نومنتخب امریکی صدر نےساتھ مل کر دنیا کو زیادہ محفوظ اور پرامن بنانے کا عز م کیا، تقریب ِ حلف برداری میں چین کے نائب صدر کی شرکت کا فیصلہ۔
EPAPER
Updated: January 19, 2025, 1:06 PM IST | Agency | Washington/Beijing
نومنتخب امریکی صدر نےساتھ مل کر دنیا کو زیادہ محفوظ اور پرامن بنانے کا عز م کیا، تقریب ِ حلف برداری میں چین کے نائب صدر کی شرکت کا فیصلہ۔
پیر ۲۰؍ جنوری کو تقریب حلف برداری سے قبل جمعہ کو امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ فون پر تفصیلی بات چیت کی اور اسے ’’بہت عمدہ‘‘ گفتگو قرار دیتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا سائٹ ’ٹروتھ‘‘ پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ’’صدر شی اور میں دنیا کو زیادہ محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے ہر ممکن قدماٹھائیں گے۔‘‘ ٹرمپ اور شی کے درمیان فون پر یہ گفتگو بیجنگ کے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد ہوئی جس میں بتایاگیا کہ چین کے نائب صدر ہان زینگ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے واشنگٹن پہنچیں گے۔
ٹرمپ نے شی جن پنگ کے ساتھ فون پر گفتگو کو ’’بہت عمدہ‘‘ قراردیتے ہوئے کہا کہ ’’دونوں نے گفتگو کے دوران تجارت میں توازن، ٹک ٹاک اور کئی دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘ ٹرمپ کے مطابق’’یہ میری توقع ہے کہ ہم مل کر بہت سے مسائل کو حل کریں گے، اور فوری طور پر (اس جانب کام) شروع کریں گے۔‘‘
ادھر چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شی نے گفتگو کے دوران ٹرمپ کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی اور کہا کہ وہ اور ٹرمپ دونوں ہی اگلے ۴؍ برسوں میں امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات میں بہترین کیلئے پرعزم ہیں۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق صدر شی نے کہاکہ’’ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ اپنی بات چیت کو بہت اہمیت دیتے ہیں، ہم دونوں امید کرتے ہیں کہ امریکی صدر کے نئے دور میں امریکہ اور چین کے تعلقات ایک اچھی شروعات کریں گے۔‘‘ اطلاعات کے مطابق چینی صدر نے ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ تائیوان کے معاملے پر’’احتیاط سے‘‘کام لیں۔ بیجنگ کا دعویٰ ہے کہ تائیوان اس کی سرزمین کا حصہ ہے اور اس نے دھمکی دی ہے کہ ضرورت پڑی تو وہ اس جزیرے کو چین کے ساتھ ملانے کیلئےطاقت کا استعمال کر سکتا ہے۔