ۲۰۱۹ء کی شام عالمی ثقافتی ورثے میں شامل یہ گرجا گھر آگ کے شعلوں میں گھر گیا تھا۔ 

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے فوری طور پر پانچ سال کے اندر نوٹرے ڈیم کو دوبارہ تعمیر کرنے اور اسے پہلے سے بھی زیادہ خوبصورت بنانے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ تقریباً ۲۵۰؍ کمپنیاں اور سیکڑوں ماہرین کو اس بحالی کیلئے متحرک کیا گیا جس پر کروڑوں یورو کی لاگت آئی۔ آج صبے ساڑھے ۱۰؍ بجے سے کچھ دیر پہلے، گھنٹیاں ایک ایک کر کے اس وقت تک بجائی گئیں جب تک کہ آٹھوں نے ہم آہنگی سے آواز نہ دی۔ گھنٹیوں کی دوبارہ تنصیب کے انچارج الیگزینڈر گوجن نے کہا کہ ’’یہ ابھی پرفیکٹ نہیں ہے مگر ہم اسے پرفیکٹ بنائیں گے۔‘‘ یہاں نصب سب سے بھاری گھنٹی، جسے ’’گیبریل‘‘ کہا جاتا ہے، کا وزن چار ٹن سے زیادہ ہے، اور سب سے ہلکی، ’’جین میری‘‘ ۸۰۰؍ کلوگرام ہے۔ خیال رہے کہ ۷؍ اور ۸؍ دسمبر کو نوٹرے ڈیم کا تزئین کاری کے بعد دوبارہ افتتاح کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK