ریڈیو پروگرام ’ من کی بات ‘ کے ۱۱۸؍ ویں ایڈیشن سے خطاب، یوم جمہوریہ کی پیشگی مبارکباد دی ،آئین بنانے والوں کو یاد کیا اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے کا پیغام دیا۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 1:21 PM IST | Agency | New Delhi
ریڈیو پروگرام ’ من کی بات ‘ کے ۱۱۸؍ ویں ایڈیشن سے خطاب، یوم جمہوریہ کی پیشگی مبارکباد دی ،آئین بنانے والوں کو یاد کیا اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے کا پیغام دیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آئین بنانے والوں کے خوابوں کے مطابق ہندوستان کی تعمیر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیلئے ہمیں مشترکہ فلاح و بہبود، ثقافتی تحفظ اور مساوات کے اقدار کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ اتوار کو آل انڈیا ریڈیو پر اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات ‘ کے ۱۱۸؍ ویں ایپی سوڈ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اس بار یوم جمہوریہ بہت خاص ہے۔ یہ ہندوستانی جمہوریہ کی۷۵؍ ویں سالگرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین ساز اسمبلی کی ان تمام عظیم شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں ہمارا مقدس آئین دیا۔ انہوں نے کہا کہ دستور ساز اسمبلی کے دوران کئی موضوعات پر طویل بحثیں ہوئیں۔ یہ بحثیں، ارکانِ دستور ساز کے خیالات، ان کی باتیں ایک عظیم ورثہ ہیں۔ مودی نے اپنے خطاب میں دستور ساز اسمبلی کے اراکین ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، ڈاکٹر راجندر پرساد اور ڈاکٹر شیاما چرن مکھرجی کی تقاریر کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب نے اتفاق اور مشترکہ بھلائی پر زور دیا اور ڈاکٹر راجندر پرساد نے عدم تشدد اور امن جیسی اقدار کے ثقافتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر شیاما چرن مکھرجی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے مواقع کی مساوات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وطنوں کو آئین سازوں کے ان خیالات سے تحریک لے کر ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کرنا ہوگا جس پر ہمارے آئین سازوں کو بھی فخر ہو۔ مودی نے کہا’’آج۲۰۲۵ء کی پہلی ’من کی بات ‘ ہو رہی ہے۔ ہر بار ’من کی بات ‘ مہینے کے آخری اتوار کو ہوتی ہے لیکن اس بار ہم ایک ہفتہ قبل چوتھے اتوار کے بجائے تیسرے اتوار کو ہی مل رہے ہیں۔ کیونکہ اگلے ہفتے اتوار کو ہی `یوم جمہوریہ ہے۔ میں تمام اپنے تمام ہم وطنوں کو ’’یوم جمہوریہ‘‘ کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں۔ ‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ یوم جمہوریہ سے ایک دن قبل۲۵؍ جنوری قومی ووٹرز کا دن ہے۔ یہ دن اس لیے اہم ہے کہ اس دن `الیکشن کمیشن آف انڈیا کا قیام عمل میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جس نے وقتاً فوقتاً ہمارے ووٹنگ کے عمل کو جدید اور مضبوط بنایا ہے۔ کمیشن نے عوامی طاقت کو مزید تقویت پہنچانے کیلئے ٹیکنالوجی کی طاقت کا استعمال کیا۔ میں الیکشن کمیشن کو منصفانہ انتخابات کیلئے ان کی لگن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ‘‘وزیراعظم نے اہل وطن پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور جمہوری عمل کا حصہ بن کر اسے مضبوط کریں۔