• Wed, 23 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وزیراعظم مودی نے پونے میٹرواور دیگر پروجیکٹوں کا افتتاح ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کیا

Updated: September 30, 2024, 1:27 PM IST | Agency | Pune/New Delhi

کہا کہ ’’شدید بارش کے سبب مجھے پونے کا اپنا دورہ منسوخ کرنا پڑا،جس کا مجھے بے حد افسوس ہے، یہاں نہ آنا بڑانقصان ہے۔‘‘

Prime Minister Modi addressing the inauguration ceremony, Chief Minister and others can be seen at the function held in Pune. Photo: INN
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی،پونے میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ اور دیگر دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مہاراشٹر میں ۱۱؍ہزار ۲۰۰؍ کروڑ روپے مالیت کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ پونے میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور دیویندر فرنویس سمیت کئی وزراء اور مہایوتی کے لیڈران موجود تھے۔ وزیراعظم نے ضلع کورٹ سے سوار گیٹ تک پونے میٹرو کے روٹ کا آن لائن طریقے سے افتتاح کیا۔ انہوں نے پونے میٹرو کے فیزو ن کے سوارگیٹ کاترج روٹ کے تعمیراتی پروجیکٹ کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔ ساتھ ہی وزیراعظم مودی نے شولاپور کے ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب میں بھی آن لائن طریقے سے شرکت کی اور اس کا فتتاح کیا۔ 
 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ’’دو دن پہلے مجھے کئی بڑے پروجیکٹوں  کی رونمائی اور افتتاح کیلئے پونے آنا تھا، لیکن بھاری بارش کے سبب مجھے یہ دورہ منسوخ کرنا پڑا۔ مجھے اس دورہ سے بڑے نقصان کا احساس ہورہا ہے، پونے کی رگ رگ میں وطن پرستی اور سماج نوازی ہے، ایسے شہر میں آنے سے آپ کو نئی توانائی ملتی ہے، اس لحاظ سےمیں سمجھتا ہوں  کہ پونے نہ آنے سے میرا بڑا نقصان ہواہے۔ ‘‘ انہو ں نے یہ بھی کہا کہ’’ابھی ڈسٹرکٹ کورٹ سے سوارگیٹ سیکشن روٹ پر چلنے والی میٹروٹرین کی رونمائی ہوئی، اس روٹ پر اب میٹرو دوڑنے شروع ہوجائے گی۔ سوار گیٹ کاترج سیکشن کا سنگ بنیاد بھی آج رکھا گیا ہے۔ آج ہی کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھلے میموریل کی بنیاد رکھی گئی۔ پونے شہر میں رہائش کو آسان بنانے کا جو ہمارا خواب ہے، مجھے خوشی ہے کہ اس سمت میں ہم تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ‘‘انہوں  نے مزید کہا ’’ہندوستان کی جدت کاری ہمارے بنیادی اقدار پر ہونی چاہئے۔ ہندوستان ترقی کی راہ پر اپنے ورثہ اوراقدار کے ساتھ گامزن ہو۔ ‘‘ وزیراعظم نے کہا کہ’’میں مہاراشٹر کے لوگوں  کو ان سبھی ترقیاتی کاموں کیلئے بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں، ڈبل انجن سرکار سے قبل ایسے سبھی کام پٹری سے اترگئے تھے۔ 
شولاپور ائیر پورٹ کی تقریب سے ۱۳؍ایم ایل اے غیر حاضر!
 ٹی وی نائن مراٹھی کی ایک رپورٹ کے مطابق شولاپور ہوائی اڈے کی افتتاحی تقریب میں بی جےپی، شیوسینا(شندے) اور این سی پی (اجیت پوار) کے کئی بڑے لیڈران شریک ہوئے لیکن ضلع کے ۱۴؍اسمبلی حلقوں میں سے صرف ایک حلقے کے رکن اسمبلی (سبھاش دیشمکھ) ہی تقریب میں  نظر آئےاور بقیہ سبھی غیر غائب رہے۔ ضلع کے ان سبھی حلقوں  میں مہایوتی کے اراکین اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK