• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ عوام کو احساس ہے کہ مہاراشٹر غلط ہاتھوں میں ہے‘‘

Updated: July 13, 2024, 10:53 AM IST | Agency | Mumbai

این سی پی سربراہ شرد پوار نے یقین ظاہر کیا کہ اس بار اقتدار میں تبدیلی ضرور ہوگی، دعویٰ کیاکہ اسمبلی الیکشن میں مہا وکاس اگھاڑی کو مجموعی طور پر ۲۲۵؍ سیٹیں حاصل ہوں گی۔

Jayant Patil and others are seen presenting a bouquet to Sudhakar Bhale Rao Sharad Pawar. Photo: INN
سدھاکر بھالے رائو شرد پوار کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے، جینت پاٹل اور دیگر بھی نظر آ رہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

این سی پی کے بانی شرد پوار نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ اسمبلی الیکشن میں مہا وکاس اگھاڑی کو مجموعی طور پر ۲۲۵؍ سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ معمر لیڈر جمعرات کی شام ممبئی میں ایک تقریب کے دوران پارٹی کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ تقریب لاتور ضلع کے  سابق بی جے پی رکن اسمبلی سدھاکر بھالے رائو کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔ 
یاد رہے کہ شرد پوار ان دنوں مسلسل مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور لوگوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ خاص کر ان کسانوں سے جو قحط سالی یا بے موسم برسات کے سبب مشکلات سے دو چار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ مہاراشٹر اس وقت غلط ہاتھوں میں ہے۔ اس کا احساس عوام کو ہو چکا ہے اور گزشتہ لوک سبھا الیکشن میں انہوں نے اس بات کا اشارہ دیدیا ہے کہ وہ ریاست میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ ‘‘ شرد پوار نے کہا ’’ ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا الیکشن میں اپوزیشن پارٹیوں کو  مہاراشٹر میں صرف ۶؍ سیٹیں ملی تھیں جبکہ شیوسینا ۔ بی جے پی کو ۴۱؍ سیٹیں حاصل ہوئی تھیں لیکن اس بار عوام نے  اپوزیشن یعنی مہا وکاس اگھاڑی کو ۳۱؍ سیٹیں دی ہیں جبکہ  این ڈی اے کو ۱۷؍ سیٹوں ہی پر روک دیا۔‘‘  بزرگ لیڈر نے یہ بھی یاد دلایا کہ این سی پی (شرد) نے لوک سبھا الیکشن میں۱۰؍ سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے جن میں سے ۸؍  پر اسے کامیابی حاصل ہوئی۔  شرد پوار کا کہنا ہے کہ ’’اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ اسمبلی الیکشن میں عوام مہا وکاس اگھاڑی کو ۲۲۵؍ سیٹوں پر کامیابی دلائیں گے۔ ‘‘  
شرد پوار نے کہا ’’ مہاراشٹر میں اسمبلی الیکشن اکتوبر میں ہوں گے۔  میرا اندازہ ہے کہ مہا وکاس اگھاڑی کو متحدہ طور پر ۲۸۸؍ سیٹوںمیں سے ۲۲۵؍ سیٹیں حاصل ہوں گی۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس بار ریاست میں اقتدار میں تبدیلی آئے گی۔  اور ہم سب کو مل کر اس کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔‘‘ سینئر لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ’’ مہا وکاس اگھاڑی میں شامل تمام پارٹیوں کے لیڈران اور کارکنان مل کر ریاست میں اپنی طاقت بڑھائیں گے اور اس طاقت کا استعمال وہ مہاراشٹر کو سب سے مضبوط ریاست بنانے کیلئے کریں گے۔‘‘  
اس دوران شرد پوار نے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی سدھا کر بھالے رائو کا اپنی پارٹی میں استقبال کیا۔ بھالے رائو ۲۰۰۹ء اور ۲۰۱۴ء میں  لاتور ضلع کے اودگیر اسمبلی حلقے سے منتخب ہوئے تھے  جو کہ ایک ریزرو سیٹ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس بار بھالے رائو کو بی جےپی سے ٹکٹ ملنے کی امید نہیں ہے لہٰذا انہوں نے شرد پوار کا دامن تھام لیا ہے۔ اُودگیر کی سیٹ مہا وکاس اگھاڑی میں این سی پی (شرد) کے پاس ہے۔ قوی امکان ہے کہ اس بار  این سی پی یہاں سے سدھاکر بھالے رائو کو اپنا امیدوار بنائے۔  اس تقریب میں این سی پی (شرد) کے ریاستی صدر جینت پاٹل اور پارٹی کی کارگزارقومی صدر سپریہ سلے  بھی موجود تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی  بی جے پی کے مزید لیڈران این سی پی میں شامل ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK