• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ کے ساتھ تعلقات نئے دور میں: پیوش گوئل

Updated: October 21, 2024, 12:49 PM IST | New Delhi

گوئل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ ۱۰؍ سال کے تعاون اور تال میل کی وجہ سے تجارت اور سرمایہ کاری کے میدان میں دونوں ممالک کے تعلقات آج ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جہاں شک اور تنازع کی بجائے ہندوستان کے تئیں ایک نیا اعتماد قائم ہوا ہے۔

Piyush Goyal.Photo: INN.
پیوش گوئل۔ تصویر: آئی این این۔

تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے سنیچر کو امریکہ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے موجودہ دور کو نیا اور بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اہم معدنیات کی سپلائی چین کو وسعت دینے کیلئے امریکہ کے ساتھ تعاون کو شراکت کی سطح تک لے جانا چاہتا ہے۔ 
گوئل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ ۱۰؍ سال کے تعاون اور تال میل کی وجہ سے تجارت اور سرمایہ کاری کے میدان میں دونوں ممالک کے تعلقات آج ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جہاں شک اور تنازع کی بجائے ہندوستان کے تئیں ایک نیا اعتماد قائم ہوا ہے۔ 
گوئل اس ماہ کے شروع میں امریکہ کے چار روزہ دورے پر گئے تھے۔ اس دوران انہوں نے پہلے دو دن نیویارک میں صنعتی دنیا کے نمائندوں، انجمنوں اور سرمایہ کاروں سے میٹنگ کی اوردورے کے دوسرے مرحلے میں واشنگٹن میں ہند امریکہ سی ای او فورم کی میٹنگ میں حصہ لینے کے علاوہ امریکی کامرس وزیرجینا ریمنڈو اور امریکی تجارتی نمائندے (یوایس ٹی آر) کیتھرین تائی کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاروں کے تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور تجارتی پالیسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران دونوں کے درمیان اہم معدنیات کی سپلائی چین کو وسعت دینے کے شعبے میں تعاون کے ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے۔ 
اپنے دورے کے بارے میں گوئل نے بات چیت میں کہاکہ ’’یہ ایک غیر معمولی دورہ تھا اور اس کا تجربہ پہلے کے دوروں سے بالکل مختلف تھا۔ اس دوران، مختلف ملاقاتوں میں کوئی منفی مسئلہ نہیں اٹھایا گیا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مودی حکومت کے مسلسل تیسری بار اقتدار میں آنے کے تعلق سےعوام میں ایک طرح کا تجسس نظر آیا اور اس کی وجہ سے عوام میں بے مثال مثبت اشارے بھی مل رہے ہیں۔ 
انہوں نے کہاکہ ’’روپیہ- ڈالرشرح تبادلہ کے استحکام کے بارے میں وہاں کے سرمایہ کار اب بے فکرنظر آتے ہیں کیونکہ اس میں استحکام آیا ہے۔ تعلقات کے مستقبل کے بارے میں شکوک اب تاریخ بن چکے ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان چوٹی کانفرنس کے بعد دونوں ممالک کے سرمیان اسٹیل، ایلومینیم اور کچھ دیگر صنعتی اور زرعی مصنوعات کی تجارت کے میدان میں جاری ۷؍ تنازع کو ختم کرنے پرطے پانے والے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئےگوئل نے کہاکہ ’’اب تنازع کے معاملات تاریخ بن چکے ہیں۔ ‘‘خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مرکزی وزیر پیوش گوئل نے امریکہ کے دورے کی تفصیلات فراہم کی تھی اور اسے بہت ہی کامیاب دورہ قرار دیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK