• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

نئے سال کے جشن کے موقع پر شہر کے چپّے چپّے پر پولیس کی نظر

Updated: December 30, 2024, 10:32 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

گلی محلوں اور شاہراہوں پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں سے پورے شہر کی نگرانی، ڈرون کا بھی استعمال کیا جائےگا،ممبئی میں ۱۴؍ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

Traffic police officers preparing for a roadblock in the city. (Photo, Inqilab: Shadab Khan)
ٹریفک پولیس کے اہلکار شہر میں ناکہ بندی سے قبل تیاریاں کرتے ہوئے۔(تصویر،انقلاب:شاداب خان)

عروس البلاد ممبئی ، تھانے اور نوی ممبئی میں شہری جہاں زور و شور سے نئے سال کے جشن کی تیاری میں مصروف ہیں  وہیں پولیس نئے سال کے جشن کو پُر امن طریقہ سے انجام دینے کے ساتھ حفاظت کے پیش نظر اپنے لاولشکر کے ساتھ شہر کی سڑکوں پر تعینات ہوچکی ہے ۔مندرجہ بالا شہروں کی پولیس نے شہریوں کو دل کھول کر جشن منانے کے ساتھ جشن کے دوران کسی بھی ناگہانی یا سڑک حادثات سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ شراب پی کر گاڑی نہ چلائیں اور اپنی و دوسروں کے جانی و مالی نقصان کا سبب نہ بنیں ۔
   نئے سال کے جشن کو سڑک حادثات سے پاک رکھنے کے مقصد سے شہری پولیس ٹریفک افسران و اہلکاروں کے ہمراہ ۳۰؍ دسمبر شام ۶؍بجے سے یکم جنوری ۲۰۲۵ء صبح ۶؍بجے تک شہر و اطراف کی تمام شاہراہوں پر سخت ناکہ بندی کی ہے ۔ وہیں ہدایت پر عمل نہ کرنے اور شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائیکا بھی انتباہ دیا ہے ۔  اس کے علاوہ نئے سال کا جشن منانے کا اہتمام کرنے والے آرگنائزرس، ہوٹلس، پب، ریسٹورنٹ اور بحر عرب میں یاچ اور کروز پر جشن کا اہتمام کرنے والوں کو بھی لوگوں کی حفاظت کو ہر ممکن یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے - یہی نہیں پولیس نے نئے سال کا جشن کا اہتمام کرنے والوں کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی سے متنبہ کیا ہے ۔
  اس موقع پر ممبئی، تھانے اور نوی ممبئی پولیس نے شر پسندانہ، سماج دشمن، مجرمانہ و دہشت گردانہ سرگرمیوں کے حامل افراد پر فوری قابو پانے اور قدغن لگانے کیلئے شہر کی گلی محلوں اور شاہراہوں پر لگائے گئے سرکاری اور غیر سرکاری سی سی ٹی کیمروں سے پورے شہر پر نظر رکھے گی ۔ ساتھ ہی اس موقع پر ڈرون کا بھی استعمال کرے گی ۔
   ممبئی پولیس نے جشن کو پُر امن اور پُرتکلف بنانے اور حفاظت کے پیش نظر ۱۴؍ ہزار سے زائد پولیس فورس تعینات کی ہے ۔جشن کے موقع پر حفاظتی دستہ میں ممبئی پولیس کمشنر ویویک پھنسلکر، اسپیشل پولیس کمشنر دیوین بھارتی کے علاوہ ۴؍ جوائنٹ کمشنر، ۸؍ایڈیشنل کمشنر، ۲۹؍ڈپٹی کمشنر آف پولیس، ۵۳؍اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کے ساتھ ۲؍ ہزار ۱۸۴؍پولیس افسران و ۱۲؍ ہزار ۴۸؍اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ ممبئی میں نئے سال کے جشن میں تعینات مذکورہ بالا پولیس دستہ کے ہمراہ اسپیشل ٹاسک فورس،کویئک رسپانس ٹیم، اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس، رائٹس کنٹرول پولیس، اور بم و ڈاک اسکواڈ بھی موجود رہے گا ۔ ممبئی پولیس نے گیٹ وے آف انڈیا، مرین ڈرائیور، گیرگاؤں چوپاٹی، ورلی، باندرہ، بینڈ اسٹینڈ، ریکلیمیشن، جوہو اور دادر چوپاٹی پر اضافی فورس تعینات کرےگی ۔
  اسی طرح تھانے پولیس کمشنر نے نئے سال کے جشن میں حفاظتی نقطۂ نظر سے ڈھائی ہزار سے زائد پولیس فورس تعینات کی ہے ۔ تھانے پولیس کمشنر اور جوائنٹ کمشنر کے ہمراہ ۲؍ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس، ۷؍ڈپٹی کمشنر آف پولیس، ۱۴؍ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کے علاوہ ۳؍ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار شامل ہیں ۔ وہیں نوی ممبئی پولیس کمشنر نے شراب پی کر گاڑی چلانے والوں اور شر پسندانہ اور مجرمانہ سرگرمیوں کے حامل افراد کو متنبہ کرتے ہوئے ۳؍ڈپٹی کمشنر آف پولیس، ۶؍اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کے ہمراہ ڈھائی ہزار سے زائد پولیس فورس تعینات کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK