Inquilab Logo Happiest Places to Work

وقف ترمیمی قانون رد کئے جانے تک مہم جاری رکھنے کا عہد، ۵؍ نکات پر خصوصی توجہ

Updated: April 28, 2025, 12:11 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۷؍ جولائی تک جاری رہنے والی اس تحریک کے تیسرے مرحلے کے طور پر مختلف علاقے میں الگ الگ مساجد میں خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

A view of a special session against the Waqf Amendment Act at Masjid Miraj. Photo: INN.
مسجد معراج میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف خصوصی نشست کا منظر۔ تصویر: آئی این این۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام وقف ترمیمی قانون کے خلاف تحریک جاری ہے۔ ۷؍ جولائی تک جاری رہنے والی اس تحریک کے تیسرے مرحلے کے طور پر مختلف علاقے میں الگ الگ مساجد میں خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اسی ضمن میں مسجد معراج چیتا کیمپ اور بلال مسجد میراروڈ میں سنیچر اور اتوار کی شب میں خصوصی نشستیں منعقد کی گئیں اور ذمہ داران نے اظہار خیال کیا۔ 
پانچ نکات پر خصوصی توجہ دلائی گئی
دونوں مساجد میں ۵؍ نکات پر مقامی ذمہ دار شخصیات اور بورڈ کے اراکین کی جانب سے توجہ دلائی گئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ معاملے کی نزاکت اور قانون کے نقصانات کو محسوس کیا جائے۔ اگر خدانخواستہ یہ قانون رد نہ ہوا تو وقف املاک کو زبردست خطرات لاحق ہوں گے اور اس قانون کی آڑ میں حکومت کا یہی منشا ہے۔ 
(۱)اس قانون کو رد کرانے کے لئے ملت کا ہر فرد بیدار رہے اور وہ اس کے نقصانات کو سمجھے۔ (۲) یہ قانون وقف کی املاک کو ہڑپنے کے لئے لایا گیا ہے۔ (۳) خواتین کو بھی اس تعلق سے بیدار کیا جائے اور ان کو اس قانون کے نقصانات سے آگاہ کراتے ہوئے انہیں جوڑا جائے تاکہ وہ بھی اس تحریک کا حصہ رہیں اور جہاں ضرورت ہو بورڈ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنی موجودگی درج کرائیں اور اس کی پرزور مخالفت کریں ۔ (۴) وقف املاک کا حقیقی مالک رب العالمین ہے مگر ایسا قانون جان بوجھ کر مسلمانوں پر تھوپا گیا ہے جس سے وقف املاک پر ناجائز قبضہ ختم کرانا مشکل ہو اور مزید قبضے کی راہ آسان ہو اور لاکھوں ایکڑ زمینوں سے مسلمان ہاتھ دھو بیٹھیں ۔ (۵) یہ قانون آئین مخالف ہے اور مذہبی آزادی چھیننے والا ہے۔ اس لئے بورڈ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا حصہ بنیں، ہر اجلاس اور میٹنگ میں شرکت کریں، دوسروں کی ذہن سازی کریں ، برادران وطن کو بھی پیغام دیں اور اس تعلق سے جمہوری طریقے اور قانونی لڑائی میں کامیابی کیلئے بارگاہ ایزدی میں خصوصی دعا کریں۔ 
چیتا کیمپ میں مولانا محمد زاہد خان، قاری محمد عمران، مولانا محمود دریابادی، حافظ اقبال چوناوالا، قاری محمد صادق ( مہتمم جامعہ معراج العلوم )، مولاناظفر( امام و خطیب ایف سیکٹر مسجد)، ابوالحسن (صدرمعراج العلوم)، وکیل خان( ٹرسٹی پائیلی پاڑہ مسجد)، احمدعلی خان، محمد فاروق، شبیر خان اور ناصر شیخ نے اظہار خیال کیا جبکہ بڑی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK