وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اس بات پر زور دیا کہ ۳؍ شعبے ٹیکسٹائل، ٹورزم اور ٹیکنالوجی ہندوستان کے ترقی یافتہ مستقبل میں بہت بڑا کردار ادا کرنے والے ہیں۔
EPAPER
Updated: February 25, 2025, 12:22 PM IST | Agency | Bhopal
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اس بات پر زور دیا کہ ۳؍ شعبے ٹیکسٹائل، ٹورزم اور ٹیکنالوجی ہندوستان کے ترقی یافتہ مستقبل میں بہت بڑا کردار ادا کرنے والے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اس بات پر زور دیا کہ ۳؍ شعبے ٹیکسٹائل، ٹورزم اور ٹیکنالوجی ہندوستان کے ترقی یافتہ مستقبل میں بہت بڑا کردار ادا کرنے والے ہیں۔ مودی دا رالحکومت بھوپال میں دو روزہ گلوبل انویسٹرس سمٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس دوران مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کے ساتھ ہندوستان اور بیرون ملک کے کئی نامور صنعتکار اور کئی ممالک کے سفیر تقریب میں موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ۳؍ شعبے – ٹیکسٹائل، ٹورزم اور ٹیکنالوجی – ہندوستان کے ترقی یافتہ مستقبل میں بہت بڑا کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر کروڑوں عوام کو روزگار فراہم کرتا ہے۔ مدھیہ پردیش، ایک طرح سے، ہندوستان کا `کاٹن کیپٹل ہے۔ ہندوستان کی تقریباً۲۵؍فیصدآرگینک کاٹن سپلائی مدھیہ پردیش سے ہی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش ملبری سلک کا بھی ملک کا سب سے بڑا پروڈیوسر ہے۔ یہاں کی چندری اور مہیشور دنیا میں مشہور ہیں۔ ان میں سرمایہ کاری سے سرمایہ کاروں کو عالمی پہچان ملے گی۔ حکومت میڈیکل ٹیکسٹائل اور جیو ٹیکسٹائل کو فروغ دے رہی ہے۔ اس کیلئے قومی مشن شروع کیا گیا ہے۔ ۷؍بڑے ٹیکسٹائل پارک میں سے ایک مدھیہ پردیش میں بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان سیاحت میں بھی نئی جہتیں جوڑ رہا ہے۔ مدھیہ پردیش کی سیاحت کی ایک مہم تھی، ایم پی عجب ہے، سب سے غضب ہے۔ ریاست میں نرمدا کے آس پاس قبائلی سیاحت نے ترقی کی ہے۔ یہاں بہت سے نیشنل پارکس ہیں، ہیلتھ اور ویلنیس میں بھی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔ یہاں پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں ایسا موقع پہلی بار آیا ہے، جب پوری دنیا ہندوستان کے بارے میں اتنی پر امید ہے۔ پوری دنیا میں عام لوگ ہوں، ماہرین ہوں، مختلف ممالک ہوں یا ادارے، سبھی کو ہندوستان سے بہت امیدیں ہیں۔ پچھلے چند ہفتوں میں جو تبصرے سامنے آئے ہیں وہ یقینی طور پر ہندوستان میں ہر سرمایہ کار کے حوصلے کو بڑھا رہے ہیں۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ ہندوستان آنے والے سالوں میں دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بنا رہے گا۔ موسمیاتی تبدیلی پر ایک عالمی تنظیم نے کہا کہ جہاں کچھ ممالک صرف بات کرتے ہیں، ہندوستان نتائج دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کئی مثالیں دی جا سکتی ہیں جو ہندوستان پر دنیا کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔ یہ اعتماد ہندوستان کی ہر ریاست کا اعتماد بڑھا رہا ہے اور اس عالمی سرمایہ کار سمٹ میں بھی نظر آرہا ہے۔
مودی نے سرمایہ کاری پر زور دیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرکو ملک و بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کے سامنے مدھیہ پردیش کی تمام خوبیوں کونہ صرف تفصیل سے بیان کیا بلکہ اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کا یہ صحیح وقت ہے۔تقریب میں مودی نے مدھیہ پردیش کی گزشتہ دو دہائیوں کے ترقی کے سفر کو سب کے سامنے پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کا شمار زراعت اور معدنیات کے معاملے میں ملک کی سرفہرست ریاستوں میں ہوتا ہے۔ مدھیہ پردیش کو زندگی دینے والی ماں نرمدا کا آشیرواد حاصل ہے۔ یہاں ترقی کے تمام امکانات موجود ہیں۔