• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملکی پور میں پولنگ آج، سماجوادی کو دھاندلی کا اندیشہ

Updated: February 05, 2025, 12:54 PM IST | Abdullah Arshad / Agency | Lucknow

پولیس پرپارٹی کارکنوں کوہراساں کرنے کا الزام، بی جے پی اور حکومت کے اشارے پر سماجوادی پارٹی کے ایجنٹوں اورکارکنوں کے گھروں کی تلاشی کا دعویٰ۔

Rajinder Chaudhary and others addressing a joint press conference in Lucknow. Photo: INN
لکھنؤ میں مشترکہ پریس کانفرنس میں راجندر چوھردی اور دیگر خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این

ایودھیا کی ملکی پور اسمبلی ضمنی الیکشن میں آج (بدھ کو) پولنگ ہوگی جس کے لئے الیکشن کمیشن نےتمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ حلقہ کے سبھی ۴۱۴ ؍ بوتھوں پر پولنگ پارٹیاں پہنچ چکی ہیں۔ یہاں سماجوادی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے۔ دونوں ہی پارٹیوں کے لئے یہاں وقار کی جنگ ہے۔ اس درمیان سماجوادی پارٹی کے قوی ترجمان راجندر چودھری، ریاستی صدر شیام لال پال اور ایودھیا کے ممبر پارلیمنٹ اودھیش پرساد نے لکھنؤ میں   مشترکہ پریس کانفرنس میں  مقامی پولیس اور انتظامیہ پر حکومت کے اشارے پر پارٹی کارکنوں اور پولنگ ایجنٹوں کو دھمکانے کا الزام عائد کیا۔ 
  انہوں نے کانفرنس میں موجود صحافیوں سے اپیل کی کہ بدھ کو ملکی پورپولنگ کو میڈیا کو کورکرنا چاہئے تاکہ عوام کو معلوم ہو سکےکہ بی جے پی پولیس اورانتظامیہ کے زورپرجمہوری نظام کوکیسے متاثر کرتی ہے؟
 سماجوادی پارٹی کے ریاستی دفتر میں منگل کو پارٹی کے قومی ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ ایودھیا کے ملکی پور ضمنی الیکشن میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران بی جےپی اورحکومت کے اشارے پر سماجوادی پارٹی کے ایجنٹوں اورکارکنوں کے گھروں کی تلاشی لے رہےہیں جس کی وجہ سے ووٹر خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس اور انتظامیہ کے اس رویہ کی وجہ سے ہی قومی صدراکھلیش نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ ملکی پور کے ضمنی الیکشن کو دیکھنے پہنچیں تاکہ عوام کو معلوم ہو سکےکہ بی جے پی اور حکومت کے اشارے پر پولیس اورانتظامیہ کس طرح سے جمہوری نظام اور الیکشن کو متاتر کرنے میں لگی ہوئی ہے؟ 
 راجندر چودھری نے کہا کہ چند روز قبل ملکی پور میں قومی صدر اکھلیش یادو نے ریلی سےخطاب کیا تھا جس کی انتظامیہ نے پہلے اجازت نہیں دی، کافی مشقت کے بعد ریلی کی ایسی جگہ اجازت دی جہاں پر لوگوں کو پہنچنا مشکل تھا۔ اس کے علاوہ پروگرام میں شامل ہونے والوں کو راستہ میں  بھی پریشان کیا گیا تھا۔ 
 ان کا کہناتھا کہ ایسا لگتا ہےکہ جمہوریت کے قتل کو بی جے پی اپنا دھرم سمجھتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ اکھلیش یادو سے سے قبل ڈمپل یادو کے روڈ شو میں بھی پولیس اور انتظامیہ نے رکاوٹ پیدا کرنے کے علاوہ روڈ شو میں شامل افراد کیخلا ف معاملہ بھی درج کیا تھا۔ 
 انہوں نے کہاکہ بدھ کوہونے والی ووٹنگ کے لئےپولیس اور انتظامیہ نے ابھی سے رکاوٹ ڈالنی شروع کردی ہے۔ جمہوری نظام میں انتظامیہ کی منصفانہ الیکشن کرانے کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن بی جے پی کے دور اقتدار میں پولیس اور انتظامیہ کابیجا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منصفانہ اور جمہوری طریقہ سے الیکشن کرانا کمیشن کی ذمہ داری ہے، پچھلے ضمنی الیکشن میں پولیس اور انتظامیہ نے اتر پردیش میں جوننگا ناچ کیا تھا، اس کو پورے ملک نے دیکھا ہے۔ 
 قبل ازیں پیر کو ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی اس الیکشن میں بھی کوئی نہ کوئی گڑبڑ کر سکتی ہے، انہوں نے ایس پی کارکنوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی۔ 
 انہوں نے الزام لگایا کہ ایسی ہدایات دی گئی ہیں کہ جہاں سماج وادی پارٹی کے ووٹر موجود ہیں، وہاں پرچیاں نہ پہنچائی جائیں۔ اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایس پی ووٹروں کو ووٹ دینے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے پہلے ایس پی صدر نے ڈی ایم کوانتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں کسی بھی گاؤں میں ۱۰۰؍سے زیادہ ایسے ووٹر ملتے ہیں جنہیں پرچی نہیں ملی ہےتو وہ خود ان کے ساتھ ڈی ایم آفس پہنچ جائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK