وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’سماجوادی پارٹی مافیا کو بڑے عہدوں سےنوازتی تھی، ہم انہیںجہنم میں بھیجتے ہیں ‘‘،سماج وادی سربراہ کا جوابی حملہ ،بی جے پی کو زمین مافیا کی پارٹی قراردیا۔
EPAPER
Updated: January 25, 2025, 11:12 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’سماجوادی پارٹی مافیا کو بڑے عہدوں سےنوازتی تھی، ہم انہیںجہنم میں بھیجتے ہیں ‘‘،سماج وادی سربراہ کا جوابی حملہ ،بی جے پی کو زمین مافیا کی پارٹی قراردیا۔
اترپردیش کے ملکی پور میں ضمنی اسمبلی انتخاب کیلئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریلی سےخطاب کیا اور اپوزیشن جماعت سماجو دی پارٹی پر جم کر تنقیدکی اور کئی زہر افشانیاں بھی کیں۔انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی مافیا کو بڑے عہدوں سےنوازتی تھی اور ہم انہیںجہنم میں بھیجتے ہیں، سماجوادی پارٹی کارسیوکوں پر گولیاں چلواتی ہے اور مافیا کی قبر پر پھول چڑھاتی ہے۔ہیرنگٹن گنج کا نام تبدیل کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ غلامی کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔وزیراعلیٰ نےاشارہ دیا کہ اس جگہ کا نام سوامی وام دیو جیسی ہندوستان کی عظیم شخصیت کے نام پر رکھا جاسکتا ہے۔
ایودھیا ضلع کے ملکی پور اسمبلی ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار چندربھان پاسوان کے حق میں وزیراعلیٰ یوگی نے جمعہ کو ریلی سے خطاب کیا اورسماجوادی پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئےاس پر اقربا پروری کو فروغ دینے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستوں کو ملکی پور سے الیکشن جیتنا ہے معید خان کےحامیوںکو نہیں۔بدقسمتی سے ایودھیا کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ، معید خان کو سر پر اٹھائے ہوئے ہیں اور ان کی پیروی میںلگے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ عصمت دری کے الزام میں سماجوادی پارٹی کے متعدد لیڈر ان دنوں جیل میں ہیں۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ سماجوادی پارٹی بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر اور دوسری عظیم شخصیات کی مخالفت کرتی ہے لیکن مافیا سے پیار کرتی ہے۔ یہ لوگ جب مافیا مرتے ہیں تو آنسو بہاتے ہیں اورتعزیت کےلئے ان کے گھروں اور قبروں پرجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوپی میںحال ہی میں ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے۹؍ میں سے ۷؍سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس کے بعد اب ملکی پور میں ریکارڈ توڑ جیت درج کرنی ہے اور قوم پرستوں کو الیکشن جتانا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ذات پات اور اقربا پروری سماجی اتحاد کی راہ میں سب سے بڑا چیلنج اور ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ ذات پرستی اور اقربا پروری کی سیاست وہ لوگ کر رہے ہیں جنہیں صرف اپنے خاندان کا خیال ہے اور عام لوگوں، دلتوں، محروموں اور پسماندہ ذاتوں کے لوگوں کی ترقی کی کوئی فکرنہیں ہے۔ یوگی نے الزام لگایاکہ سماجوادی پارٹی کے لیڈران جائیداد کے معاملات میں پھنسے ہوئے ہیں، خالی پلاٹوں پر قبضہ کر کے ان پر پارٹی کا جھنڈا لگانا، مجرموں اور مافیا کو تحفظ فراہم کرنا سماجوادی پارٹی کا وطیرہ رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ وہی سماجوادی پارٹی ہے جس کے ہاتھ کار سیوکوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ ان لوگوں نے کارسیوکوں کے خون سے سریو ندی کو سرخ کر دیا تھا۔ایس پی حکومت میں تہوار کے دوران فسادات شروع ہو جاتے تھے،بیٹی سڑک پر نہیں جا سکتی تھی، گائے اور بھینسیں بھی چوری ہوجاتی تھیں، درحقیقت جوشخص جتنا بڑا ڈاکو اور مافیا ہوتا تھا، اسے ایس پی میں اتنا ہی بڑا عہدہ ملتا تھا۔
یوگی آدتیہ ناتھ کے الزامات اور زہر افشانیوں کا جواب دیتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پاس عوام کو بتانے لائق کوئی کام نہیں ہے اوران کے پاس جھوٹ اور بیان بازی کے سوا کچھ نہیں ہے، نفرت اور منفی سیاست وزیر اعلیٰ کی پہچان ہے۔ان کو اپنے عہدے کے وقار کا کوئی احساس نہیں۔وہ آئین اور جمہوریت کا قتل کر رہے ہیں۔ عوام اب ان کی منفی سیاست کے خاتمے کے لئے تیار ہیں۔اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی سب سے بڑی زمین مافیا ہے۔ بی جے پی کے لوگ زمینوں پر قبضہ کررہے ہیں اور الزام ہمارے لوگوں کے سر ڈال رہے ہیں۔