Inquilab Logo

ریاست گیر ہلچل ،رائے گڑھ، ا کولہ اور ایوت محل میں کئی اراکین اسمبلی کافون بند

Updated: June 22, 2022, 9:43 AM IST | murud

علی باغ حلقہ اسمبلی کے رکن مہندر دلوی، مہاڈ کے رکن اسمبلی بھرت گو گائولے اور کرجت کے مہندر تھوروےکا فون پہنچ سے باہر،اکولہ میںرکن اسمبلی لاپتہ، بیوی نے گمشدگی کی شکایت درج کرائی

In Mumbai, pro-Shiv Sena women demonstrate in support of Chief Minister Adu Thackeray.
ممبئی میں شیوسینا کی حامی خواتین وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے حق میںمظاہرہ کرتی ہوئیں،

ایوت محل ، اکولہ : مہاراشٹر کی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے اہم وزیر شہری ترقیات ایکناتھ شندے کی بغاوت کے بعد ریاست کے متعدد اضلاع سےاراکین اسمبلی  کے پہنچ سے باہر ہونے کی خبریں ہیں۔ رائے گڑھ ضلع کے شیو سینا کے تینوں ممبران اسمبلی  بے رابطہ  بتائے جا رہے ہیں۔ان کے موبائل فون سوئچ آف  ہیں  یا ناٹ ریچ ایبل   بتائے جا رہے ہیں۔ضلع میں اس معاملے میں چہ میگوئیاں  جاری  ہیں کہ یہ تینوں اراکین اسمبلی بی جے پی کے رابطے میں  ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق علی باغ حلقہ اسمبلی کے رکن مہندر دلوی، مہاڈ کے رکن اسمبلی بھرت گو گائولے، اور کرجت کے رکن اسمبلی مہندر تھوروے کے فون کال نہیں لگ رہے ہیںجس کی وجہ سے یہاں کے سیاسی حلقوں میںطرح طرح کی بحثیں چھڑ گئی ہیں۔اس معاملے میں ممبران اسمبلی کے قریبی لیڈران سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی اس معاملے میں لاعلمی کا اظہار کیا ۔اچانک ریاست کے سیاسی حالات تبدیل ہونے کی وجہ سے رائے گڑھ ضلع کے تینوں اراکین اسمبلی کے بنگلوں کی سیکو ریٹی بڑھادی گئی ہے۔اس دوران ایسی خبریں آرہی ہیں کہ ضلع کے تینوں ممبران اسمبلی کابینی وزیر ایکناتھ شندے کے ساتھ گجرات کے سورت شہر میں موجود ہے۔کہا جاتا ہے کہ ودھان پریشد کے انتخابات کے دوران شہری ترقی کے وزیر ایکناتھ شندے سمیت  مذکورہ اراکین وزیر اعلیٰ سے ناراض تھے۔
 واضح  رہے کہ یہ اراکین اسمبلی گزشتہ کئی مہینوں سے رائے گڑھ ضلع کی سرپرست وزیرایتی تٹکرے کے معاملے میں وزیر اعلیٰ سے کافی ناراض تھے اور کئی مرتبہ ان اراکین نے  ادیتی تٹکرے کو ہٹانے کی مہم  بھی شروع کی تھی لیکن اس میں وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔اب ان تینوں اراکین اسمبلی کی ناراضگی منظر عام پر آگئی ہے۔واضح رہے کہ ایم وی اے حکومت کی تشکیل کے وقت بھی بی جے پی کی جانب سے اس طرح کی کوششیں کی گئی تھیں لیکن اس وقت بی جے پی کا وہ کارڈ نہیں چل سکا اب پھر سے وہی کارڈ کھیلا جا رہا ہے۔ایسا کہا جا رہا ہے کہ ایکناتھ شندے کے ساتھ جتنے بھی اراکین اسمبلی ہیں وہ شیو سینا کو  الوداع کہہ کر بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ لیڈروں کا پارٹی چھوڑدینا شیو سینا کے لئے نیا نہیں ہے، اس سے قبل نارائن رانے، چھگن بھجبل،راج ٹھاکرے اور گنیش نائیک بھی شیو سینا کو الوداع کہ دیا تھا۔
ایوت محل رکن اسمبلی سنجے راٹھور کا موبائل فون بند
 قانون ساز کونسل انتخابات کے بعد  ریاستی وزیر ایکناتھ شندے  کےشیوسینا کے اراکین اسمبلی    کے  ساتھ گجرات میں ہونے کی خبر سے ہلچل مچی ہوئی ہے۔سابق وزیر جنگلات  اوررکن اسمبلی سنجے راٹھور کا موبائل فون بند آرہا ہے۔
 ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی پارٹی نے مہا وکاس اگھاڑی سرکار کوایک اورزور دار جھٹکا دیا ہے۔کئی دنوں سے مہا وکاس اگھاڑی سرکار کے لیڈروں میں سرگوشیاں چل رہی تھیں۔کونسل انتخابات ہوتے ہی شیوسینا لیڈر غائب ہوگئے۔ وزرات حاصل کرنے کی خواہش میں اِن اراکین  کے ذریعے بغاوت کئے جانے کے تبصرے  ہورہے ہیں۔وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے اور ایکناتھ شندے میں کئی دنوں سے ناراضگی بھی پائی جارہی تھی۔رکن اسمبلی سنجے راٹھور وزارت گنوانے کے بعد کلین چٹ ملتے ہی اس امید میں تھے کہ اُنہیں واپس وزیر بنایا جائے گا لیکن اُنہیں صرف دلاسہ دیا جاتا رہا۔ اس بنیاد پر کہا جارہا ہےکہ اس بات سے ناراض سنجے راٹھور نے ایکناتھ شندے کا ساتھ دیا ہے۔سنجے راٹھور ایکناتھ شندے کے قریبی مانے جاتے ہیں۔
ایم  ایل سی انتخابات میں کیا ہوا ؟
 قانون ساز کونسل کے الیکشن میں شیوسینا کے ۱۳؍ ووٹوں کی پھوٹ رہی اور سینا کے دونوں امیدوار سچن اہیر  اور آمشیا پاڑوی بہت کم فرق سے کامیاب ہوئے۔نتائج کے بعد ہی ایکناتھ شندے غائب ہوگئے اور دیگر اراکین کے موبائل فون بند پائے گئے۔اس خبر کے منظر عام پر آتے ہی ٹھاکرے سرکار کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔
اکولہ ضلع کے بالاپور رکن اسمبلی لاپتہ
 ضلع کے بالاپور حلقہ انتخاب سے رکن اسمبلی نتن دیشمکھ کی بیوی پرانجلی دیشمکھ نے سول لائنس پولیس تھانے میں اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے شکایت درج کرائی ہے۔رکن اسمبلی نتن دیشمکھ کا بھی فون صبح سے بند آنے کے بعد تشویش میں مبتلا اُ ن کی بیوی نے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی ہے۔ اراکین اسمبلی سے کوئی رابطہ کیوںنہیں ہو رہا ہے ،اس خبر نے ریاست میں نیا سیاسی موڑ لیا ہے اور وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل پرانجلی دیشمکھ کی شکایت کو بنیادبناکر مہاراشٹر پولیس کا دستہ سورت روانہ کرسکتے ہیں۔خبر کے مطابق نتن دیشمکھ دواخانے میں داخل ہیں۔ایکناتھ شندے کے ساتھ گئے ہوئے اراکین اسمبلی کو قید کرکے رکھا گیا  ہےاوران کی جان کو بھی خطرہ ہونے کی بات سنجے راؤت نے کہی ہے۔اس دوران وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے فوری طورپر وزیر اعلیٰ ٹھاکرے سے ’ورشا‘ بنگلے میں ملاقات کرنے کی خبر ہے۔کئی اراکین کو جبراً اُٹھا کر لے جانے کی بات سامنے آنے کے بعد اراکین کو واپس لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اب تک ۹؍ اراکین اسمبلی کی شکایت پولیس میں درج ہونے کی بات سنجے راؤت نے کہی ہے۔
 اسمبلی میں اکثریت کے اعداد و شمار پار کرنا بی جے پی کا ایک خواب: پٹولے
 مہاراشٹر کانگریس کے سربراہ نانا پٹولے نے بی جے پی پر  الزام لگاتے ہوئےکہا  ہےکہ ملک میں جاری سیاسی بحران کو بھگوا سیاست کا حصہ قرار دیا ہے۔انہوں نے مہاراشٹر میں سیاسی بحران پر ناگپور میں نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی مرکز میں اپنے موجودہ اختیارات کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ یہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ پیسہ اور طاقت غالب ہے۔ بی جے پی غلط راستے پر چل رہی ہے، بالآخر جیت سچائی کی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں سیاسی بحران کے درمیان کانگریس کی ریاستی اکائی کے قائدین اس پر مہاراشٹر میں ملاقات کر رہے ہیں اور حالیہ صورتحال پر اپنا موقف طے کر یں گے۔ادھر شیوسینا میں اس بغاوت کے خلاف  پارٹی کارکنان نے ادھو کی حمایت میں مظاہرہ بھی کیا ہے۔

shiv sena Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK