• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان کے تئیں جاپانیوں کی محبت دیکھ کر متاثر ہوں

Updated: May 30, 2022, 10:59 AM IST | Agency

وزیر اعظم مودی نے اپنے ماہانہ پروگرام’ من کی بات‘ میں کہا کہ حالیہ دورہ جاپان پر مختلف پروگراموں میں انہیں کئی افراد سے ملنے کا موقع ملا جن سے انہیں مختلف تجربات ہوئے، وزیرا عظم کے بقول ’’اس دوران کچھ جاپانیوں میں ہندوستان سے بے پناہ لگاؤ اور محبت دیکھی ‘‘

Prime Minister Modi addressed the 89th edition of Akashwani Perman`s Baat program.Picture:INN
وزیر اعظم مودی نے آکاشوانی پرمن کی بات پروگرام کے ۸۹؍ ویں ایڈیشن سے خطاب کیا ۔ تصویر: آئی این این

 وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حالیہ دورہ جاپان کے دوران انہوں نے وہاں کے لوگوں میں ہندوستان کے تئیں جو محبت دیکھی ہے اس سے وہ بہت متاثر ہیں۔مودی نے آل انڈیا ریڈیو سے ٹیلی کاسٹ ہونے والے  اپنے ماہانہ پروگرام میں اتوار کو کہا کہ اپنے حالیہ دورہ جاپان کے دوران مختلف پروگراموں میں انہیں بہت سے لوگوں سے ملنے کا موقع ملا جہاں انہیں مختلف تجربات ہوئے ۔ اس دوران انہوں نے کچھ لوگوں میں ہندوستان سے بے پناہ لگاؤ اور محبت دیکھی ہے جس کی وجہ سے وہ بہت متاثرہیں۔ انہوں نے کہا ’’ہیروشی کوئیک ایک معروف آرٹ ڈائریکٹر ہیں، انہوں نے مہابھارت پروجیکٹ کی شروعات کمبوڈیا میں کی تھی اور پچھلے ۹؍ سال سے یہ مسلسل جاری ہے۔ ہیروشی کوئیک ہرسال ایشیا کے کسی ملک کا سفر کرتے ہیں اور وہاں مقامی فنکاروں اور موسیقاروں کے ساتھ مہابھارت کے کچھ حصے پیش کرتے ہیں۔اس پروجیکٹ کے ذریعے انہوں نے ہندوستان، انڈونیشیا کمبوڈیا سمیت ۹؍ ممالک میں پرفارم کر چکے ہیں اور اسٹیج پر پرفارم کیاہے۔ ہیروشی ان فنکاروں کو ساتھ لاتے ہیں، جن کا کلاسیکی اور روایتی ایشیائی آرٹ کا پس منظررہاہے۔ اس  وجہ سے ان کے کام میں مختلف رنگ نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا، تھائی لینڈ، ملیشیا اور جاپان کے فنکار جاوا ڈانس، بالینی ڈانس، تھائی ڈانس کے ذریعے اسے مزید دلکش بنادیتے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہر پیش کنندہ اپنی ہی مادری زبان میں بات کرتا ہے اور پھر بہت ہی خوبصورتی سے اس تنوع کو دکھایاجاتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اسی طرح سے وہ جاپان کے آتسشی ماتساو اورکینجی یوشی سے بھی بہت متاثرہوئے۔ یہ دونوں ہی ٹیم پروڈکشن کمپنی سے وابستہ ہیں۔ اس کمپنی کا تعلق رامائن کی اس جاپانی اینی میشن فلم سے ہے جو۱۹۹۳ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ پروجیکٹ جاپان کے بہت ہی مشہور فلم ڈائریکٹر یوگو ساکو کے ساتھ منسلک تھا۔ تقریباً۴۰؍ سال پہلے۱۹۸۳ء میں انہیں رامائن کے بارے میں پہلی بار معلوم ہواتھا۔ `رامائن ان کے دل کو چھو گئی جس کے بعد انہوں نے اس پر تحقیقی کام کیا۔ انہوں نے جاپانی زبان میں رامائن کے۱۰؍ ایڈیشن پڑھ ڈالے۔ ان کا ہندوستانی رسم و رواج اورروایات کے پروجیکٹ پر جلد ہی کام مکمل ہونے والا ہے۔
ملک کے عوام یوگا ڈے کے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں 
 وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام سے یوگا ڈے کی تیاریوں میں لگ جانے  ا وراس میں پورے جوش کے ساتھ بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور یوگ کو اپنی زندگی میں شامل کرنے کی اپیل کی ہے۔مودی نے اتوار کو آکاشوانی پر اپنے ماہانہ پروگرام من کی بات میں ملک کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ۲۱؍ جون کو آٹھواں بین الاقوامی’یوگا ڈے‘ منایا جارہا ہے اور اس بار کا موضوع ’انسانیت کےلئے یوگا‘ رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ سبھی کورونا سے متعلق احتیاط  برتتے ہوئے یوگا ڈے سے متعلق پروگراموں میں حصہ لیں اور اس کی تیاریوں میں لگ جائیں۔ یوگا ڈے کی خصوصیات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’اس بار ملک و غیر ملک میں یوگاڈے پر کچھ نئی چیزیں کی جارہی  ہیں اور انہی میں سے  ایک’ گارڈین  رنگ‘ ہے جو ایک بڑا ہی انوکھا پروگرام ہوگا۔اس میں سورج کی رفتار کا جشن منایا جائےگا،یعنی  سورج جیسےجیسے سفر کرے گا،زمین کے الگ الگ  حصوں سے ،ہم یوگا کے ذریعے اس کا خیر مقدم کریں گے،الگ الگ ملکوں میں  ہندوستانی مشن  میں وہاں کے مقامی وقت کے مطابق  طلوع آفتاب  کے وقت یوگا پروگرام منعقد کریں گے۔ایک ملک کے بعد دوسرے ملک سے پروگرام شروع ہوگا۔مشرق سے مغرب کا سفر جاری رہے گا، پھر یونہی چلتا رہے گا۔‘‘
 انہوں نے کہا کہ اس بار ’امرت مہوتسو‘ کو دھیان میں رکھتے ہوئے ملک کے۷۵؍ اہم مقامات پر یوگا ڈے کا انعقاد ہوگا۔اس موقع پر کئی تنظیمیں اور ملک کے عوام  اپنی اپنی سطح پر اپنے اپنے علاقے کی خاص جگہوں  پر کچھ نہ کچھ نیا کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔انہوں نے کہا’’میں آپ سے بھی یہ اپیل کروں گاکہ اس بار  یوگا ڈے منانے کیلئے ،آپ اپنے شہر،قصبے یا گاؤں کی کسی ایسی جگہ کا انتخاب کریں ،جو سب سے خاص ہو۔یہ جگہ کوئی قدیم مندر اور سیاحتی مرکز ہوسکتا ہے،یا پھر کسی مشہور ندی ،جھیل یا تالاب کا کنارا بھی ہوسکتا ہے۔اس سے یوگا کے ساتھ ساتھ  آپ کے  علاقے کی پہچان  بھی بڑھے  گی اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔‘‘
یوگا ڈے کیلئے الٹی گنتی بھی جاری 
  مودی  نے کہا کہ  اس وقت یوگا ڈے کے سلسلے میں۱۰۰؍ دن کا کاؤنٹ ڈاؤن بھی جاری ہے۔دہلی میں۱۰۰؍ ویں دن اور۷۵؍ ویں دن کے کاؤنٹ داؤن کے پروگرام ہوئے ہیں۔ وہیں ،آسام  کے  شیو ساگر میں۵۰؍ ویں اور حیدر آباد میں۲۵؍ ویں کاؤنٹ داؤن منعقد کئے گئے۔انہوں نے کہا’’میں چاہوں گا کہ آپ بھی اپنے یہاں ابھی سےیوگا ڈے کی تیاریاں شروع کردیجئے۔زیادہ سے زیادہ  لوگوں سے ملئے،ہر کسی کو اس پروگرام سےجڑنےکیلئے درخواست کیجئے،تحریک دیجئے۔مودی نے کہا کہ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ آپ سبھی یوگا ڈے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے،ساتھ ہی یوگا کو اپنی روزانہ کی زندگی میں بھی اپنائیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK