• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۱۵؍دنوں میں پیاز کی قیمت دُگنی ہونے سے عوام پریشان

Updated: June 09, 2024, 8:29 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

پیداوارکم ہونے سے پیاز کےساتھ آلواورلہسن بھی مہنگاہوا، پیاز اور آلو ۳۵۔۴۰؍ اور لہسن ۴۰۰؍ روپے فی کلوفروخت ہورہاہے، مہنگائی سے صارف ان اشیاءکا کم استعمال کرنےپر مجبور

Due to the shortage of onions, there is a fear of further increase in their prices in Mumbai. (File Photo)
پیاز کم آنے کی وجہ سے ممبئی میں ان کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔(فائل فوٹو)

 شمالی ہندوستان میں اچانک پیاز کی مانگ بڑھنے اور پیاز کی پیداوار کم ہونے سے ایک مرتبہ پھر شہر و مضافات میں ۱۵؍دنوں میں پیاز کی قیمت دگنی ہوگئی ہے ، جس کی وجہ سے صارف کےگھریلو بجٹ پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔جوپیاز گزشتہ ہفتہ خوردہ بازار میں ۲۰۔۲۲؍روپے کلو تھی وہ پیاز اب ۳۵؍سے ۴۰؍ روپےکلوہوگئی ہے جس سے عام گھروںکے لوگ پریشان ہیں۔گزشتہ ۱۵؍دنوں میں واشی اےپی ایم سی مارکیٹ میںبھی پیازکی تھوک قیمت دگنی ہوئی ہے۔  پیازکےعلاوہ آلواور لہسن کی قیمتوںمیں بھی اضافہ ہواہے۔
 واضح رہےکہ تھوک بازار میں جو پیاز۱۵؍دنوں قبل ۱۰۔۱۵؍ روپےکلوفروخت ہورہی تھی وہ اب ۲۵۔۳۰؍ روپےکلو فروخت ہورہی ہے ۔دریں اثناء خوردہ بازار میں پیاز اب ۳۵۔۴۰؍ روپے کلوفروخت ہورہی ہے۔ ۲؍ہفتہ میں پیاز کی قیمت میں تقریباً ۲۰؍روپے فی کلو بڑھ گئی ہے۔
    مدنپورہ ،گھیلابائی اسٹریٹ کی رضوانہ انصاری نے بتایا کہ ’’ دیکھتے دیکھتے پیاز کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو رہا ہے ۔ جو پیاز ایک ہفتہ قبل ۲۰۔۲۵؍روپے فی کلو تھی وہ اب ۳۵۔۴۰؍روپے کلو ہوگئی ہے۔ اس کی وجہ سے میں نے اضافی پیاز خریدنا بند کردیاہے ساتھ ہی پیاز کااستعمال بھی احتیاط سے کررہی ہوں۔سمجھ میں نہیں آتاہےکہ ہر  ۲۔۴؍ مہینے پر پیاز کی قیمت میں کیوں اضافہ ہوتاہے؟ ہر پکوان کیلئے پیاز کااستعمال لازم ہے ،ایسی صورت میں پیاز زیادہ مقدار میں استعمال ہوتی ہے لیکن اس کی قیمت بڑھ جانے سے میں نے اس کا استعمال کم کردیاہے۔‘‘
 گوریگائوں کی فاطمہ انصاری کےمطابق ’’ پیاز ہر گھر کی ضرورت ہے ۔ پیازکےبغیر کوئی پکوان نہیں بنایاجاسکتاہے لیکن جس تیزی سے پیاز کی قیمت بڑھ رہی ہے اسے دیکھتے ہوئے ایسامحسو س ہورہاہےکہ اس کی قیمت اور بڑھے اس سے قبل ضرورت کےمطابق پیاز کاذخیرہ گھر میں کرلینا چاہئے  ورنہ پیاز کی خریداری کیلئے مزید زیادہ قیمت ادا کرنی پڑسکتی ہے ۔پیاز کی قیمت بڑھنے سے گھرکابجٹ متاثر ہو رہا ہے۔‘‘
 اے پی ایم سی میں  پیاز کے تھوک بیوپاری دگمبر رائوت کے مطابق’’ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ کا سبب ملک کے شمالی حصوں میں پیاز کی بڑھتی ہوئی مانگ ہے۔ ان دنوں پیاز بڑی مقدار میںملک کےشمال اور جنوبی علاقوںمیں جا رہی ہے۔ اس وجہ سے یہاں آنے والی پیاز کی مقدار کم ہو گئی ہے۔ یہاں روزانہ اوسطاً ۱۲۵؍ٹرک پیاز آتی ہے لیکن ان دنوں صرف ۷۰؍ ٹرک پیاز آر ہی ہے۔ اب مانسون کی آمد کے بعد ہی صورتحال اگلے ہفتے واضح ہو سکے گی۔ بارش کی مقدار اور نقل و حمل پر اس کے اثرات کے لحاظ سے قیمتیں بڑھیں گی یا کم ہوں گی۔‘‘
 رائوت کےمطابق ‘‘پیاز کےساتھ آلو اور لہسن کی کم آمد سے ان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہواہے۔ آلو فی الحال تھوک بازار میں ۲۰۔۲۵؍ روپے فی کلوکے حساب سے فروخت ہو رہاہے جوکہ گزشتہ مہینہ ۱۸؍سے ۲۰؍روپے فی کلوتھا۔تھوک بازار میںآلو کی قیمت بڑھنے سے خوردہ بازار میں آلو ۴۰؍ روپے فی کلوفروخت ہورہاہے جو گزشتہ الیکشن سے قبل ۳۰؍ روپے فی کلوتھا۔ لگتا ہےکہ آلوکی قیمت بھی ۴۵؍سے ۵۰؍ روپےفی کلوتک جاسکتی ہے۔‘‘
 انہوںنے یہ بھی بتایاکہ’’لہسن کی قیمت بھی تھوک بازار میں ۲۰۰؍سے ۲۵۰؍روپے فی کلوتک پہنچ گئی ہے۔ لہسن کی روزانہ صرف ۴۔۵؍ ٹرک مدھیہ پردیش سے آرہے ہیںجویہاں کی ضرورت پوری کرنےکیلئے ناکافی ہے۔ جو لہسن گزشتہ ہفتہ تک ۳۰۰؍ روپے اور گزشتہ مہینہ تک ۲۴۰؍ روپے فی کلو تھا وہ اب ۴۰۰؍ روپے فی کلوتک پہنچ گیا۔
 واشی مارکیٹ میں خوردہ پیاز کاکاروبار کرنےوالے محمد شیخ نے بتایاکہ ’’ پیاز کی قیمت بڑھنے سے ۵؍کلوپیاز خریدنے والے گاہک نے ایک کلو پیاز خریدنا شروع کردیاہےلیکن اس معاملہ میں ہم کچھ نہیں کرسکتےہیں ۔ تھوک بازار میں پیاز کی قیمت بڑھ گئی ہے مجبوراً ہمیں بھی مہنگی قیمت پر پیاز فروخت کرناپڑرہاہے۔ آنے والے دنوںمیں پیاز کی قیمت اور بڑھے گی ایسی اُمیدہے ،کم ازکم ۵۰؍روپے کلو پیاز فروخت ہوگی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK