• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رام گیری کیخلاف پولیس میمورنڈم لے رہی ہے مگر ایف آئی آر درج نہیں کر رہی ہے

Updated: August 22, 2024, 10:11 AM IST | Qureshi Sarjil | Jalgaon

جلگائوں ضلع کے ۱۵؍ تعلقوں میں کسی ایک بھی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج نہیں کی گئی جبکہ کئی مقامات پر مسلمانوں نے میمورنڈم دیا ہے

Forty villages of Jalgaon, Muslims protested in the city
جلگائوں کے چالیس گائوں شہر میں مسلمانوں نے احتجاج کیا ( انقلاب)

اہانت آمیز بیان دینے والے بابا رام گیری کے خلاف ریاست کے مختلف اضلاع میں احتجاج ہو رہا ہے اور اس کی گرفتار ی کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ بیشتر علاقوں میں پولیس مظاہرین سے رام گیری کے خلاف میمورنڈم تو قبول کر ہی ہے مگر معاملہ درج کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ بعض جگہ تو براہ راست معاملہ درج کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے۔ 
   کچھ ایسا ہی معاملہ ضلع جلگائوں میں بھی ہے۔  جلگائوں ضلع کے ۱۵؍ تعلقوںمیںکم و بیش ۳۸؍  پولیس اسٹیشن ہیں، مگر تادم تحریر ان میں سے کسی ایک بھی تھانے میں ایف آئی آر درج  نہیں کی گئی ہے ۔  اس کی وجہ سے مسلمانوں میں غم و غصہ کی شدید لہر ہے ۔جلگائوں شہر میں۳؍ الگ الگ وفود نےمتعلقہ افسران   سے ملاقات کرکے  رام گیری  کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ ہر تعلقے میں مقامی سیاسی و ملی جماعتوں نے ایف آئی آر درج نہ ہونے کی الگ الگ وجوہات بیان کی ہیں۔ 
 انقلاب نے جب  ان تنظیموں کے نمائندوں سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ  پولیس یہ کہہ رہی ہے کہ’’ ضلع میں کہیں ایف آئی آر درج ہوئی ہے ؟ اگر ہاں تو ہم بھی اپنے پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کریں گے ۔‘‘  اس ضمن میں عبدالکریم سالار   نےبتایا کہ ’’ہم نے جو مکتوب ضلع کلکٹر کے توسط سے روانہ کیا تھا اس پر ایڈیشنل ایس پی اشوک نکھتے سے بات  ہوئی ہے، نکھتے کے بقول ضلع پولیس محکمہ ضلع بھر سے موصول ہونے والےمکتوبات کو یکجا کر کے صفر ایف آئی آر درج کر ے گا اور جس پولیس اسٹیشن کی حدود میں یہ بیان دیا گیا ہے ،وہاں روانہ کر دے گا۔‘‘ جبکہ ضلع منیار برداری کے فاروق شیخ عبداللہ کا کہنا ہے کہ ’’ایف آئی آر درج نہ ہونے پرہم نے ضلع ایس پی مہیشوری ریڈی سے بات کی تو یہ جواب ملا کہ اس موضوع پر اب تک مہاراشٹر بھرمیں کئی ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں ، جو بعد میں یکجا ہو جاتی ہیں ۔ اسلئے جلگائوں میں ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ۔‘‘ اسی طرح ایاز علی نیاز علی نے کہا کہ ’’ہمیں بھی یہی تیقن دیا گیا ہے کہ مکتوب اگلی کاروائی کیلئےبھیجا جائے گا ، البتہ ایف آئی آر درج ہوئی یا نہیں اسکی تفصیلات نہیں ملی  ،ہم فالو اپ لے رہے ہیں ۔‘‘
  اس دوران  بُدھ کو چالیس گائوں میں سیکڑوں کی تعداد میں مسلمانوں نے سٹی پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا اور پولیس انسپکٹر سندیپ پاٹل کو  میمورنڈ م پیش کیا ۔اسی طرح  منگل کو پاچور ہ ، املنیر اور ایرنڈول میں بھی احتجاج کیا گیا تھا۔  اس  میںگستاخ رام گیری مہاراج کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ۔

jalgaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK