Inquilab Logo Happiest Places to Work

سائبر فراڈ سے بچانے کیلئے پولیس نے’ ڈجیٹل رکشک‘ ہیلپ لائن کا آغاز کیا

Updated: April 21, 2025, 12:23 PM IST | Faizan Khan | Mumbai

پولیس کا شہریوں کو مشورہ’’ کسی قسم کاشبہ ہونے پر ہیلپ لائن پر رابطہ کریں ‘‘

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

ممبئی پولیس نے `’ڈیجیٹل گرفتاری‘ کے بڑھتے واقعات سے نمٹنے کے لئے ایک خصوصی ہیلپ لائن شروع کی ہے جس کا نام’ `ڈیجیٹل رکشک‘ ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کوسائبر مجرموں کی جانب سے سرکاری افسر بن کر دھمکی دئیے جانے اور ان کے ساتھ فراڈ کئے جانے سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ 
ممبئی کرائم برانچ کے ڈی سی پی (سائبر) دتہ نلاوڈے نے اس ہیلپ لائن کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ دھوکے باز اکثر بھولے بھالے افراد کو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، کسٹمز، ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹلی جنس (ڈی آر آئی)، انکم ٹیکس یا ریاستی پولیس تک جیسے اداروں کے افسر بن کر فون کرتے ہیں اور متاثرین کے مَنی لانڈرنگ یا منشیات کی اسمگلنگ جیسے جرائم میں ’ملوث‘ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ 
یہ مجرم وہاٹس ایپ کے ذریعے جعلی ایف آئی آر، نوٹس اور گرفتاری کے وارنٹ بھی بھیجتے ہیں اور متاثرین کو یہ کہہ کر ڈراتے ہیں کہ وہ ’ڈیجیٹل گرفتاری‘ میں ہیں۔ یہ – ایک ایسی اصطلاح ہے جس کی ہندوستانی قانون میں کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ 
اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے شہری ڈیجیٹل رکشک ہیلپ لائن کے ۲؍ موبائل نمبروں ۷۷۱۵۰۰۴۴۴۴؍ اور ۷۴۰۰۰۸۶۶۶۶؍ –پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ جن لوگوں کو قانونی کارروائی کا دعویٰ کرنے والا کوئی بھی مشکوک کال یا ڈیجیٹل دستاویزات موصول ہوتا ہے وہ فوری طور پر ان دستاویزات کو وہاٹس ایپ کے ذریعے ہیلپ لائن نمبر پر بھیج سکتے ہیں۔ ۲؍ پولیس اہلکاروں اور ایک افسر پر مشتمل ایک ٹیم متعلقہ سرکاری ایجنسیوں سے دستاویزات کی صداقت کی تصدیق کرے گی اور کال کرنے والے کو بتائے گی کہ آیا نوٹس اصلی ہے یا جعلی۔ 
انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی پی نلاوڈے نے کہا کہ ’’اگر کوئی آپ کو بتاتا ہے کہ آپ’ `ڈیجیٹل گرفتاری‘ میں ہیں یا وہاٹس ایپ پر گرفتاری کے وارنٹ اور ایف آئی آر بھیجتا ہے تو ان پر یقین نہ کریں۔ اس طرح کی گرفتاریاں قانونی طور پر درست نہیں ہیں اور یہ ایک وسیع فراڈ کا حصہ ہے۔ ‘‘
سینئر پولیس انسپکٹر (سائبر) دتا رام چوہان نے انقلاب کو بتایا کہ ’’بہت سے معاملات میں متاثرین ایسا کال موصول ہونے کے بعد صدمے اور شدید خوف کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ہماری ٹیم نہ صرف دستاویزات کی تصدیق کرتی ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر متاثرین کے گھروں کا دورہ بھی کرتی ہے تاکہ انہیں یقین دہانی اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ڈیجیٹل رکشک یونٹ کو فوری کارروائی کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔ چوہان نے مزید کہا کہ ’’اگر کسی متاثرہ شخص کو ایک جگہ پر بیٹھنے پر مجبور کیا جاتا ہے یا کسی سے رابطہ نہ کرنے کیلئے کہا جاتا ہے، جو کہ فرضی گرفتاری کرنے والے دھوکہ بازوں کا عام حربہ ہے، تو ہمارے افسران متاثرہ شخص کے ساتھ فراڈ ہونے سے پہلے مداخلت کرتے ہیں۔ ‘‘
تشویشناک اعداد و شمار
اس مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے سائبر سیل نے انکشاف کیا کہ ۲۰۲۴ء میں ممبئی میں جھوٹی ڈیجیٹل گرفتاری کے ۱۹۵؍ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں شہریوں کو مجموعی طور پر ۱۳۷؍ کروڑ روپے کا مالی نقصان ہوا۔ 
۲۰۲۵ءکی پہلی سہ ماہی میں ۷۰؍مقدمات درج ہوئے ہیں جن میں ۷۶؍ کروڑ روپے کا حیران کن نقصان سامنے آیا ہے۔ چوہان نے مزید کہا کہ ’’ممبئی پولیس تمام شہریوں سے درخواست کرتی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور دھمکانے اور ڈیجیٹل اریسٹ جیسے حربے استعمال کرنے والے سائبر مجرموں کا شکار نہ ہوں۔ ’ڈیجیٹل رکشک‘ ہیلپ لائن فعال ہے اور ممبئی کے شہریوں کو ڈیجیٹل فراڈ کے بڑھتے ہوئے خطرے سے بچانے کے لئے تیار ہے۔ ‘‘
اگر آپ کو کوئی مشکوک کال موصول ہو تو کیا کریں 
گھبرائیں نہیں اور کال کرنے والے سے بات نہ کریں۔ کوئی رقم منتقل نہ کریں اور نہ ہی ذاتی معلومات فراہم کریں۔ فوری طور پر ڈیجیٹل رکشک ہیلپ لائن نمبروں پر کال کریں یا وہاٹس ایپ کریں۔ موصول ہونے والے کسی بھی نوٹس، ایف آئی آر یا وارنٹ کو تصدیق کے لئے ہیلپ لائن نمبروں پر بھیجیں۔ اگر آپ غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں تو مدد کے لئے کسی افسر کو اپنی رہائش گاہ پر آنے کی درخواست کریں۔ 
ہیلپ لائن نمبر
۷۷۱۵۰۰۴۴۴۴
۷۴۰۰۰۸۶۶۶۶

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK