غزہ کو خالی کرالینے کےٹرمپ کے سازشی منصوبے کے برخلاف سعودی ،قطر ، یواے ای اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر قاہرہ متبادل پلان تیار کررہاہے۔
EPAPER
Updated: February 19, 2025, 1:12 PM IST | Agency | Cairo
غزہ کو خالی کرالینے کےٹرمپ کے سازشی منصوبے کے برخلاف سعودی ،قطر ، یواے ای اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر قاہرہ متبادل پلان تیار کررہاہے۔
غزہ کی تعمیر نو کے نام پر اس پر قبضہ اور اسے فلسطینیوں سے خالی کرالینے کے ٹرمپ کے سازشی منصوبہ کے برخلاف مصرایک متبادل لائحہ عمل تیار کررہاہے جس میں اہل غزہ کو غزہ سے ہٹائے بغیر اسے نئے سرے سے بسایا جائےگا۔ اس ضمن میں عرب ممالک کا ایک ہنگامی اجلاس ۴؍ مارچ کو قاہرہ میں منعقد ہوگا۔ یہ اجلاس پہلے ۲۷؍ فروری کو ہونا تھامگر کچھ تیاریاں اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکیں گی اس لئے عرب سمٹ کو ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے۔
قاہرہ کے مطابق عرب ممالک کی نئی تاریخ کا اعلان بحرین کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے جو اس وقت عرب لیگ کا سربراہ ہے۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک فلسطینیوں کو بے دخل کئے بغیر غزہ کی تعمیر نو کے ایک جامع منصوبے پر کام کررہاہے۔ مصر کے سرکاری اخبار ’’الاہرام‘‘ کے مطابق اس منصوبہ کے تحت ابتدا میں غزہ میں ہی کچھ ’’محفوظ علاقے‘‘ وضع کئے جائیں جہاں اہل غزہ کی رہائش کا انتظام کیا جائےگا اور بین الاقوامی تعمیراتی ادارے اس دوران ملبہ کو ہٹا کر غزہ کے الگ الگ علاقوں میں نئے سرے سے تعمیراتی کام کریں گی۔ مصری حکام اس منصوبے پر سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر عرب ممالک نیز یورپی سفارتکاروں کے ساتھ بھی صلاح و مشورہ کررہے ہیں۔ تعمیر نو کے اخراجات کیلئے فنڈ کی فراہمی بھی زیر غور ہے۔ اس کیلئے بین الاقوامی کانفرنس کے امکان کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
۴؍ لاشیں اور ۶؍ یرغمال اسرائیل کو سونپے جائینگے
حماس نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدہ کے تحت سنیچر کو مزید ۶؍ اسرائیلی یرغمالوں کوا پنی قید سے رہا کرے گا۔اس سے قبل جمعرات کو جنگجو تنظیم نے ۴؍ یرغمالوں کی لاشیں بھی تل ابیب کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پہلاموقع ہے جب حماس یرغمالوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کریگا۔ غزہ میں حماس کے لیڈر خليل الحيہ کی قیادت میں ہونے والی ایک میٹنگ کے بعد حماس کے ترجمان نے اعلان کیا کہ ’’پہلے مرحلے کی جنگ بندی کی شرط کے تحت اسرائیل کے بقیہ ۶؍ یرغمالوں کو بھی سنیچر کو تل ابیب کے حوالے کردیا جائےگا۔ انہوں نے بتایا کہ رہا ہونےوالے یرغمالوں میں ہشام السیداور اویرا مینگیسٹو شامل ہیں۔ انہوں نےبتایا کہ اس سے قبل جمعرات کو ۴؍ یرغمالوں کی لاشیں صہیونی ریاست کے حوالے کی جائیں گی۔