Updated: October 31, 2023, 1:26 PM IST
| Gandhinagar
وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے ضلع نرمدا میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل سے متاثر ہو کر ہمیں اپنے مقصد کو پانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اگلے ۲۵؍ سال ملک کیلئے اہم ہیں جن میں ہمیں ہندوستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرتے دیکھنا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس صدی کے اگلے ۲۵؍ سال ملک کیلئے اہم ہیں جن میں ہمیں ہندوستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا ہے۔ ہمیں سردارولبھ بھائی پٹیل سے متاثر ہو کر اپنے مقصد کو پانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ خیال رہے کہ آج ملک کے پہلے وزیر خارجہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا یوم پیدائش ہے جس کے سبب مودی نے انہیں گجرات کے نرمدہ ضلع میں ایکتا کے مجسمے کے سامنے خراج عقیدت پیش کی ہے۔
خیال رہے کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے بطور وکیل اور کانگریسی لیڈر اپنی خدمات انجام دی تھیں۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کے ساتھ آزادی کی جنگ میں حصہ لیا تھا۔ مودی نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش پر ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی صدی میں ہندوستان کی جنگ آزادی کے درمیان ایسے ۲۵؍ سال بھی آئے تھے جن میں ہر ہندوستانی نے آزادی حاصل کرنے کیلئے خود کو وقف کیا تھا۔ اسی لئے ہمیں بھی ملک کو خوش حال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے آئندہ ۲۵؍ سال میں ایسے ہی امرت کال کا سامنا کرنا ہے۔ اسی درمیان مودی نے آرٹیکل ۳۷۰؍ کی منسوخی کا بھی ذکر کیا جس کے سبب جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ دیا جانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کس نے یہ خیال کیا تھا کہ کشمیر کو آرٹیکل ۳۷۰؍ سے چھٹکارا مل جائے گا؟ لیکن آج کشمیر اور ملک کے درمیان آرٹیکل ۳۷۰؍ کی کھڑی دیوار گر گئی ہے۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل آج جہاں بھی ہیں ہم سے خوش ہیں اور ہمارے لئے دعا گو ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے کو سلامی دیتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی