ملکارجن کھرگے کی صدارت میں اجلاس کا آغاز ۸؍ اپریل کو احمدآباد میں ہوگا اور۹؍ اپریل کو ’اے آئی سی سی‘ کے مندوبین کی میٹنگ ہوگی ، ۱۹۶۱ء کے بعد پہلی مرتبہ گجرات میں کنونشن کاانعقاد ہوگا۔
EPAPER
Updated: February 25, 2025, 11:18 AM IST | Agency | New Delhi
ملکارجن کھرگے کی صدارت میں اجلاس کا آغاز ۸؍ اپریل کو احمدآباد میں ہوگا اور۹؍ اپریل کو ’اے آئی سی سی‘ کے مندوبین کی میٹنگ ہوگی ، ۱۹۶۱ء کے بعد پہلی مرتبہ گجرات میں کنونشن کاانعقاد ہوگا۔
وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ کے گجرات میں کنونشن کے انعقاد کااعلان کرکے کانگریس نے یہ واضح پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ بی جے پی اور آر ایس ایس سے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔ کانگریس کا یہ کنونشن ۸؍ اور ۹؍ اپریل کو گجرات کے احمد آباد میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے کانگریس کے نمائندے پارٹی کو درپیش مختلف چیلنجوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ گزشتہ ۵۴؍ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب کانگریس اپنے قومی سطح کا کوئی اجلاس گجرات میں کرنے جارہی ہے۔ ریاست میں پہلی مرتبہ ۱۹۶۱ء میںکانگریس نے اپنا قومی کنونشن ’بھاؤ نگر’ میں منعقد کیا تھا۔
یہ اطلاع دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ یہ پارٹی کا۲؍ روزہ اجلاس ہوگاجس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے تمام اہم نمائندے شریک ہوں گے اوربی جےپی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں سے درپیش چیلنجوں اور آئین اور اس کی اقدار پر مسلسل حملوں پر بات کرنے کے بعد پارٹی کا مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔اس کی تفصیلات کو عام کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یہ کنونشن۸؍ اپریل کو توسیع شدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ کے ساتھ شروع ہوگا اور پھر۹؍ اپریل کو’اے آئی سی سی‘ کے مندوبین کی میٹنگ ہوگی۔ دونوں میٹنگوں کی صدارت پارٹی سربراہ ملکارجن کھرگے کریں گے۔ ان میٹنگوں میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی، کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، پارٹی کے قومی افسران، سینئر لیڈر اور اے آئی سی سی کے دیگر نمائندے بھی شرکت کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کرناٹک کے بیگام ضلع میں کانگریس کاایک قومی کنونشن ہوا تھا جو ۱۹۲۴ء کے اجلاس میں مہاتما گاندھی کی کانگریس کی صدارت سنبھالنے کے ۱۰۰؍ سال مکمل ہونے کی یاد میں منعقدہ کیا گیا تھا۔ احمد آباد میں ہونے والے اس اجلاس کے تعلق سے کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ بیلگام میں ہوئے توسیع شدہ سی ڈبلیو سی کے’ نو ستیہ گرہ‘ میٹنگ کے التزامات کی پیش رفت کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ ’’مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی وراثت اور آئین کے تحفظ اور فروغ کی فوری ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ۲۶؍ جنوری۲۰۲۵ء اور۲۶؍ جنوری۲۰۲۶ء کے درمیان، کانگریس ’سمودیدھان بچاؤ راشٹریہ پد یاترا‘ کے تحت بڑے پیمانے پر، ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کرے گی۔ اس کے علاوہ مہاتما گاندھی کے سچائی، عدم تشدد اور انصاف کے نظریات سے کانگریس وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے، ان کی جائے پیدائش گجرات میں کانگریس کاکنونشن منعقد کیا جائے گا۔‘‘کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’احمد آباد اجلاس نہ صرف اہم بات چیت کیلئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا بلکہ عام لوگوں کے خدشات کو دور کرنے اور ملک کیلئے ایک مضبوط متبادل نقطہ نظر پیش کرنے کی خاطر کانگریس کے اجتماعی عزم کی بھی تصدیق کرے گا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس اجلاس کا مقصد بی جے پی اور مرکز کے ساتھ مختلف ریاستوں میں اس کی حکومتوں کی عوام مخالف پالیسیوں اور آئین کے بنیادی اقدار پر مسلسل ہونے والے حملوں پر غور کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی اس اجلاس میں آئندہ کیلئے پارٹی کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔ انہوں نے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا یہ اجلاس نہ صرف آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا بلکہ ملک کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور قوم کیلئے ایک مضبوط متبادل نظریہ پیش کرنے کی خاطر پارٹی کے اجتماعی عزم کی توثیق بھی کرے گا۔