ایک ہزار۷۸۰؍ مکان متاثر، ۵۴۸؍مکمل تباہ۔۳۰۰؍ سے زائد سڑکوں اور۶۵؍ پلوں کا نقصان ،۱۴؍ ہزار سے زائد افراد عارضی پناہ گاہوں میں مقیم
Updated: January 24, 2023, 11:39 AM IST | Manila
ایک ہزار۷۸۰؍ مکان متاثر، ۵۴۸؍مکمل تباہ۔۳۰۰؍ سے زائد سڑکوں اور۶۵؍ پلوں کا نقصان ،۱۴؍ ہزار سے زائد افراد عارضی پناہ گاہوں میں مقیم
فلپائن میں محکمہ شہری دفاع نے سیلاب کے پیش نظر امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔ فلپائن کی سرکاری نیوزی ایجنسی ’پی این اے‘ کے مطابق پیر کو قومی شہری دفاع کے سیکریٹری کا لیٹو گالویز جونیئر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے سبب موسم مزید خراب ہوسکتا ہے۔ ایسے میں امدادی کارکنوںکو پہلے سے زیادہ مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ ادھر فلپائن میں سیلاب کےنتیجے میں ایک ہزار ۷۸۰؍ مکان کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے ۵۴۸؍ مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔ اس دوران سیلاب کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ملک کی ’نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل‘ (این ڈی آر آر ایم سی) نے یہ رپورٹ دی ہے۔اس ہفتے کے شروع میں مقامی میڈیا نے بتایا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے کم از کم۳۳؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔این ڈی آر آر ایم سی نے اتوار کو تصدیق کی کہ سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد۳۵؍ ہو گئی ہے ۔ ا س دوران۱۲؍ افراد زخمی اور ۷؍ لاپتہ ہیں۔ یادرہےکہ این ڈی آر آر ایم سی نے بدھ کو مرنے والوں کی تعداد ۳۰؍ بتائی تھی۔ اس وقت۱۳؍ افراد کے زخمی جبکہ۵؍ افراد لاپتہ ہو گئے تھے۔
این ڈی آر آر ایم سی کے مطابق فلپائن میں سیلاب سے کل ایک ہزار ۷۸۰؍مکانات کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے ۵۴۸؍مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔۷۰ ؍ کے قریب شہروں کو بجلی کے بحران کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ۳۰۰؍ سے زائد سڑکیں اور۶۵؍ پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق۳۵۰؍ سے زائد عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں جن میں اس وقت تقریباً ۱۴؍ ہزار ۳۰۶؍ افراد رہ رہے ہیں۔