• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

نئے سال کے جشن کو پُرامن رکھنے میں پولیس کامیاب

Updated: January 02, 2025, 9:56 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

شہرو مضافات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور شراب پی کر گاڑی چلانے والے ہزاروں افرادپر کارروائی کی۔ سخت بندوبست کے سبب کوئی ناخوشگوار واقعہ یا سڑک حادثہ نہیں ہوا۔ آتش بازی اور پٹاخے پھوڑنے پر پابندی کے باوجود تفریحی مقامات پر زبردست آتش بازی کی گئی

A police officer checks a motorcyclist with a breathalyzer near Chowpatty.
چوپاٹی کے قریب پولیس اہلکاربریتھ اینالائزر سے ایک موٹرسائیکل سوارکی جانچ کرتے ہوئے

عروس البلاد ممبئی میں شہریوں نے  منگل کی شب جوش و خروش کے ساتھ نئے سال کو خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے  ڈھول  تاشےبجائے اور آتش بازی بھی کی۔ اس دوران پولیس نے جشن کو پرامن بنانے کیلئے سخت بندوبست رکھا تھا جو کامیاب رہا کیونکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ یا سڑک حادثہ نہیں ہوا۔
 شہری  اور ٹریفک پولیس کے سخت حفاظت اقدامات کے سبب شہرو مضافات میں کسی بھی قسم کا شر پسندانہ یا مجرمانہ واقعہ پیش نہیں آیا ۔سخت ناکہ بندی کے دوران۱۷؍ ہزار سے زائد دو اور چار پہیہ گاڑی   والوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر نہ صرف کارروائی کی گئی بلکہ ای چالان کے ذریعہ جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔  پولیس نے شراب پی کر گاڑی چلانے کی پاداش میں بھی ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی اور ان سے جرمانہ وصول کیا ہے -
 منگل اور بدھ کی شب ممبئی پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شہر کے تفریحی مقامات گیٹ وے آف انڈیا، مرین ڈرائیو، دادر چوپاٹی، باندرہ بینڈ اسٹینڈ، باندرہ ریکلیمیشن، جوہو چوپاٹی اور دیگر مقامات پر شہریوں ہجوم رہا ۔ دیگر مقامات پربھی شہریوں نے بڑے  جوش و خروش کے ساتھ موسیقی کی دھن پر تھرکتے، آتش بازی کرتے، ڈھول تاشے بجاتے  ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارک باد دی ۔
 منگل کی رات گزشتہ سال کو الوداع کہنے اور نئے سال کوخوش آمدید کہنے کیلئے کیلئے لوگ بڑی تعداد میں باہر نکلے۔ اس دوران  فضائی آلودگی کے خطرے کی پیش نظر پٹاخے پھوڑنے اور آتش بازی کرنے پر پولیس نے پابندی عائد کی تھی اس کے باوجود  شہریوں نے خوب آتش بازی کی ۔  نئے سال کا جشن نہ صرف تفریحی مقامات، ہاؤسنگ سوسائٹیوں، محلوں اور چرچ میں منایا گیا بلکہ ہوٹل، پب ریسٹورنٹ ، سمندر میں کشتیوں   پر بھی منایا گیا۔اس کے پیش نظر شہری اور ٹریفک پولیس نے بھی سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے ۔ تاہم بیداری مہم کے باوجود شراب پی کر گاڑی  چلانے کے معاملات سامنے آئے۔
پولیس نے ایسے۱۵۳؍ افراد کے خلاف کارروائی کی  ۔ ۱۰۷؍ مقامات پر ناکہ بندی کے دوران۶۴؍ ہزار ۱۴۳؍  گاڑیوں کی تلاشی لی گئی  اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے کل۱۷؍ ہزار ۸۰۰؍ افراد کو ای چالان جاری کیا  گیا۔
یہی نہیں ٹریفک پولیس نے شراب پی کر، بنا ہیلمٹ کے گاڑی چلانے، نوپارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے۸۹؍ لاکھ۱۹؍ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK