پولیس اہلکار کی حالت نازک ایک گھنٹے میں ۴؍ ملزمین گرفتار
EPAPER
Updated: October 25, 2020, 9:34 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Ambernath
پولیس اہلکار کی حالت نازک ایک گھنٹے میں ۴؍ ملزمین گرفتار
جرم کر کے فرار ہو نے کی کوشش کر نے والے ۴؍ بد معاشوں کا پیچھا کر رہے ایک پولیس اہلکار پر بیچ چوراہے پر تلوار سے حملہ کر نے کا سنسنی خیز معاملہ پیش آیا ہے۔ جائے واردات سے پولیس اسٹیشن چند قدم کے فاصلہ پر تھا۔ پولیس نے چاروں حملہ آوروں کو ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا ہے وہیں زخمی پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
الہاس نگر سینٹرل پولیس اسٹیشن میں تعینات بالو چوہان جمعہ کی شب اپنی ڈیوٹی ختم کر کے بدلاپور جارہے تھے ۔ امبر ناتھ پولیس اسٹیشن سے کچھ فاصلہ پر واقع مٹکا چوک پر بالو چوہان کی بائیک ٹریفک میں پھنس گئی۔ اس دوران انہوں نے دیکھا کہ ایک کار میں ۴؍ افراد بیٹھے ہیں اور ان کے کپڑے خون سے لت پت ہیں۔ مشتبہ حالت میں دیکھ کر انہوںنے کار کو روکنے کی کوشش کی تو گاڑی میں بیٹھے نوجوانوں نے نیچے اتر کر بالو چوہان پر تلوار، چاقو اور دھار دار ہتھیار سے حملہ کر دیا اور وہاں سے گزررہے ایک آٹو رکشا کے ڈرائیور کو چاقو سے دھمکا کر رکشا لے کر کر فرار ہو گئے۔
اس ضمن میں ڈی سی پی وویک پانسرے نے بتایا کہ ملزمین نے پولیس اہلکار پر حملہ کر نے سے قبل وٹھل واڑی پولیس اسٹیشن کی حد میں ایک گاڑی کی توڑ پھوڑ کی تھی نیز الہاس نگر میں ایک سیاسی لیڈر کے دفتر پر بھی حملہ کیا تھا اور الہاس نگر کے شیواجی چوک سے ایک کار کا شیشہ توڑ کر ڈرائیور کو اغوا بھی کیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں ڈی سی پی نے کہا کہ جب پولیس اہلکار بالو چوہان نے مٹکا چوک پر ملزمین کو روکنے کی کوشش کی تو ان پر تلوار اور دوسرے دھار دار ہتھیار سے حملہ کردیا اور گاڑی کو چھوڑ کر رکشا میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ اس واردات کی اطلاع ملتے ہی الہاس نگر، وٹھل واڑی اور امبر ناتھ پولیس نے ناکہ بندی کر کے محض ایک گھنٹے میں دل خوش مہندر پر تاپ سنگھ، انکش مہندر پرتاپ سنگھ، یو راج نو ناتھ اور عابد شیخ نامی ملزمین کو وٹھل واڑی پولیس کی حد سے گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب زخمی بالو چوہان کا ایک اسپتال میں علاج جاری ہے ڈاکٹروں کے مطابق ا ن کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔