کلیان کی طرف سے بدلاپور تک ٹریک کے مشرقی جانب نئی لائن تعمیر کی جائے گی جبکہ مغربی جانب ایک اور لائن بچھائی جائے گی
EPAPER
Updated: November 23, 2023, 9:24 AM IST | Mumbai
کلیان کی طرف سے بدلاپور تک ٹریک کے مشرقی جانب نئی لائن تعمیر کی جائے گی جبکہ مغربی جانب ایک اور لائن بچھائی جائے گی
ممبئی ریلوے وکاس کارپوریشن (ایم آر وی سی) نے بدھ کو کلیان اور بدلاپور اسٹیشنوں کے درمیان مجوزہ تیسری اور چوتھی لائن کے سلسلے میں چکھلولی میں ایک نئے مضافاتی ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ کاموںکیلئے ۸۱ء۹۳؍ کروڑ روپے کے ٹینڈر جاری کئے ہیں۔ مجوزہ اسٹیشن کی تعمیر کو ۲۰۱۹ءمیں وزارت ریل سے منظوری ملی تھی اور ایم آر وی سی نے کلیان اور بدلا پور کے درمیان ۲؍ اضافی۱۴؍کلومیٹر لائنوں کو حتمی شکل دی تھی جس میں نیا اسٹیشن بھی شامل ہے جسے ممبئی اربن ٹرانسپورٹ پروجیکٹ اے-۳؍ کے تحت الگ کیا گیا ہےجس پر تقریباً ایک ہزار ۵۱۰؍ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔اس بارے میںایک ریلوے افسرنے بتایاکہ ’’نئے ریلوے اسٹیشن کیلئے بڈس کا آغاز۲۳؍نومبر کو ہوگا اور ایک بار ٹھیکیدار کو حتمی شکل دینے کے بعد کام۲۴؍ ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گا۔
کمرشیل ریکارڈ کے مطابق یہ ریلوے اسٹیشن چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس(سی ایس ایم ٹی) سے۶۴ء۱۷؍ کلومیٹر کے فاصلے پرتعمیر کیا جائے گا۔ یہ امبرناتھ اسٹیشن سے۴ء۳۴؍ کلومیٹر اور بدلاپور اسٹیشن سے۳ء۱؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہوگا۔ چکھلولی اسٹیشن کی تعمیر میں تقریباً ۸؍ہیکٹر اراضی کا حصول شامل ہے۔مجموعی منصوبہ یہ ہے کہ دو لائنیں ہوںگی، ایک موجودہ ٹریک کے دونوں طرف صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ہوگی۔ کلیان کی طرف سے بدلاپور تک کرجت جانے والے ٹریک کے مشرقی جانب نئی لائن تعمیر کی جائے گی جبکہ سی ایس ایم ٹی جانے والے ٹریک کے مغربی جانب ایک اور نئی لائن تعمیر کی جائے گی کیونکہ دونوں کیلئے موجودہ لائنوں کی دونوں طرف کافی جگہ موجودنہیں ہے۔ اس کے بعد پٹریوں کو اس طرح جوڑا جائے گا کہ اپ اور ڈاؤن ٹریک کے دو سیٹ بنائے جائیں گےجن میں سے ایک مضافاتی ٹرینوں کیلئے ہوگا جبکہ دوسرا سیٹ مین لائن اور مال گاڑیوںکیلئے استعمال کیا جائے گا۔
کلیان-کسارا ریلوے مسافر اسوسی ایشن کے صدر شیلیش راوت نے اس بارے میںکہاکہ یہ واقعی اچھی خبر ہے۔ ۴؍ سال قبل جب اسے منظوری ملی تھی تب سے ہم اس کا انتظار کر رہے ہیں۔ یہاں کے مقامی باشندے اور مسافر اسٹیشن کی تعمیر کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کیوں کہ بدلا پور اور امبرناتھ کے درمیان بہت زیادہ فاصلہ ہے اور جو لوگ اس علاقے میں رہتے ہیں، وہ بری طرح متاثر ہوتے ہیں کیونکہ بدلاپور اور امبرناتھ اسٹیشنوں سے انہیں پیدل چلنا پڑتا ہے یا آٹورکشا لینا پڑتا ہے یا ٹرانسپورٹ کا کوئی اورذریعہ اپنانا پڑتا ہے۔