• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی کویت پہنچے، ہندوستانیوں سے خطاب، دلیپ کمار کو یاد کیا

Updated: December 22, 2024, 12:49 PM IST | Agency | New Delhi/ Kuwait

عالمی ترقی میں ہندوستانی تارکین وطن کے رول کو سراہا،یاد کیا کہ کویت میں پہلے ہندوستانی ریسٹورنٹ کا افتتاح شہنشاہ جذبات نے کیاتھا۔

Prime Minister Modi met Indian laborers at a labor camp in Mina Abdullah area of ​​Kuwait City. After that he addressed the "Hila Modi" program. Before this program he was meeting Indian immigrants. Photo: INN
وزیراعظم مودی نے کویت سٹی کے علاقے مینا عبداللہ میں لیبر کیمپ میں ہندوستانی مزدوروں سے ملاقات کی۔ اس کے بعد انہوں نے’’ہلا مودی‘‘ پروگرام سے خطاب کیا۔ اس پروگرام سے قبل وہ ہندوستانی تارکین وطن سے ملتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی سنیچر کو۲؍روزہ دورے پر کویت سٹی پہنچ گئے جہاں نائب وزیر اعظم شیخ فہد یوسف الصباح اور دیگر سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ کویت پہنچنے کے بعد سرکاری عہدیداروں  سے ملاقات کے ساتھ ہی انہوں  نے ہندوستانی تارکین وطن اور کویت میں  برسرروزگار افراد سے ملاقات کی اوران کی خدمات کو سراہا۔ 
وزیراعظم نے شیخ سعد العبداللہ اِن ڈور اسپورٹس کامپلکس میں ’’ہلا مودی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ پروگرام میں  ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کرتے ہوئے کویتی سماج میں ہندوستانی رنگ ڈالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ ساتھ ہی اطمینان دلایا کہ اگر کوئی پریشانی ہوتو ان کیلئے ہندوستان کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ ا س موقع پر انہوں نے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کو بھی یاد کیا اور بتایا کہ کویت میں  پہلے ہندوستانی ریسٹورنٹ کا افتتاح دلیپ کمار کے ہاتھوں  ہواتھا۔ ہندوستان اور کویت کے درمیان قربتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ان اولین ممالک میں  شامل ہے جس نے کویت کی آزادی کے بعد اسے تسلیم کیا۔ 
انہوں  نے کویت دورے میں اپنے پروگرام کے آغاز میں مینا عبداللہ کے علاقے میں مزدور کیمپ کا دورہ کیا اور ہندوستانی کارکنوں سے بات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ’’وزیراعظم نریندر مودی نے کویت کے علاقے مینا عبداللہ میں لیبر کیمپ کا دورہ کر کے اپنے پروگرام کا آغاز کیا۔ انہوں نے ہندوستانی کارکنوں سے بات چیت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیر اعظم کا آج کا پہلا پروگرام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہندوستان بیرون ملک ہندوستانی کارکنوں کی بہبود کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔ ‘‘
مینا عبداللہ کے علاقے میں تقریباً ۱۵؍سو ہندوستانی شہری کام کرتے ہیں۔ قبل ازیں جب مودی یہاں پہنچے تو ہندوستانی تارکین وطن نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ 
 مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں پرتپاک استقبال کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ’’آپ کی توانائی، محبت اورہندوستان کے تئیں اٹل تعلق واقعی متاثر کن ہے۔ آپ کے جوش و خروش کیلئے مشکور ہوں اور ہمارے ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں آپ کے تعاون پر فخرکرتا ہے۔ 
انہوں نے کہاکہ’’کویت میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پچھلے۴۳؍ برسوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا یہ پہلا دورہ ہے اور یہ بلاشبہ مختلف شعبوں میں ہندوستان-کویت دوستی کو مضبوط کرے گا۔ میں آج اور کل ہونے والے پروگراموں کا منتظر ہوں۔ ‘‘
انہوں نے کہا کہ کویت میں سب سے بڑی تارکین وطن کمیونٹی ہندوستانی ہے، جن کی تعداد تقریباً۱۰؍ لاکھ ہے اور جو کویت کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ایک ’’زندہ پل‘‘ کا کام کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے کہا کہ ان کا کویت کا ۲؍روزہ دورہ اور کویتی قیادت کے ساتھ بات چیت ان کے عوام اور خطے کے مفاد کیلئے مستقبل کی شراکت داری کیلئے روڈ میپ تیار کرنے کا موقع ہوگا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ دورہ ہندوستان اور کویت کے لوگوں کے درمیان خصوصی تعلقات اور دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کویت کو جس افرادی قوت کی ضرورت ہے وہ افرادی قوت ہندوستان کے پاس ہے۔ 

 آئی ایف ایس کے۱۰۱؍ سالہ سابق افسر سے ملاقات

 وزیراعظم مودی اور منگل سین ہنڈا۔ تصویر: آئی این این

وزیراعظم مودی نے کویت پہنچنے کے بعد وہاں ہندوستانی فارین سروسیز (آئی ایف ایس) کے  ۱۰۱؍ سالہ سابق افسر منگل سین ہنڈا سے ملاقات کی۔اس ملاقات کی درخواست مذکورہ افسر کی نواسی  نے ایکس پوسٹ پر وزیراعظم  سے کی تھی جس کا جواب انہوں نے کویت پہنچنے سے چند گھنٹے قبل ہی دیاتھا۔ منگل سنگھ کے بیٹے دلیپ نے  اس ملاقات پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’’یہ پوری زندگی یاد رہنے والا لمحہ ہے۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ وہ یہاں  بطور خاص میرے والد سے ملنے آئے ہیں۔ہم ان کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK