حج کمیٹی نے وہاٹس ایپ پر سعودی عرب میں ۲؍ہزار روپے قبول نہ کئے جانے کے پیغامات کے تعلق سے کہا کہ عازمین حج پرروانگی سے قبل بقدر ضرورت انڈین کرنسی کے عوض ریال حاصل کرلیںتاکہ وہاں کوئی دشواری پیش نہ آئے
EPAPER
Updated: May 24, 2023, 9:33 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai
حج کمیٹی نے وہاٹس ایپ پر سعودی عرب میں ۲؍ہزار روپے قبول نہ کئے جانے کے پیغامات کے تعلق سے کہا کہ عازمین حج پرروانگی سے قبل بقدر ضرورت انڈین کرنسی کے عوض ریال حاصل کرلیںتاکہ وہاں کوئی دشواری پیش نہ آئے
ازمین کو ہندوستانی روپے نہ لے جانے کا حج کمیٹی کی جانب سے مشورہ دیا جارہا ہے۔ دراصل ۲؍ہزار روپے بینکوں میں جمع کرانےکے حکومت کے فرمان کے بعد سے وہاٹس ایپ کے الگ الگ گروپ میں ۲؍ہزار روپے سعودی عرب میں قبول نہ کئے جانے کے پیغامات بھیجےجارہے ہیں ۔اس پر حج کمیٹی آف انڈیا کاکہنا ہے کہ عازمین حج پرروانگی سے قبل بقدر ضرورت انڈین کرنسی کے عوض ریال حاصل کرلیںتاکہ انہیںوہاں کوئی دشواری نہ ہو۔
وہاٹس ایپ پیغام میںکیا لکھا گیا ہے
وہاٹس ایپ گروپ میںسعودی عرب کے قومی پرچم کا نشان نمایاں کرتے ہوئے یہ پیغام لکھا گیا ہےکہ سعودی عرب کےایکسچینج آفس میں ۲؍ہزار روپے کے انڈین نوٹ نہیںلئے جائیں گے۔ہندوستان کےتمام عازمین سے درخواست ہے کہ اپنے ساتھ عازمین ۱۰۰؍ ۲۰۰؍۵۰۰؍ روپے کے نوٹ لے کرآئیں،۲؍ہزارکے نہیں۔ یہ اہم اعلان ہے ، اس سے حاجیو ں کومطلع کریں اور انہیںیہ پیغام پہنچائیں۔
حج کمیٹی کا جواب اورباضابطہ حکمنامہ
موصول نہ ہونے کی وضاحت
وہاٹس ایپ پراس طرح کے پیغامات کے تعلق سے نمائندۂ انقلاب نے حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اویعقوب شیخا سے استفسار کیا تو انہوں نے بتایاکہ ’’ اس طرح کا کوئی باضابطہ پیغام سعودی قونصل جنرل جدہ برائے ہند یا حکومت کی جانب سے ہمیںموصول نہیںہوا ہے لیکن یہ صحیح ہے کہ۲؍ ہزارروپے ،جس کےتعلق سے خود حکومتِ ہند نے اعلان کیا ہے کہ اسے ۴؍ماہ کے اندر بینکوں میں جمع کرادیاجائے تو ظاہر ہے کہ دوسرے ممالک میں اسے قبول کرنے کیلئے ویسے بھی مسائل ہوں گے۔‘‘انہوںنے یہ بھی کہاکہ’’ صرف ۲؍ ہزار روپے کانوٹ ہی نہیںبلکہ کوئی بھی انڈین کرنسی نہ لے جانا بہتر ہوگا کیونکہ سعودی عرب میںانڈین کرنسی توچلتی نہیںہے وہاںریال کی ضرورت ہوتی ہے۔اس لئے بہترہوگا کہ عازمین حسب ِ ضرورت ریال حج پرروانگی سے قبل وطن عزیز میں ہی تبدیل کرواکرلے جائیںتاکہ حج کے ایام میں انہیں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔‘‘
حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اونے یہ بھی بتایاکہ’’چند ماہ قبل ۱۵۰۰؍ریال عازمین کوحج پر جانے سے قبل اپنے طور پرحاصل کرنے کیلئے کہا گیا تھا ۔اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ مزید ریال لے جانے کے لئے عازمین کسٹم اورآر بی آئی کی گائیڈ لائن کوپیش نظررکھتے ہوئے انڈین کرنسی کوریال میںتبدیل کرواسکتے ہیں۔ یہ انتظام یا اعلان پہلے اس لئے کردیا گیا تھا تاکہ عازمین وقت سے پہلے یہ ساری تیاری کر لیں اورعین وقت پرانہیںکوئی دشواری نہ ہو۔یہی مشورہ ۲؍ ہزارروپے کے نوٹ اور دیگر انڈین کرنسی سعودی عرب لے جانے کےتعلق سے ہے کہ حج پرروانہ ہونے سے قبل ہندوستان سے ہی حسبِ ضرورت انڈین کرنسی ریال میںتبدیل کروا لیں تاکہ سعودی عرب میںاس کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔‘‘