Inquilab Logo

بیسٹ کی منی بس ملازمین کی اچانک ہڑتال سےمسافر پریشان

Updated: May 18, 2022, 10:47 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کانٹریکٹ پر گاڑی چلانے والے ملازمین کا وقت پر تنخواہ دینے کا مطالبہ،۱۶۳؍منی بسیں سڑکوں سے غائب،بیسٹ انتظامیہ نے کارروائی کا انتباہ دیا

On Tuesday, the employees of Komini Bus went on a sudden strike due to which the passengers faced severe difficulties. (File photo)
منگل کومنی بس کے ملازمین نے اچانک ہڑتال کردی جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔(فائل فوٹو)

برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ ( بیسٹ ) انڈرٹیکنگ سے ٹھیکہ کی بنیاد پر مدھوکر پاٹل گروپ( ایم پی جی) کی جانب سے  جو چھوٹی بس(منی بس) خدمات شروع کی گئی تھیں منگل کو ان بسوں کےملازمین نے اچانک ہڑتال کر دی۔ ایم پی گروپ کی بسوں کی اچانک ہڑتال سےبس کی خدمات متاثر ہوئیں جس سے مسافروں کوشدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ہڑتال کے سبب ۵؍ ڈپو سے ۱۶۳؍ بسیں نہیں چلیں۔ ملازمین نے ہڑتال کرنے کی وجہ تنخواہ نہ ملنا بتائی ہے۔دوسری جانب ٹھیکیدار کمپنی کے افسر کا کہنا ہے کہ کسی نے تنخواہ ۱۸؍ مئی سے تاخیر سے ملنے کی افواہ اڑا دی تھی جس سے ناراض ہو کر ملازمین نے ہڑتال کااعلان کر دیا  البتہ اس مسئلہ پر ملازمین سے بات چیت کی جارہی ہے۔تادم تحریر بات چیت کا سلسلہ جاری تھا۔
 واضح رہے ممبئی میں ’بیسٹ‘ بسوں کے مسافروں کو عوامی نقل و حمل کی بہترین خدمات میسر کروانے کیلئے ٹھیکہ کی بنیاد پر چھوٹی بس سروسیز شروع کی گئی  ہیں  ۔ 
  اس سلسلے میں ایم پی جی کمپنی کے ایک ملازم نے بتایاکہ ’’ہمیں وقت پر تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔ نومبر کی تنخواہ دینے میں بھی کمپنی آنا کانی کر رہی ہے۔ جب تنخواہ وقت پر نہیںملے گی تو اس مہنگائی میں گزر بسر کیسے کیاجاسکتا ہے اور کیسے اہلِ خانہ کے اخراجات پورے کئے جاسکتے ہیں۔ہم صبح ۵؍ بجے سے ڈیوٹی کرتے ہیں اور اتنی محنت اور جد و جہد کرنے کےباوجود جب تنخواہ نہیںملے گی تو اس کا کیا فائدہ ۔‘‘
 ایم پی کمپنی کے افسر  مئیکر  سے رابطہ قائم کرنے پر انہوںنے نمائندۂ انقلاب کے بتایا کہ ’’ہرماہ کی ۱۸؍ تاریخ کو ملازمین کو تنخواہ دی جاتی ہے لیکن اپریل ماہ کی تنخواہ دینے میں کچھ تاخیر  ہو گئی تھی۔اسی دوران کسی نےسوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیلادی کہ اس ماہ بھی تنخواہ ۱۸؍ مئی کو نہیں بلکہ ۲۵؍ تاریخ تک ہوگی۔اس لئے  ملازمین برہم ہو گئے اور انہوں نے اچانک منگل کی صبح سے ہی ہڑتال کر دی۔ حالانکہ ہم نے انہیں یقین دلایا تھا کہ ابھی ۱۸؍ تاریخ بھی نہیں آئی ہے  اس لئے پہلے سے ہی یہ سمجھ لینا غلط ہے کہ تنخواہ تاخیر سے ملے گی     ۔‘‘
  انہوںنے مزید کہاکہ کمپنی وقت پر تنخواہ دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔دراصل جتنا کلو میٹر گاڑی چلتی ہے اسی حساب سے بیسٹ سے رقم ملتی ہے ۔ اسی لئےملازمین سے ہم نے کچھ وقت بھی مانگا تھا ۔ ملازمین سے بات چیت جاری ہے۔ جب افسر سے نومبر کی تنخواہ اب تک نہ دیئے جانے کے تعلق سے استفسار کیا گیا تو انہوںنے جواب دیا کہ یہ جھوٹ ہے جو بول رہا ہے ا س سے  کہیں کہ وہ تحریری شکل میں شکایت کی کاپی بتائے۔
بیسٹ نے ۹۴؍ اضافہ بسیں چلائیں
  اس سلسلے میں بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیاہے ایم  پی کمپنی کے ملازمین کی ہڑتال میں مسافروں کو کم سے کم پریشانی ہو اس کیلئے بیسٹ کی ۹۴؍ اضافہ بس سروس چلائی گئیں  ۔
بس نہ چلنے پر ۵؍ ہزار روپے جرمانہ
 بیسٹ کے رابطہ عامہ کے افسر منوج وراڈے کے مطابق قرار داد کے مطابق ٹھیکیدارکی جانب سے ایک بس نہ چلانے پر ۵ ؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا ہے۔ اس اعتبار سے ۱۶۳؍ بسیں نہ چلنے پر ۸؍ لاکھ ۱۵؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

BEST BUS Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK