ڈپو کا کام عارضی شیڈ سے چلایا جا رہا ہے، مسافر تیزدھوپ اور شدید گرمی میں بس کا انتظار کرنے پر مجبور۔
EPAPER
Updated: March 12, 2025, 10:33 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
ڈپو کا کام عارضی شیڈ سے چلایا جا رہا ہے، مسافر تیزدھوپ اور شدید گرمی میں بس کا انتظار کرنے پر مجبور۔
اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت کلیان بس ڈپو کی جگہ پر’اسٹیشن ایریا ٹریفک امپرومنٹ اسکیم `(سیٹس) کا کام جاری ہے۔ جولائی ۲۰۲۴ میں ایس ٹی ڈپو کے گراؤنڈ فلور کا کام مکمل ہوجانا چاہیے تھا مگر اب تک صرف نصف کام ہی پورا ہوا ہے۔ اس کی وجہ سے ایس ٹی ڈپو کا نظم پترے کے عارضی شیڈ سے چلایا جارہا ہے جس سے مسافروں کو ناقابل برداشت تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کلیان ریلوے اسٹیشن سے متصل ایس ٹی ڈپو سے روزانہ ہزاروں مسافر مختلف علاقوں کا سفر کرتے ہیں۔ تاہم جب سے اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت ترقیاتی کاموں کی شروعات ہوئی ہیں ایس ٹی ڈپو کی حالت انتہائی ناگفتہ ہوچکی ہے۔ مصروف ترین بس ڈپو کو پترے کے شیڈ سے چلایا جارہا ہے۔ مسافر جن میں خواتین، بچے اور بزرگ اس سخت گرمی اور چلچلاتی دھوپ میں پترے کے نیچے بس کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔
پونے کے سوارگیٹ سانحہ کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ نے ہر بس ڈپو میں سی سی ٹی وی نصب کرنا ضروری قرار دیا ہے مگر ان کے ہی ضلع کے مصروف ترین بس ڈپو میں سی سی ٹی وی کا کوئی نظم نہیں ہے۔ اگر یہاں پونے جیسا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو تو پولیس کیلئے سراغ لگانا مشکل ہوجائے گا۔ بس ڈپو انتظامیہ نے سی سی ٹی وی کے نہ ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی بس ڈپو عارضی جگہ پر موجود ہے۔ یاد رہے کہ کلیان بس ڈپو سے پونے، جلگاؤں ، احمد نگر، کولہاپور، شولاپور، بھساول، اورنگ آباد، مرباڈ، پال گھر، ناسک، علی باغ، رتناگیری وغیرہ اہم شہروں کیلئے بسیں چلائی جاتی ہیں۔
بس ڈپو کی موجودہ خستہ حالت سے متعلق استفسار کرنے پر بس ڈپو کے ہیڈ مہیش بھوئے نے کہا کہ بس ڈپو کو با حالت مجبوری پترے کے شیڈ سے چلایا جا رہا ہے۔ سیٹس کے کام میں تاخیر ہونے کی وجہ سے بسوں کو کھڑا کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ عارضی بس ڈپو میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں کئے گئے ہیں۔ لیکن انہوں نے کہا کہ جلد ہی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں مہیش بھوئے نے کہا کہ ہمارے سیکوریٹی گارڈ ۲۴؍ گھنٹے بس ڈپو کی نگرانی کرتے ہیں۔ وہیں پونے سانحہ کے بعد پولیس کا گشت بھی بڑھ گیا ہے۔