Updated: December 25, 2023, 5:56 PM IST
| Bhopal
وزیراعظم نریندرمودی نے یوم خوش نظمی (گڈ گورننس ڈے) کے موقع پر مل مزدوروں سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ۲۵؍ دسمبرکو مزدوروں کو انصاف ملنے کیلئے یاد رکھا جائے گا۔ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے اس تقریب میں شریک ہونے کا موقع ملا۔
پی ایم مودی خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ملک کے غریب اور پسماندہ طبقات کی عزت کرنا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔مودی نے ویڈیو لنک کے ذریعے مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں حکم چند مل کے مزدوروں سے متعلق۲۲۴؍ کروڑ روپے کے واجبات کی تقسیم کیلئے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ہزاروں روزگار پید اہو سکتے ہیں۔ مودی نے مزید کہا کہ اس سے ۴؍ ہزار ۸۰۰؍سے زائد مزدوروں کو فائدہ ہوگا۔مودی نے ریاستی حکومت کو اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے سراہا جوکافی وقت سے التواء کاشکار ہے۔ انہوں نے تقریب کے تعلق سے مزید کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں اس تقریب کا حصہ بننے کا موقع ملا۔ مدھیہ پردیش کی حکومت نے غریبوں کی زندگی کو تبدیل کرنےکیلئے بہترین اقدامات کئے ہیں۔میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ میرے لئےغریب ، جوان ، خواتین اور کسان اہم سماجی حیثیت رکھتے ہیں۔ ملک کے غریب اور محروم طبقات کو عزت دینا اور انہیں بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم خوش نظمی، جو ملک کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی سالگرہ کے موقع پر منایا جاتا ہے، کے موقع پر کسانوں کی دعائیں حاصل کرنا ڈبل انجن کی سرکاراور ریاست کے عوام کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔۱۹۹۲ء میں اندور میں موجود مل کے بند ہونے کے بعد حکم چند مل کے ملازمین نے اپنے واجبات کی رقم حاصل کرنے کیلئے طویل قانونی جنگ لڑی ہے۔ قبل ازیں حکام نے بتایا تھا کہ مدھیہ پردیش حکومت کی پیش قدمی پر ریاست کے ہاؤسنگ اینڈ انفراسٹرکچر ڈپارٹمنٹ بورڈ اور لیبر یونین نے معاہدہ کوسیل کر دیا تھا اور ۲۰؍ دسمبر کو ہائی کورٹ میںتصفیہ کی رقم جمع کروادی گئی تھی
جس کے بعد نریندر مودی نے کہاتھا کہ جب اس پیکج کا اعلان حکم چند مل کے ملازمین کیلئے کیا جائے گا تو اندور میں جشن کا ماحول ہونا چاہئے۔انہوں نے خطاب کے دوران مزید کہا کہ آج کا پروگرام ملازمین کے اتنے سال صعوبتیں برداشت کرنے کا نتیجہ ہے۔ یہ اتنے سال ملازمین کے قصد کرنے اور خواب دیکھنے کا نتیجہ ہے۔میں یہ امید کرتا ہوں کہ ملازمین کے اہل خانہ ڈبل انجن سرکار کی نئی حکومت کو دعائیں دیں گے۔ریاست کے لوگ اس دن کو ملازمین کو انصاف ملنے کے دن کے طور پر یاد رکھیں گے۔ میں ملازمین کے صبر کو سلام کرتا ہوں۔اندور اور بھوپال کےدرمیان سرمایہ کاری کے مراکز قائم کئے جا رہے ہیں۔