Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

یوپی میں اب سید سالارمسعودغازی پرسیاست

Updated: March 21, 2025, 10:20 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow

یوگی نےکہا کہ کسی غیر ملکی حملہ آور کی تعریف ملک سے غداری ہے، ا روند راج بھر نے مسعودغازی کے آستانہ پر میلے کے انعقاد کی مخالفت کی

Yogi Adityanath
یوگی آدتیہ ناتھ

ملک میں اورنگ زیب پر بحث کے درمیان بہرائچ کے سیدسالارمسعودغازی پر بھی سیاسی رہنماؤں کی جانب سے حملےشروع ہوگئے ہیں۔سنبھل میں نیزہ میلہ کی اجازت نہ دئے جانے کے بعد اب بہرائچ میںسید سالار مسعود غازی کے آستانہ پرلگنے والے میلے کو لیکر بھی سیاسی ہلچل تیزہوگئی ہے۔تازہ معاملہ میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ نے جمعرات بہرائچ پہنچ کراشاروں اشاروں میں مسعودغازی پرحملے کئے اور ان کا تعلق غیرملکی حملہ آوری سےثابت کرنے کی کوشش کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر ملکی حملہ آوروں کی تعریف کرنا غداری ہے اور آج کا ہندوستان ایسے غداروں کو قبول نہیں کرتا۔
  وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ان لوگوں کوسخت تنقیدکا نشانہ بنایا جو غیر ملکی حملہ آوروں کی تعریف کرتے ہیں اور ہندوستانی عظیم آدمیوں کی توہین کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیا ہندوستان ان لوگوں کو قبول نہیں کرسکتا جنہوں نے سناتن ثقافت، بیٹیوں کی عزت اور ہمارے عقیدے پر حملہ کیا ہے۔پوری دنیا ہندوستان کی لازوال ثقافت اور روایت کی ستائش کر رہی ہے، یہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ عظیم شخصیات کا احترام کرے اور کسی بھی حالت میں کسی جارح کی تعریف نہیں کرنی چاہئے۔ 
 وزیراعلیٰ نے کہا کہ جارحیت کی تعریف کرنے کا مطلب غداری کی بنیادکو مضبوط کرنا ہے اور آزاد ہندوستان ایسے کسی غدار کو قبول نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نیا ہندوستان ان لوگوں کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے جو ہندوستان کی عظیم شخصیات کی توہین کرتے ہیں اور ہندوستان کی لازوال ثقافت کو پامال کرنے والے حملہ آوروں کی مدح سرائی کرتے ہیں، جنہوں نے ہماری بیٹیوں کی عزت پر حملہ کیا اور ہمارے دھرم پر حملہ کیا۔
واضح رہے کہ سید سالار مسعود غازی (۱۰۳۳-۱۰۱۵ء) کی پیدائش   اجمیر میں ہی ہوئی ہے  اور  انہیں غیر ملکی حملہ آورقراردینا درست نہیں سمجھا جا رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ تحصیل میہی پوروا (موتی پور) کی مرکزی عمارت کے ساتھ ساتھ رہائشی عمارتوں کا افتتاح کرنے بہرائچ پہنچے تھے۔وہاں تحصیل کی مرکزی اور رہائشی عمارت ۲۱۳۸؍ مربع میٹر میں ۸۴۵ء۱۹؍ لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے۔
 اروند راج بھر  نے راجہ سہیل دیو کی ستائش کی
  سید سالار مسعود غازی کی مناسبت سے لگنے والے میلےکی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی نے بھی مخالفت کی ہے لیکن اس نے راجہ سہیل دیو()  کے نام پر میلے کے انعقاد کا اعلان بھی کیا ہے ۔ پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری اروند راج بھر نے اس موضوع پر جاری بحث کے دوران سید سالار مسعود غازی کو بالواسطہ غیر ملکی حملہ آور قرار دیتے ہوئے راجہ سہیل دیو کی بھرپور ستائش کی ان کے یوم پیدائش ۱۰؍ جون کو ایک عظیم میلہ کے انعقاد کا اعلان کیا۔
  مئو ضلع میںاروند راج بھرنے کہا کہ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (سبھا سپا) ان لوگوں کی مکمل حمایت کرتی ہے جو سنبھل میں حملہ آوروں کے نام پر میلے کے خلاف کھڑے ہیں ۔ اروند راج بھر نے مہاراجہ سہیل دیو کو قومی ہیرو بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہرائچ کے میدان میں بیرونی حملہ آوروں کو شکست دے کر ہندوستان کی ثقافت اور عزت کی حفاظت کی۔ ایسے بہادر ہیروز کے نام پر میلے منعقد کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر میلہ منعقد کرنا ہے تو مہاراجہ سہیل دیو راج بھر، پرتھوی راج چوہان، گہراج نشاد، دامودر چاپیکر اور اشفاق اللہ خان جیسے محب وطنوں کے نام پر ہونا چاہئے نہ کہ ہندوستان کو لوٹنے اور تباہ کرنے والے حملہ آوروں کے نام پر۔سبھا سپانے اس معاملے پر مرکزی اور ریاستی حکومت کاساتھ دینے کا اعلان کیا۔ راج بھر نے کہا کہ حکومت کو غیر ملکی حملہ آوروں کے نام پر منعقد ہونے والی تقریبات پر پابندی لگانی چاہئے۔راج بھر نے کہا کہ عوام کو یہ بھی مطالبہ کرنا چاہئے کہ ایسے غاصبوں کے نام پر کسی قسم کی تقریب کا انعقاد نہ کیا جائے۔اروند راج بھر نے مہاراجا سہیل دیو کو چکرورتی سمراٹ اور راشٹرویر بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہرائچ کے میدان میں غیر ملکی حملہ آوروں کو ہرا کر ہندوستان کی ثقافت اور احترام کا تحفظ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK