• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج سے پارلیمانی اجلاس، مودی کا امتحان، اپوزیشن تیار

Updated: June 24, 2024, 10:08 AM IST | New Delhi

بی جےپی کے اراکین پارلیمان کی تعداد میں  کمی کے بعد وزیراعظم کیلئے حزب اختلاف کا سامنا مشکل، نیٹ پیپر لیک پر جوابدہی کے مطالبہ پر ہنگامہ یقینی۔

The current NDA government led by Modi is at the mercy of Chandrababu and Nitish. Photo: INN.
مودی کی قیادت میں  موجودہ این ڈی اے حکومت چندرا بابو اور نتیش کے رحم وکرم پر ہے۔ تصویر: آئی این این۔

مرکز میں  لگاتار تیسری بار وزیراعظم مودی کی قیادت میں  حکومت کی تشکیل کے بعد (آج) ۲۴؍  جون سے شروع ہونےو الا ۱۸؍ ویں لوک سبھا کا پہلا اجلاس مودی کیلئے بڑا امتحان ثابت ہوسکتاہے۔ واضح اکثریت کے ساتھ ۱۰؍ سال تک مرکز میں   اپنی مرضی کے مطابق حکومت چلانے والے وزیراعظم مودی کو جہاں  پہلے سے زیادہ مضبوط اپوزیشن کا سامنا ہے وہیں  ان کی اپنی حکومت کے پاس واضح  اکثریت نہیں  ہے اور اکثریت ثابت کرنے کیلئے این ڈی اے کے اتحادیوں  بطور خاص جنتادل متحدہ (جے ڈی یو)اور تیلگو دیشم پارٹی ( ٹی ڈی پی )کی بیساکھی کی ضرورت ہے۔ ۲۴؍ جون سے ۳؍ جولائی تک کے اس ۱۰؍ روزہ اجلاس میں   پہلے ۲؍ دن نومنتخب اراکین پارلیمان کی حلف برداری میں  گزریں گے جبکہ تیسرا دن (۲۶؍ جون ) مودی حکومت کا پہلا امتحان ہوگا جب اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ 
مودی کو مضبوط اپوزیشن کا سامنا
۱۸؍ویں لوک سبھا میں بی جےپی کے ۲۴۰؍ ایم پی ہیں جبکہ اپوزیشن ’انڈیا ‘ کے پاس ۲۳۴؍ سیٹیں  ہیں۔ مودی نے این ڈی اے کے اتحادیوں  کے ساتھ مل کر حکومت بنائی ہے جن کے اراکین پارلیمان کی مجموعی تعداد ۲۹۳؍ ہے۔ وزیراعظم مودی اور ان کی وزراء کونسل پیر کو اجلاس کے آغاز کے بعد صبح۱۱؍ بجے حلف لیں گے۔ سب سے پہلے وزیراعظم حلف لیں گے۔ ان کے بعد وزراء کونسل کے دیگر اراکین کی حلف برداری ہوگی۔ اس کے بعد مختلف ریاستوں کے ممبران پارلیمنٹ حروف تہجی کے مطابق حلف لیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ریاست آسام کے زیادہ تر ممبران پارلیمان حلف لیں گے اور آخر میں مغربی بنگال کے ممبران پارلیمنٹ کا نمبر آئے گا۔ پیر کو ۲۸۰؍ اور منگل کو ۲۶۴؍ اراکین پارلیمان کی حلف برداری ہوگی۔ 
پروٹیم اسپیکر کے انتخاب پر تنازع برقرار
اجلاس کے آغاز سے قبل ہی حکومت پروٹیم اسپیکرکے انتخاب کے معاملے میں  سوالات کی زد پر آگئی ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ حکومت نے سب سے سینئر رکن پارلیمان کو پروٹیم اسپیکر بنانے کی روایت کی خلاف ورزی کی ہے۔ بی جے پی لیڈر اور ۷؍بار کے ایم پی بھرتری ہری مہتاب کو پروٹیم اسپیکر بنایاگیا جبکہ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس کے رکن پارلیمان کوڈی کونیل سریش ۸؍ ویں  بار لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں اس لئے وہ سب سے سینئر ہیں۔ اس پر پارلیمانی امور کےو زیر کرن رجیجو نے یہ صفائی دی ہے کہ بھرتری ہری مہتاب لگاتار۷؍ ویں   بار ایم پی منتخب ہوئے ہیں جبکہ کوڈی کونیل سریش بھلے ہی ۸؍ ویں  بار منتخب ہوئے ہیں  مگر بیچ میں  ۱۹۹۸ء اور ۲۰۰۴ء میں   ہار بھی چکے ہیں۔ اس طرح وہ بھلے ہی ۸؍ ویں  بار ایم پی منتخؓ ہوئے ہیں  مگر لگاتار چوتھی بار بنے ہیں۔ 
نیٹ تنازع پر حکومت کو جوابدہ بنانے کی کوشش ہوگی
اپوزیشن نے نیٹ معاملے میں  حکومت کو بڑی حد تک جھکنے پر مجبور کرلیا ہے۔ پارلیمانی اجلاس سے ۲؍ روز قبل سنیچر کی رات کو حکومت نے نہ صرف امتحان منعقد کرنے والے ادارے ’این ٹی اے‘ کے سربراہ سبودھ کمار سنگھ کو ہٹا دیا ہے بلکہ ’’بے ضابطگیوں  ‘‘ کی جانچ بھی سی بی آئی کے حوالے کردیا ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ اپوزیشن کے پاس اجلاس کے دوران احتجاج کا کوئی جواز نہ بچے جبکہ اپوزیشن نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کی مانگ کرکے واضح کردیا ہے کہ وہ حکومت کو چین سے نہیں  بیٹھنے دے گی۔ ۲۳۴؍ اراکین پارلیمان کے ساتھ اس بار اپوزیشن کو ’اپوزیشن لیڈر‘‘ کا عہدہ بھی ملنے کی امید ہے جس کیلئے راہل گاندھی کا نام تجویز کیاگیا ہے۔ اگر راہل گاندھی اسے قبول کرلیا تو کئی کمیٹیوں  میں  مودی کو ان کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ 
۱۸؍ ویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس میں  کیا ہوگا؟
پیر ۲۴؍ جون کو پارلیمانی اجلاس کے پہلے دن صبح ۱۱؍ بجے سے نومنتخب اراکین پارلیمان کی حلف برداری شرو ع ہوگی۔ 
سب سے پہلے وزیراعظم مودی اور ان کی کابینہ کے اراکین کی حلف برداری ہوگی۔ 
پہلے دن (پیر۲۴؍ جون کو) ۲۸۰؍ اراکین حلف لیں گے۔ 
دوسرے دن (منگل۲۵؍ جون کو) بقیہ ۲۶۴؍ اراکین کی حلف برداری ہوگی۔ 
بدھ ۲۶؍ جون کو لوک سبھا کے اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ 
جمعرات ۲۷؍ جون کو صدر جمہوریہ کا خطاب ہوگا۔ 
جمعہ ۲۸؍ جون کو وزیراعظم اپنی کابینہ کے اراکین کو ایوان سے متعارف کروائیں گے۔ 
یکم تا ۳؍ جولائی صدر کی تقریر پر تحریک شکریہ منعقد ہوگی۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK