• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیر اعظم مودی نے تمام سوالوں کو نظرانداز کرتے ہوئے اپوزیشن کو نشانہ بنایا

Updated: February 04, 2025, 11:27 PM IST | New Delhi

راہل گاندھی کو’اربن نکسل‘ قرار دیا، یہ دعویٰ کیا کہ غریبی ہٹائو صرف نعرہ تھا غربت ختم کرنے کا کام صرف ان کی حکومت نے کیا ہے ،دہلی الیکشن سے قبل عام آدمی پارٹی پر بھی تنقیدیں

Prime Minister Modi responding in the Lok Sabha. (PTI)
وزیر اعظم مودی لوک سبھا میںجواب دیتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

 وزیر اعظم مودی نے منگل کو صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر پارلیمنٹ میں ہونے والی بحث کا جواب دیتے ہوئے اپوزیشن  کے اٹھائے گئے تمام موضوعات اور پوچھے گئے تمام سوالات کو پوری طرح سے نظر انداز کرتے ہوئے اپوزیشن کو ہی نشانہ بنایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے کھوکھلے نعرے نہیں بلکہ غریبوں کو حقیقی ترقی دی ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز یہ کہہ کر کیا کہ پانچ دہائیوں تک ہم نے غریبی ہٹاؤ کا نعرہ سنا اور انتظار کرتے رہے کہ آج غریبی ختم ہو گی ، کل غریبی ختم ہوگی لیکن یہ محض نعرہ نکلا ،  غریبی ختم کرنے کا کام ہم نے کیا۔ ہماری حکومت نے گزشتہ ۱۰؍ سال میں ۲۵؍ کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ 
  اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم مودی نے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی پر بھی طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ غریبوں کی جھوپڑیوں میں فوٹو سیشن کروا کر اپنی تفریح کرتے رہتےہیں، انہیں پارلیمنٹ میں غریبوں کے بارے میں باتیں بورنگ ہی لگیں گی۔ میں ان کے غصے کو سمجھ سکتا ہوں۔ اس دوران مودی نے راہل گاندھی کو اربن نکسل بھی قرار دے دیا اور کہا کہ یہاں کچھ لوگ موجود ہیں جو اسی زبان میں بات کررہے ہیں جس زبان میں اربن نکسل کرتے ہیں۔ جنہوں نے ’انڈین اسٹیٹ ‘ کے خلاف جنگ چھیڑنے کی بات کہی ہو، جنہوں نے ملک کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بات کہی ہو وہ اربن نکسل نہیں تو اور کیا ہیں۔ وزیر اعظم نے اس دوران کانگریس پارٹی پر مسلم خواتین کے حوالے سے بھی تنقید کی اور کہا کہ جن مسلم خواتین کو برسوں تک تین طلاق کی وجہ سے ظلم و ستم برداشت کرنا پڑتا تھا انہیں ہم نے انصاف دیا اور تین طلاق مخالف بل لے کر آئے۔ اس کی وجہ سے اب وہ بغیر کسی خوف کے جی رہی ہیں۔ 
 وزیر اعظم نے اس موقع پردہلی الیکشن کو بھی متاثر کرنے کی کوشش کی حالانکہ انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے اور بدھ کو دہلی میں پولنگ ہے۔ وزیر اعظم نے عام آدمی پارٹی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ہم نے بھی کئی مفت چیزیںدیں، عوام کے ہزاروں روپے بچائے ہیں اور انہیں فیض پہنچایا ہے لیکن ہم نے کبھی بھی  اپنے لئے شیش محل نہیں بنوایا ہے۔ مودی نے عام آدمی پارٹی کو ایک مرتبہ پھر ’ آپ ۔دا ‘ قرار دیا اور کہا کہ ملک کے نوجوانوں اور دہلی کے لوگوں کے لئے یہ پارٹیاں قومی آفت ہی ہیں۔ ان سے ہمیں جلد از جلد نجات حاصل کرلینی چاہئے۔ 
 وزیر اعظم نے  اس دوران اپنی حکومت کی مختلف اسکیموں کا ذکر بھی کیا اور خاص طور پر غریبوں کے لئے مکانات کی اسکیم کے بارے میں کہا کہ اس کے تحت اب تک ہم نے ۴؍ کروڑ مکان بناکر غریبوں کو سونپ دئیے ہیں اور وہ بھی مکمل کاغذات کے ساتھ ۔ کیا ایسی اسکیم اپوزیشن والوں کے پاس تھی ؟ اس دوران وزیر اعظم نے اپوزیشن کو دیگر معاملات میںبھی جم کر نشانہ بنایا لیکن تمام سوالات نظر انداز کردئیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK