Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

پارلیمانی پینل کا ریلوے کو مشورہ: ڈائنامک کرایہ بند کرو اور ’فلیکسی‘ کرایہ نافذ کرو

Updated: March 23, 2025, 9:27 AM IST | New Delhi

سویدھا ایکسپریس ٹرینوں کے برے حشر پر پینل نے کہا کہ کرایہ کم نہیں کیا گیا تو مسافر ہوائی جہاز کو ترجیح دینے لگیں گے۔ دیگر ٹرینوں کے کرایوں پر بھی تجاویز

Ticket prices increase many times due to dynamic fares
ڈائنامک کرایے کی وجہ سے ٹکٹ کے دام کئی گنا بڑھ جاتے ہیں

وزیر ریل اشوینی ویشنو بھلے ہی ٹرینوں کا کرایہ بڑھانے کے اشارہ دے رہےہوں لیکن پارلیمانی پینل کو لگتا ہے کہ ریلوے ڈائنامک کرایے کے ذریعے مسافروں کو لوٹ رہا ہے۔ اسے فوراً بند کرنے کا مشورہ پینل نے دیا ہے اور یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ اس کی جگہ ’فلیکسی ‘ کرایہ نافذ کیا جائے تاکہ مسافروں کو بھی فائدہ ہو اور ریلوے کا کوئی نقصان نہ ہو ۔ واضح رہے کہ فلیکسی کرایے کا مطلب یہ ہے کہ جب ٹکٹوںکی ڈیمانڈ زائد ہو تو ٹکٹوں کے دام میں اضافہ ہو جائے لیکن جب ڈیمانڈ کم ہویا ٹکٹیں فروخت نہیں ہو رہی ہوں تو کرایے کو خود بخود کم کردیا جائے۔  یہ طریقہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ بسوں اور ہوائی جہاز کے ٹکٹوں میں اپنایا جاتا ہے۔ اس سے مسافروں کو بھی فائدہ پہنچتا ہے اور بس یا جہازمیں سیٹیں خالی نہیں رہتی ہیں۔ 
 حالانکہ پینل نے یہ مشورہ سویدھا ٹرینوں کے لئے دیا ہے جس میں ڈائنامک کرایہ نافذ کیا جاتا ہے اور یہ کسی بھی مقام کے لئے چلائی جانے والی  متوازی ٹرین کے مقابلے میں ۳؍ سے ۵؍ گنا تک زائد ہو جاتا ہے۔  اسے حالانکہ مسافروں کی سہولت کے لئے شروع کیا گیا ہے لیکن اس کی وجہ سے مسافروں سے ضرورت سے زیادہ ٹکٹ وصول کیا جارہا ہے جبکہ سہولت کے نام پر کوئی فائدہ نہیں دیا جاتا ہے۔ اسی لئے سویدھا ٹرینوں کے خلاف گزشتہ کافی وقت سے آواز اٹھ رہی ہے۔ مسافروں کی تنظیمیں بھی اسے سہولت نہیں بلکہ استحصال قرار دیتی ہیں۔
  پینل کی یہ رپورٹ گزشتہ دنوں ہی پارلیمنٹ کو سونپی گئی ہے اور اس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ریلوے کو اپنی سیٹوں کی فروخت بڑھانے کے لئے فلیکسی کرایہ اور دیگر طریقوں کو اپنا نا ہو گا ۔ اس سے مسافروں کو کافی سہولت ملے گی ورنہ اگر وہ ڈائنامک کرایے پر اصرار کرتی رہی تو ممکن ہے کہ ریلوے کے بہت سے مسافر ہوائی جہاز کو ترجیح دینے لگیں کیوں کہ ڈائنامک کرایہ وہاں بھی نافذ ہوتا ہے لیکن وہاں وقت بہت کم لگتا ہے جبکہ سویدھا ٹرینیں اکثر تاخیر سے ہی چلتی ہیں۔ پینل نے وزارت ریلوے کو اس تعلق سے نوٹس بھی بھیجا تھا جس کے جواب میں ریلوے نے یہ مشورہ ماننے کے بجائے اپنی تاویلیں پیش کی ہیں لیکن پینل نے اسے قبول نہیں کیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK