Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دہشت گردوں کو مٹی میں ملانے کا وقت آگیا ہے‘‘

Updated: April 25, 2025, 11:44 AM IST | Agency | Madhubani

وزیر اعظم مودی نے بہار کے مدھوبنی میں پہلگام حملے پرکہا کہ دہشت گردوں کو ان کے تصور سے بھی بڑی سزا ملے گی۔

Prime Minister Modi during the inauguration and foundation stone laying ceremony of development projects in Madhubani. Photo: PTI
وزیر اعظم مودی مدھوبنی میں ترقیاتی پروجیکٹوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب کے دوران۔ تصویر:پی ٹی آئی

:وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کو ہندوستان کی روح پر حملہ قرار دیا اور ملک کی ۱۴۰؍کروڑ آبادی کی قوت ارادی سے گرجتے ہوئے کہا کہ اب دہشت گردوں کو مٹی میں ملانے کا وقت آ گیا ہے اور دہشت گردوں اور سازش کرنے والوں کو ایسی سزا ملے گی جوان کے تصور سے بھی بڑی ہوگی۔ 
  مودی نے جمعرات کو یہاں جھنجھارپور کے لوہنا پنچایت میں پنچایتی راج کے یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک اجلاس میں ۱۳۴۸۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ ’’یہ حملہ صرف بے قصور سیاحوں پر نہیں ہوا ہے بلکہ ملک کے دشمنوں نے ہندوستان کی روح پر حملہ کرنے کی جرات کی ہے۔ ‘‘
 وزیر اعظم نے کہا ’’ میں واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ جن دہشت گردوں نے یہ حملہ کیا اور جنہوں نے اس حملے کی سازش رچی ہے انہیں ایسی سزا ملے گی جس کا انہوں نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔ اب دہشت گردوں کی بچی کھچی زمین کو بھی مٹی میں ملانے کا وقت آگیا ہے۔ ۱۴۰؍ کروڑ ہندوستانیوں کی قوت ارادی اب دہشت گردی کے آقاوں کی کمر توڑ کر رہے گی۔ ‘‘
 بہار کی سرزمین سے وزیر اعظم مودی نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پوری دنیا کو ایک مضبوط پیغام دیا اور واضح الفاظ میں کہا’’ہندوستان ہر اس دہشت گرد اور اس کے سرپرستوں کو پہچانے گا، تلاش کرے گا اور سزا دے گا جو ملک کی امن و سلامتی کو چیلنج کرتا ہے ۔ زمین کے آخری کونے تک ہندوستان دہشت گردوں کا تعاقب کرے گا اور انصاف کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ ‘‘
 وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی سے ہندوستان کی روح کبھی نہیں ٹوٹے گی ا ور دہشت گردوں کو مناسب سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا’’ہر وہ شخص جو انسانیت پر یقین رکھتا ہے ہمارے ساتھ ہے۔ میں مختلف ممالک کے لوگوں اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ ‘‘
 وزیر اعظم کے بقول ’’ ۲۲؍ اپریل کو کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردوں نے جس درندگی کے ساتھ معصوم شہریوں کا قتل کیا اس سے پوری قوم غمزدہ ہے۔ ملک کے کڑوروں باشندے غمگین ہیں۔ پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی بھی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ اس وقت زیر علاج خاندان کے افراد جلد صحت یاب ہو جائیں۔ ‘‘
 وزیر اعظم نے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے میں کسی نے اپنا بیٹا کھویا، کسی نے اپنا بھائی اور کسی نے اپنی شریک حیات کو کھو دیا۔ ان میں سے کوئی بنگالی بولتاتھا، کوئی کنڑ بولتا تھا، کوئی مراٹھی تھا، کوئی اوڑیا تھا، کوئی گجراتی تھا اور کوئی بہار کا لعل تھا۔ آج کارگل سے کنیا کماری تک، ان سب کی موت پر ہمارا غم ایک جیسا ہے۔ ہمارا غصہ ایک جیسا ہے۔ ‘‘ اس موقع پر بہار کے گورنر عارف محمد خان، وزیر اعلیٰ نتیش کمار، مرکزی وزراءنتیا نند رائے، جیتن رام مانجھی، راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، گری راج سنگھ، چراغ پاسوان، بہار کے دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا، توانائی کے وزیر بیجیندر پرساد، آبی وسائل کے وزیر وجے کمار چودھری، دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار، وزیر صحت منگل پانڈے، وزیر صنعت نتیش مشرا، سماجی بہبود کے وزیر مدن سہنی، محصولات و اصلاحات اراضی کے وزیر سنجے سراؤگی، راشٹریہ لوک مورچہ کے صدر اوپیندر کشواہا، جے ڈی یو کے قومی ایگزیکٹیو صدر سنجے جھا، بہار بی جے پی کے صدر ڈاکٹر دلیپ جیسوال سمیت عوامی نمائندے اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ بہار میں ترقیاتی پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظممودی نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے لئے ترقی یافتہ بہار ضروری ہے۔ امن اور سلامتی یہ تیز ترقی کی سب سے ضروری شرط ہے۔ ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے ترقی یافتہ بہار ضروری ہے۔ بہار میں ترقی ہو اور ترقی کا فائدہ ہر طبقہ اور ہر خطے تک پہنچے یہ ہم سبھی کی کوشش ہے۔ انہوں نے جیانگر سے پٹنہ تک ۱۶؍ ڈبوں کی نمو بھارت ٹرین کو بھی ہری جھنڈای دکھائی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK