• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’برائے مہربانی کسی بھی پارٹی کا امیدوار ہماری بستی میں ووٹ مانگنے نہ آئے ‘‘

Updated: October 23, 2024, 10:30 PM IST | Ali Imran | Nagpur

ناگپور میں خانہ بدوش باشندو ں نے اپنی بستی میں بینر لگائے ، کئی دہائیوں سے پسماندہ زمرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں

A banner in a nomad settlement
خانہ بدوشوں کی بستی میں لگا ہوا بینر

ناگپور سے گزشتہ دنوں خبر آئی تھی کہ ہلبا سماج کے لوگوں نے ٹکٹ نہ ملنے پر الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس کیلئے انہوں نے اپنے علاقے میں بورڈ بھی لگا دیئے ہیں۔ اب اسی طرح کا اعلان ناگپور کے خانہ بدوش قبیلوں نے بھی کیا ہے۔ ضلع کےکلمانہ علاقے میں خانہ بدوش قبائل آباد ہیں۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ۴۰؍ سال قبل دی گئی زمین پر یہ  قبائلی لوگ رہتے ہیں ۔ خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے اس سماج کو اب تک کسی پسماندہ  ذات کے زمرے میں شامل نہیں کیا گیا ہے، ان  کے پاس کوئی ایسا سرٹیفکیٹ بھی نہیں ہے کہ یہ لوگ کسی سرکاری اسکیم کا فائدہ اٹھاسکیں۔ اپنے مسائل کو عوامی نمائندوں تک پہنچانے کیلئے اسمبلی انتخابات سے قبل، انہوں نے بستی میں بینر لگائے ہیں جس پر لکھا ہے کہ کسی بھی پارٹی کے نمائندے اس  علاقے میں ووٹ مانگنے نہ آئیں۔
  ریاست میں انتخابات کے اعلان کے بعد کلمانہ علاقے میں پانگول سماج کی کچی بستیوں میں لگے یہ بینر عوامی نمائندوں کو منہ چڑا رہے ہیں۔ اسمبلی انتخابات سے پہلے ریاستی حکومت نے سماجی برابری قائم کرنے کی کوشش کی اور اسی مناسبت سے کئی مہامنڈل (کارپوریشن) کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔ یہی نہیں، مختلف ذاتوں اور مذاہب کو اپنی طرف متوجہ کرنے کیلئے سیکڑوں جی آر بھی جاری کئے گئے۔ اس کے باوجود پانگول سماج کا مسئلہ حل نہیں ہوا۔ چنانچہ اپنے مسائل کی طرف توجہ مبذول کروانے کیلئے اس خانہ بدوش قبیلےنے  ان بینر کا سہارا لیا ہے۔
  اس بینر کے  متن سے یہاں کے باشندے اپنا درد بیان کررہے ہیں۔ ہم ہندوستانی ہیں، ہم خانہ بدوش قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہمارے پاس زمین نہیں ہے نہ  اسکا کوئی ثبوت  ہے۔ ہمارے آباواجداد نے تعلیم حاصل نہیں کی، اسلئے ذات کا ریکارڈ درج نہیں ہو سکا۔‘‘ آگے لکھا ہے ’’ہمارے بچے اب بڑے ہو چکے ہیں، سیکھنے لگے ہیں، انہیں سرکاری اسکیم کا فائدہ ملنا چاہئے، ہمیں اسکیم میں گھر ملنا چاہئے۔ لیکن ان اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کیلئے ذات کا سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔‘‘ بینر کے مطابق’’ اس کیلئے ہم اکثر کلکٹر، سب ڈیویژنل آفیسر، تحصیلدار، رکن اسمبلی، رکن پارلیمان، کارپوریٹر، سوشل ویلفیئر و دیگر افسران سے ملتے ہیں لیکن اسکا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ہماری ذات کیا ہے ایک بار اس کا فیصلہ کر لیں اور اسی کے مطابق سرٹیفکیٹ دیں۔ ‘‘ ان کا کہنا ہے ’’الیکشن کے وقت ہر پارٹی کاامیدوار ووٹ مانگنے بستی میں آئے گا لیکن اب کسی بھی پارٹی کا کوئی امیدوار ہماری بستی میں نہ آئے۔‘‘ 

nagpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK